قبائیلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این سی ایس ٹی کے چیئرمین کی دہلی میں چکما یووا سمواَد کے دوران قبائلی نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور


 بیزو فیسٹیول کی تقریبات میں ثقافتی فخر اور قبائلی ترقی سے متعلق پالیسی مکالمے کو اجاگر کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 APR 2026 6:13PM by PIB Delhi

قبائلی برادریوں کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے نیشنل کمیشن برائے درج فہرست قبائل (این سی ایس ٹی) کے چیئرمین جناب انتر سنگھ آریا نے قبائلی نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ وہ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ ’’چکما یووا سمواَد: قبائلی نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور بیزو فیسٹیول کا جشن‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔

 

پالیسی سمواَد کے زیر اہتمام دہلی چکما اسٹوڈنٹس یونین (ڈی سی ایس یو) کے اشتراک سے منعقدہ اس ایک روزہ پروگرام میں پالیسی سازوں، کمیونٹی رہنماؤں اور نوجوان نمائندوں نے شرکت کی، جہاں قبائلی بااختیاری، تعلیم اور ثقافتی تحفظ سے متعلق اہم امور پر غور و خوض کیا گیا۔

اپنے کلیدی خطاب میں این سی ایس ٹی کے چیئرمین جناب انتر سنگھ آریا نے ملک بھر میں درج فہرست قبائل کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کمیشن کے مینڈیٹ اور اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے قبائلی نوجوانوں کو ملک کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے اور ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک این سی ایس ٹی کی رکن محترمہ نروپما چکما نے چکما برادری کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مقامی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید ترقی کے راستوں کو اپنانا بے حد ضروری ہے۔

 

تقریب کو بین الاقوامی جہت دیتے ہوئے ہندوستان میں سری لنکا کی ہائی کمشنر محترمہ مہیشنی کولونے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور چکما برادری کی علاقائی و ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر بیزو فیسٹیول کی روایتی روح کو پیش کرنے والی رنگا رنگ ثقافتی تقریبات بھی منعقد ہوئیں، جو چکما برادری میں اتحاد، تجدید اور ثقافتی فخر کی علامت ہیں۔

پروگرام کے دوران قبائلی نوجوانوں اور اقلیتی برادریوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور روزگار کے مواقع پر مرکوز تکنیکی سیشنز اور پینل مباحثے بھی منعقد کیے گئے۔ پینل مباحثے میں پالیسی سمواَد کے ایڈیٹر جناب گورو کمار، سی اے ڈی سی کے آرٹس اینڈ کلچر شعبے کی افسر محترمہ رینو چکما اور ڈی سی ایس یو کے مشیر و بیزو رہ بیزو آرگنائزنگ کمیٹی کے شریک کنوینر جناب وینش چکما نے شرکت کی۔ مقررین نے پالیسی خلا کو پُر کرنے، مہارت کے نظام کو مضبوط بنانے اور جامع ترقی کے مواقع کو فروغ دینے پر اہم خیالات پیش کیے۔

پروگرام کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ مکالمے کو جاری رکھا جائے گا، پالیسی سطح پر رابطہ مزید مضبوط کیا جائے گا اور قبائلی برادریوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کمیونٹی کی بنیاد پر اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 5748 )


(ریلیز آئی ڈی: 2251365) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी