لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

کسی قوم کی ترقی کی طاقت اور سمت اس کے تاریخی شعور کی گہرائی سے متاثر ہوتی ہے: لوک سبھا اسپیکر

سمویدھان سدن ہندوستان کے غیر معمولی سفر کی ایک بصری جھلک پیش کرتا ہے: لوک سبھا اسپیکر

وہ قومیں جو اپنے ورثے سے جڑی رہتی ہیں، اس سے طاقت اور تحریک حاصل کرتی ہیں اور مستقبل کے لیے پُراعتماد راستہ اختیار کرتی ہیں: لوک سبھا اسپیکر

کافی ٹیبل بک"ٹائمز آف ٹائم: پارلیمنٹ کے ذریعے بھارت کی تاریخ" ، محترمہ سدھا مورتی، رکن پارلیمنٹ کی تصنیف، کو ہندوستان کے نائب صدر اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے جاری کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 APR 2026 6:46PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج ملک کے ماضی اور مستقبل کے درمیان گہرے باہمی تعلق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی طاقت اور اس کی ترقی کی سمت اس کے تاریخی شعور سے متاثر ہوتی ہے۔ ہندوستان کے تہذیبی سفر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدیوں سے بے شمار چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود ملک نے مسلسل استقامت، حوصلہ اور ترقی کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

جناب برلا نے ان خیالات کا اظہار کافی ٹیبل بک "ٹائیڈز آف ٹائم: انڈیاز ہسٹری تھرو مورلز ان پارلیمنٹ"کی رسمِ اجرا کے موقع پر کیا، جس کی مصنفہ رکن پارلیمنٹ سدھا مورتی ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ ہند اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن بھی موجود تھے۔ یہ تقریب پرنسز چیمبر، سمویدھان سدن (کانسٹی ٹیوشن ہاؤس)، نئی دہلی میں منعقد ہوئی، جس میں مرکزی وزراء، اراکینِ پارلیمنٹ، سابق اراکینِ پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

جناب برلا نے کہا کہ یہ کتاب پارلیمنٹ کی دیواروں پر نقش تاریخ، ثقافت اور تہذیبی ورثے کو عوام تک پہنچانے کا ایک مؤثر اور طاقتور ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی سمودھان سدن کی دیواروں پر موجود تصویری نقوش ہندوستان کے شاندار سفر کی ایک واضح داستان پیش کرتے ہیں، جس میں قدیم ورثہ، متنوع ثقافت اور آزادی کی تاریخی جدوجہد نمایاں ہے۔ ان کے مطابق یہ کاوش پارلیمنٹ کے فنی ورثے، جمہوری اقدار اور قومی اجتماعی شعور کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب ماضی اور حال کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہے اور آنے والی نسلوں کو خدمت، لگن اور قوم سازی کی اقدار اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔

انہوں نے محترمہ سدھا مورتی کے اسلوبِ تحریر کی سادگی اور فکری گہرائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا واضح اور حساس انداز پیچیدہ تاریخی موضوعات کو قارئین، خصوصاً نوجوانوں کے لیے آسان اور قابلِ فہم بناتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کتاب نئی نسل کو ہندوستان کی جڑوں، ثقافتی ورثے اور قومی شناخت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور ان میں فخر و وابستگی کے جذبات کو فروغ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو قومیں اپنے ورثے سے جڑی رہتی ہیں، وہی اس سے طاقت اور رہنمائی حاصل کر کے اعتماد کے ساتھ مستقبل کی طرف بڑھتی ہیں۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محترمہ سدھا مورتی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپال کمار سنگھ اور لوک سبھا سیکریٹریٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب کی تحریک انہیں ملک بھر کے نوجوانوں سے گفتگو کے دوران ملی، جہاں انہوں نے تاریخ اور ورثے کے بارے میں آگاہی کی کمی محسوس کی۔ انہوں نے زور دیا کہ تاریخ محض تاریخوں یا الگ تھلگ واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک زندہ اور مسلسل عمل ہے جو ہماری شناخت، اقدار اور عالمی نقطۂ نظر کی تشکیل کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں، جدوجہد اور کامیابیوں کو اس انداز میں پیش کیا جانا چاہیے جو نوجوانوں کے لیے دلکش، بامعنی اور قابلِ اعتماد ہو، تاکہ ان میں اعتماد، فخر اور ذمہ داری کا احساس پیدا ہو اور وہ ملک کے مستقبل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپال کمار سنگھ نے استقبالیہ خطاب پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشاعت پارلیمنٹ کے فنی اور ثقافتی ورثے کی دستاویز بندی میں ایک اہم اضافہ ہے۔

یہ کافی ٹیبل بک لوک سبھا سیکریٹریٹ کی جانب سے شائع کی گئی ہے۔

 

***

 


 

 

UR-5253

(ش ح۔اس ک  )

 

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2248045) وزیٹر کاؤنٹر : 12