نیتی آیوگ
نیتی آیوگ نے ہندوستان کے سیاحتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کتاب ’’دیویہ بھارت: اے ونڈو ٹو دی سول آف انڈیا‘‘ جاری کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 APR 2026 8:17PM by PIB Delhi
نیتی آیوگ نے آج ’’دیویہ بھارت: اے ونڈو ٹو دی سول آف انڈیا‘‘ کے عنوان سے ایک جامع کتاب (انتھولوجی) جاری کی، جس کا مقصد شہریوں اور عالمی سیاحوں کو ایک منظم اور دلکش انداز میں ہندوستان کے متنوع سیاحتی مقامات کو دریافت کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
یہ کتاب نیتی آیوگ کے نائب چیئرمین جناب سومن بیری نے جاری کی، اس موقع پر نیتی آیوگ کی سی ای او محترمہ ندھی چھبر، وزارتِ سیاحت کے سکریٹری شری بھونیش کمار، نیتی آیوگ کے پروگرام ڈائریکٹر شری یوگل جوشی سمیت وزارتِ سیاحت، وزارتِ ثقافت اور نیتی آیوگ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر نیتی آیوگ کے نائب چیئرمین جناب سومن بیری نے کہا، ’’سیاحت وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ترقی کا ایک اہم محرک ہے۔ ہر ریاست کو چاہیے کہ وہ عالمی معیار کا سیاحتی مقام تیار کرے اور خاص طور پر ملکی اور مذہبی سیاحت میں طویل قیام کو فروغ دے۔ میرے خیال میں مرکز اور ریاست کے درمیان بہتر تال میل، ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی میں اس کوشش کو بھی سراہتا ہوں جس کے ذریعے ایک متحد پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ہندوستان کی سیاحت کو ملکی سطح پر فروغ اور عالمی سطح پر کشش حاصل ہو۔‘‘
’’دیویہ بھارت ‘‘کو مسافروں کے لیے سال بھر کے رہنما کے طور پر تصور کیا گیا ہے، جس میں سیاحتی مقامات کو موسموں اور مہینوں کے مطابق پیش کیا گیا ہے۔ اس میں ملک بھر کے مشہور مقامات، تاریخی ورثہ، ثقافتی روایات، تہوار، کھانے اور کم معروف سیاحتی مقامات کو شامل کیا گیا ہے، جس سے سیاحوں کو ایک جامع اور دلچسپ تجربہ حاصل ہوتا ہے۔
یہ کتاب ہندوستان کی قدیم سیاحتی اور ثقافتی روایت سے متاثر ہو کر تیار کی گئی ہے اور ملک میں سیاحت کے بدلتے رجحانات کو اجاگر کرتی ہے۔ اس میں ایسے تجرباتی سفر پر زور دیا گیا ہے جو صرف سیر و تفریح تک محدود نہ ہو بلکہ مقامی ثقافت، روایات اور طرزِ زندگی سے گہرا تعلق قائم کرے۔
یہ انتھولوجی صرف ایک رہنما کتاب نہیں بلکہ متوازن سیاحت کو فروغ دینے کا ایک اقدام بھی ہے، جو لوگوں کو مختلف موسموں اور علاقوں میں سفر کی ترغیب دیتی ہے۔ اس میں کم معروف مقامات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جس سے مقامی معیشت کو تقویت، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔
تقریب میں صنعت اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جن میں ایئر بی این بی، اتھیتی فاؤنڈیشن، انڈین اسکول آف پبلک پالیسی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹورزم اینڈ ٹریول مینجمنٹ اور انٹرنیٹ اینڈ موبائل ایسوسی ایشن آف انڈیا شامل ہیں۔ اس سے حکومت، صنعت اور علمی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
یہ اقدام سیاحت کو ترقی، ثقافتی تبادلے اور قومی شناخت کے اہم ستون کے طور پر فروغ دینے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ ’’دیویہ بھارت‘‘ کے ذریعے ملک کے سیاحتی منظرنامے کو ایک منظم اور آسان انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو مسافروں، پالیسی سازوں اور دیگر متعلقہ فریقین کے لیے ایک مفید ذریعہ ثابت ہوگا۔
وسیع تحقیق اور ترتیب کے ذریعے تیار کی گئی اس کتاب کا مقصد لوگوں کو ہندوستان کے مختلف حصوں کا سفر کرنے اور ملک کے تنوع کو بہتر انداز میں دریافت کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
’’دیویہ بھارت: اے ونڈو ٹو دی سول آف انڈیا ‘‘نیتی آیوگ کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ سیاحت کو جامع ترقی، ثقافتی فخر اور پائیدار ترقی کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر فروغ دیا جائے۔
اس مکمل اشاعت کو نیتی آیوگ کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
https://niti.gov.in/sites/default/files/2026-04/Divya-Bharat-A-WIndow-to-the-Soul-of-India-Web.pdf
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 5997)
(ریلیز آئی ڈی: 2253160)
وزیٹر کاؤنٹر : 8