اقلیتی امور کی وزارتت
azadi ka amrit mahotsav

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو نے تمام عازمینِ حج کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں اور حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ حج کا تجربہ سہل، محفوظ اور آرام دہ بنایا جائے گا

حج 2026: ہندوستانی عازمینِ حج کا پہلا قافلہ 18 اپریل کو روانہ ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 APR 2026 1:50PM by PIB Delhi

سال 2026 کے لیے ہندوستان سے حج کے سفرکا آغاز 18 اپریل 2026 سے ہوگا، جب عازمینِ حج کا پہلا قافلہ ملک کے مختلف روانگی مراکز سے مملکت سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگا۔ اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر 1,75,025 عازمین کے شرکت کرنے کی توقع ہے۔

 

haj 1.jpg

 

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو نے تمام عازمینِ حج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ حج کا سفر سہل ، محفوظ اور آرام دہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وزارت نے اس سال عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کئی نئے اقدامات کئے ہیں۔

حج کے لیے نوڈل وزارت کے طور پر، وزارتِ اقلیتی امور نے حج کمیٹی آف انڈیا، دیگر مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں اور سعودی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے جامع انتظامات کیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد عازمینِ حج کے لیے سفری انتظامات کو بغیر رکاوٹ کے یقینی بنانا اور زمینی سطح پر سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

 

haj 2.jpg

 

حج 2026 کے لیے شروع کئے گئے اہم نئے اقدامات میں حج سہولت ایپ کے ذریعے بہتر ڈیجیٹل سہولیات، عازمینِ حج کے لیے حج سہولت اسمارٹ رِسٹ بینڈز کی فراہمی شامل ہے تاکہ گمشدہ عازمین کی نشاندہی اور مدد فراہم کی جا سکےاور پہلی بار تقریباً 20 دنوں پر مشتمل مختصر دورانیے کے حج کا متبادل بھی شروع کیا گیا ہے، جس سے عازمین کو مزید سہولت فراہم ہو گی۔حکومتِ ہند نے ہر عازم کے لیے تقریباً 6,25,000 روپے تک کی بہتر انشورنس کوریج کو بھی یقینی بنایا ہے، جس سے دورانِ حج مالی اور صحت کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ مزید برآں، تقریباً 60,000 عازمین مکہ اور مدینہ کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس سے استفادہ کرسکیں گے، جس سے شہروں کے درمیان سفر زیادہ تیز، محفوظ اور آرام دہ ہوگا۔اس کے علاوہ بروقت نگرانی اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے، طبی جانچ اور صحت کی سہولیات کو بہتر کیا گیا ہے اور سعودی عرب میں رہائش و نقل و حمل کے انتظامات کے لیے بہتر تال میل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حج 2026 کے لیے مکہ مکرمہ میں ہوٹل طرز کی رہائش کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مزید یہ کہ ہوائی اڈوں پر روانگی کے عمل کو آسان اور بغیر کسی پریشانی کے بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

حج سے متعلق کام کاج ملک بھر میں 17 روانگی مراکز کے ذریعے انجام دیے جائیں گے، تاکہ علاقائی رسائی اور مؤثر لاجسٹکس کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان میں دہلی، ممبئی، لکھنؤ، حیدرآباد، کولکاتا، بنگلور، سری نگر اور دیگر اہم شہر شامل ہیں۔

حکومتِ ہند حج عازمین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ حج کے دوران مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ اور تال میل برقرار رکھا گیا ہے۔

عازمینِ حج کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ حکام کی جانب سے جاری کردہ تمام رہنما اصولوں اور ہدایات پر عمل کریں، جن میں صحت اور سفری مشورے بھی شامل ہیں، تاکہ وہ ایک محفوظ اور روحانی طور پر بابرکت حج ادا کر سکیں۔

جناب کرن رجیجو نے تمام  1,75,025 عازمینِ حج کو اس مقدس سفر کے لیے دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

 

*****

( ش ح ۔ ش ب۔م الف)

U. No. 5961


(ریلیز آئی ڈی: 2252977) وزیٹر کاؤنٹر : 23