عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’سادھنا سپتاہ 2026‘ کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں اور ریاستوں کو اعزاز سے نوازا
ایک ہفتے میں 3.18 کروڑ کورس کی تکمیل، حکومت میں مسلسل سیکھنے کی جانب ’طرز عمل میں تبدیلی‘ کی عکاس ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
حکومت سائنسدانوں اور ماہرین تعلیم تک صلاحیت سازی کے عمل کو وسیع کر رہی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 APR 2026 4:30PM by PIB Delhi
سائنسی و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم کے دفتر، محکمۂ جوہری توانائی، محکمۂ خلاء، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’’سادھنا سپتاہ 2026‘‘ کی تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں، محکموں اور ریاستوں کو اعزاز سے نوازا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ایوارڈز کے نظام کو انفرادی پروفائلنگ سے ہٹا کر فلیگ شپ پروگراموں اور ضلع سطح پر پیچیدہ چیلنجوں کے حل سے منسلک کارکردگی پر مرکوز کیا گیا ہے، جو حکمرانی میں نتائج پر مبنی تشخیص کی جانب ایک تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
شرکت کے پیمانے کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ ہفتہ بھر جاری رہنے والی اس پہل میں 3.18 کروڑ سے زائد کورسز کی تکمیل ریکارڈ کی گئی، جس میں تقریباً 47 لاکھ سرکاری ملازمین نے حصہ لیا۔ ان میں سے 33 لاکھ سے زائد ملازمین نے مقررہ چار گھنٹے کی تعلیم مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمی پچھلے ’نیشنل لرننگ ویک‘ کے مقابلے میں تقریباً آٹھ گنا زیادہ تھی، جو حکومت میں مسلسل سیکھنے کی جانب پیمانے اور رویے میں تبدیلی دونوں کی عکاس ہے۔
’’سادھنا سپتاہ‘‘ کو ایک ’’عوامی تحریک‘‘ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس پہل نے ایک ایسے کلچر کوفروغ دیا ہے جہاں تمام کیڈر کے افسران مجبوری کے بجائے پیشہ ورانہ وابستگی کے تحت سیکھنے میں مصروف ہیں، جو سول سروسز میں پیشہ ورانہ فخر اور خود کو بہتر بنانے کی جانب ایک وسیع تبدیلی میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پہل نمایاں طور پر سب کو شامل کرنے والی رہی ہے، جس میں گروپ سی اور ڈی کے ملازمین اور فرنٹ لائن فنکشنریز کے ساتھ ساتھ سینئر افسران کی بھی بھرپور شرکت رہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس تصور کو تقویت دیتا ہے کہ صلاحیت سازی کا عمل تمام درجہ بندیوں سے بالاتر ہونا چاہیے اور براہ راست خدمات کی فراہمی اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا چاہیے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور شرکت کو فروغ دینے، خاص طور پر نچلی سطح پر جہاں بہتر مہارتوں کا اثر شہریوں کو دی جانے والی خدمات میں فوری طور پر نظر آتا ہے، ان کی قیادت اور فعال شمولیت کا ذکر کیا۔
ادارتی میکانزم کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے صلاحیت سازی سے متعلق کمیشن کے تعاون کو ایک نسبتاً نئی پہل کے طور پر اجاگر کیا جس نے وسیع تر رسائی اور باہمی تعاون کو ممکن بنایا ہے، بشمول نجی شعبے کے ساتھ مشغولیت، جس سے پورے نظام میں صلاحیت سازی کی کوششوں کو وسعت دینے میں مدد ملی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت تربیت کے دائرۂ کار کو نئے شعبوں تک بھی وسیع کر رہی ہے، جس میں سائنس ایڈمنسٹریٹرز اور ماہرینِ تعلیم شامل ہیں، اور پارلیمانی ارکان اور وزراء کے لیے بھی اسی طرح کی اورینٹیشن کوششوں پر غور کیا جا رہا ہے، جو کہ حکمرانی کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے لیے اداروں کو تیار کرنے کے ایک وسیع تر نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔
ٹیکنالوجی پر بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل ٹولز کو مستقبل کے لیے تیار حکمرانی کے اہم معاون قرار دیا، اور کہا کہ سرکاری ملازمین تبدیلی کے ساتھ قدم ملانے کے لیے ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو تیزی سے اپنا رہے ہیں۔ ساتھ ہی، انہوں نے خبردار کیا کہ ٹیکنالوجی کو انسانی فیصلے کا تکمیلی ہونا چاہیے اور اس بات پر زور دیا کہ عوامی خدمت میں اخلاقی پاسداری مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیر موصوف نے حکومت کے سیکھنے کے پلیٹ فارم کے ایک ’’ابتدائی‘‘ آغاز سے ایک وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے انٹرفیس میں ارتقاء کی طرف بھی اشارہ کیا، جو محکموں کے درمیان بڑے پیمانے پر شرکت اور مسلسل مشغولیت کی حمایت کرتا ہے۔
ایوارڈ یافتگان، بشمول وزارتوں، ریاستوں، تربیتی اداروں اور ایکو سسٹم پارٹنرز کو مبارکباد دیتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کی پذیرائی مشن کرم یوگی کے وسیع تر فریم ورک کے لیے معیارات طے کرتی ہے اور حکمرانی کے ایک اٹوٹ حصے کے طور پر مسلسل سیکھنے کے جذبے کو آگے بڑھانے کی ضرورت کو تقویت دیتی ہے۔
یہ پیش رفت مرکز کی جانب سے صلاحیت سازی کو ایک مسلسل عمل کے طور پر ادارہ جاتی بنانے کی جاری کوششوں کو اجاگر کرتی ہے، جس میں سیکھنے کے نتائج کو حکمرانی کی کارکردگی سے جوڑا گیا ہے تاکہ سول سروسز کو ابھرتے ہوئے تکنیکی اور انتظامی چیلنجوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔

تصویر: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ جمعہ کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں ’’سادھنا سپتاہ 2026‘‘ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔



*****
ش ح۔ ک ح۔ ج
U.NO-5967
(ریلیز آئی ڈی: 2253030)
وزیٹر کاؤنٹر : 13