بجلی کی وزارت
شانتی ایکٹ2025 سے متعلق ورکشاپ: عوامی و نجی شراکت داری کے ذریعے بھارت کے 100 گیگا واٹ نیوکلیائی توانائی کے روڈ میپ کو ممکن بنانا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 APR 2026 5:07PM by PIB Delhi
مرکزی بجلی اتھارٹی (سی ای اے) ، وزارت توانائی، محکمہ برائے ایٹمی توانائی (ڈی اے ای) اور این ٹی پی سی لمیٹڈ کے اشتراک سے آج اسکوپ کنونشن سینٹر میں ایک اعلیٰ سطحی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ اس ورکشاپ میں شانتی ایکٹ2025 کے عملی نفاذ پر توجہ مرکوز کی گئی، جو ایک اہم ایکٹ ہے جس کا مقصد بھارت کی ایٹمی توانائی کی صلاحیت کو 100 گیگا واٹ تک بڑھانا ہے تاکہ طویل مدتی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور نیٹ زیرو اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

پروگرام کا آغاز حسب روایت شمع روشن کرکے کیا گیا، جس کے بعد سینئر رہنماؤں نے خطاب کیا اور نئے قانونی فریم ورک کی اسٹریٹجک اہمیت کو واضح کیا۔
محترمہ سیما جین، ممبر (فنانس)، محکمہ برائے ایٹمی توانائی نے مالی تیاری کی ضرورت، مضبوط رسک شیئرنگ میکانزم کی ترقی اور بڑے پیمانے پر نیوکلیائی توانائی کی تعیناتی کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچوں کے ارتقا پر زور دیا۔ انہوں نے نیوکلیئر سیکٹر کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے عالمی ٹیکنالوجی شراکت داری کو فروغ دینے اور جدید و اختراعی مالیاتی نظام تیار کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
جناب گھنشیام پرساد، چیئرمین، سی ای اے نے اس بات پر زور دیا کہ نیوکلیائی توانائی بھارت کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے اور آب و ہوا سے متعلق بین الاقوامی عزائم کی تکمیل کے لیے 24/7 قابل اعتماد اور صاف توانائی فراہم کرنے میں بنیادی رول ادا کرتی ہے۔ انہوں نے نیوکلیائی ایندھن کی محفوظ اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ذرائع کی تنوع اور طویل مدتی خریداری معاہدوں کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
جناب گرپریت سنگھ، چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر، این ٹی پی سی نے توانائی کے مجموعی مرکب میں نیوکلیائی توانائی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ زمین کی نشاندہی اور سائٹ اسٹڈیز جیسے ابتدائی تیاری کے اقدامات کو تیز کیا جائے تاکہ نئے نیوکلیائی توانائی کے پلانٹس کی بروقت تعمیر ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی اور سپلائی چین میں شراکت داری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ شانتی ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ نے اس شعبے کو نجی شراکت داری کے لیے موقع فراہم کیا ہے، جس کے نتیجے میں صنعتیں نیوکلیائی توانائی کو ایک قابل عمل صاف توانائی کے ذریعہ کے طور پر دیکھ سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قواعد و ضوابط کی بروقت تیاری سے پیش رفت میں تیزی آئے گی اور طویل مدتی ایندھن کی دستیابی، حفاظتی معیار کو برقرار رکھنے اور وسیع تر توانائی تحفظ کے اہداف کے حصول کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
جناب پروین گپتا، ممبر (ای اینڈ سی) ، سی ای اے نے سیشن کا آغاز کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان کثیر فریقی تعاون بھارت کے پرجوش نیوکلیائی توانائی اہداف کے حصول کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ورکشاپ میں سات اہم شعبوں میں وسیع تکنیکی اور پالیسی سطح پر غور و خوض کیا گیا:
- شانتی ایکٹ 2025 اور ایندھن کی سلامتی کی وضاحت: نجی شعبے کی شمولیت سے متعلق دفعات، گریڈڈ لائیبلٹی فریم ورک اور نئے ایکٹ کو الیکٹرسٹی ایکٹ 2003 کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے تفصیلی مباحثہ کیا گیا۔ ان مباحثوں میں ایندھن کی سلامتی کی اہمیت پر زور دیا گیا، جس میں ملکی صلاحیت میں توسیع اور اسٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنا شامل ہے۔
- سائٹ کے انتخاب اور منصوبوں کو درپیش خطرات کو دور کرنا: ماہرین نے مضبوط سائٹ سلیکشن، زمین کے حصول اور منصوبوں کو درپیش خطرات کو دور کرنے کے میکانزم کی ضرورت پر زور دیا۔ ریٹائر ہونے والے تھرمل پاور پلانٹس کو دوبارہ استعمال کرنے اور تیز رفتار صلاحیت میں اضافے کے لیے ریاستوں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کو اہم عوامل قرار دیا گیا۔
- ٹیکنالوجی تک رسائی اور نفاذ: ٹیکنالوجی تک رسائی اور اس کے نفاذ کو مرکزی موضوعات کے طور پر اجاگر کیا گیا، جن میں ڈیزائن سپورٹ اداروں کی ضرورت، منظوری کے عمل کو آسان بنانا اور عالمی تعاون شامل ہے۔
- مقامی سازی اور ہنر مندی کی ترقی: سپلائی چین کو مضبوط بنانا، مقامی پیداوار میں اضافہ اور ہنر مندی کی ترقی کو نیوکلیائی پروگرام کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا۔
- لاگت، ٹیرف اور مالیاتی نظام: ورکشاپ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نیوکلیائی توانائی کو لاگت کے لحاظ سے مسابقتی بنانا ضروری ہے، جس کے لیے ٹیرف کے ڈھانچے، معیار بندی، ملکی پیداوار اور جدید مالیاتی ماڈلز پر توجہ دی گئی۔
- ایس ایم آر اور ایم ایم آر کی ترقی: چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز (ایس ایم آرز) اور مائیکرو ماڈیولر ری ایکٹرز (ایم ایم آرز) کے رول کو مستقبل کے حل کے طور پر اجاگر کیا گیا تاکہ بڑے ری ایکٹرز سے جڑے چیلنجز کو کم کیا جا سکے اور زیادہ لچکدار، محفوظ اور تیز تر تعیناتی ممکن ہو سکے۔
- رسک مینجمنٹ اور ایندھن کی یقینی فراہمی: رسک مینجمنٹ کے فریم ورک، بشمول انشورنس اور لائیبلٹی میکانزم، کو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔
اس ورکشاپ میں 150 سے زائد مندوبین نے شرکت کی، جن میں 19 ریاستوں کے نمائندے، مرکزی وزارتیں، محکمے، انضباطی ادارے، سرکاری و نجی ترقی کار، پی ایس یو /پرائیویٹ وینڈرز، انجینئرنگ کنسلٹنسی کمپنیاں، تعلیمی ادارے اور صنعتی تنظیمیں شامل تھیں۔
*****
( ش ح ۔ ش ب۔م الف)
U. No. 5977
(ریلیز آئی ڈی: 2253075)
وزیٹر کاؤنٹر : 12