راجیہ سبھا سکریٹیریٹ
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے طور پر جناب ہری ونش کے17؍اپریل 2026 کو انتخاب کے موقع پر عزت مآب چیئرمین کے تہنیتی کلمات کا متن
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 APR 2026 4:20PM by PIB Delhi
چیئرمین: میں راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے طور پرجناب ہری ونش جی کومنتخب کیے جانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج ان کا بلا مقابلہ انتخاب محض ایک رسمی کارروائی کا نتیجہ نہیں ہے ،بلکہ یہ اس گہرے اعتماد، بھروسے اور احترام کی واضح توثیق ہے جو انہیں تمام جماعتوں اور اس ایوان کے ہر طبقے میں حاصل ہے۔
جناب ہری ونش جی کا اس اعلیٰ آئینی عہدے پر تیسری بار انتخاب بذات خود ایک نایاب اعزاز ہے۔ یہ نہ صرف تسلسل کی عکاسی کرتا ہے ،بلکہ فرائض کی ادائیگی میں مستقل مزاجی کو بھی ظاہر کرتا ہے، جو انصاف، تحمل اور پارلیمانی جمہوریت کی اعلیٰ روایات سے غیر متزلزل وابستگی سے عبارت ہے۔ ان کی جانب سے ایوان کی صدارت گزشتہ برسوں میں سنجیدگی، توازن اور ایک خاموش ،مگر باوقار اختیار کی حامل رہی ہے، جو بغیر کسی مطالبے کے خود بخود احترام حاصل کر لیتی ہے۔
میں اس ایوان کی اجتماعی دانش کو خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا، جس نے انہیں بلا مقابلہ منتخب کیا۔ ہماری جیسی متحرک جمہوریت میں مقابلہ فطری بھی ہے اور درحقیقت ضروری بھی۔ رائے کا اختلاف ہماری بحثوں کو مزید مؤثر بناتا ہے،لیکن ایسے مواقع، جب پورا ایوان ایک آواز میں بولتا ہے، اس بات کو اجاگر کرتے ہیں کہ تمام اراکین پارلیمنٹ کا وقار، شائستگی اور ادارہ جاتی مضبوطی کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔
معزز اراکین اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جناب ہری ونش جی اس باوقار عہدے پر عوامی زندگی کا بھرپور اور متنوع تجربہ ساتھ لے کر آئے ہیں۔ ان کا ہمیشہ شائستہ رویہ اور مخصوص مسکراہٹ، حتیٰ کہ شدید مباحثوں اور کبھی کبھار گرما گرمی کے ماحول میں بھی، اس ایوان کی کارروائی میں ایک اطمینان بخش استحکام پیدا کرتی رہی ہے۔
راجیہ سبھا جیسے متحرک، متنوع اور مضبوط ایوان کی صدارت کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے؛ اس کے باوجود انہوں نے اس ذمہ داری کو غیر معمولی بردباری، صبر اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیا ہے۔
چونکہ اس ایوان میں کئی نئے منتخب اراکین موجود ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ پارلیمانی نظام کی باریکیوں، روایات اور ذمہ داریوں کو سمجھنے میں جناب ہری ونش جی کو ایک رہنما اور مشعل راہ کے طور پر پائیں گے۔
مجھے پورا یقین ہے کہ وہ اس اعلیٰ عہدے کو مزید وقار بخشیں گے اور اپنی ذمہ داریوں کو اسی جوش، لگن، غیر جانبداری اور احساس فرض کے ساتھ انجام دیتے رہیں گے، جو اس باوقار ایوان کی عظمت اور وقار کے شایان شان ہے۔
میں ان کی کامیاب مدت کار کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
اب ڈپٹی چیئرمین معزز ارکان کی جانب سے ظاہر کیے گئے جذبات اور خیالات کا جواب دے سکتے ہیں۔
******
ش ح ۔م ع ن۔ن ع
U. No.5969
(ریلیز آئی ڈی: 2253029)
وزیٹر کاؤنٹر : 10