صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرِ جمہوریہ ہند نے ڈاکٹر سری سری شیوکمار مہاسوامی جی کی 119ویں یومِ پیدائش کی تقریبات اور گرووندنا مہوتسو میں شرکت کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 APR 2026 1:08PM by PIB Delhi
صدرِ جمہویہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (یکم اپریل 2026)کرناٹک کے تمکورو میں واقع سری سدھ گنگا مٹھ میں ڈاکٹر سری سری شیوکمار مہاسوامی جی کی 119ویں یومِ پیدائش کی تقریبات اور گرووندنا مہوتسو میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا کہ سری شیوکمار سوامی جی جیسے سنت ہمارے معاشرے اور قوم کی اصل روح کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اگرچہ ان کا جسمانی وجود 2019 میں حقِ حقیقی سے جا ملا، لیکن ان کی روحانیت کا فیض ہمیشہ جاری رہے گا اور معاشرے و ملک کو سیراب کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی روحانی خدمات کے ذریعے انسانیت کو مالا مال کیا۔ غریبوں اور محروم طبقات کی خدمت کے لیے وقف ان کی زندگی اس بات کی ایک شاندار مثال ہے کہ روحانیت کو فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے کیسے عملی شکل دی جا سکتی ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے سری سدھ گنگا کی جانب سے سوامی جی کے عظیم کارناموں کی روایت کو جاری رکھنے پر سراہا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ مٹھ میں پرائمری سطح سے لے کر انجینئرنگ اور مینجمنٹ کی اعلیٰ تعلیم تک کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سری سدھ گنگااسپتال ، جو سری شیوکمار سوامی جی کی رہنمائی میں قائم کیا گیا، عوام کو بہترین طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ سری سدھ گنگا مٹھ موجودہ دور میں صدیوں پرانی خدمت اور روحانیت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری روایت میں علم کے عطیے کو بے حد اہمیت حاصل ہے۔ علم اور تعلیم شخصیت کی نشوونما اور کردار سازی کی بنیادی اساس ہیں۔ یہی تعلیم خود انحصاری کی راہ ہموار کرتی ہے۔ معاشرے کے پسماندہ طبقات اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے محروم طلبہ کو تعلیم فراہم کر کے یہ مٹھ ایک جامع اور ہمہ گیر معاشرے کی تشکیل میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
صدرجمہوریہ نے کہا کہ محنت، عوامی خدمت اور قومی خدمت آپس میں جڑی ہوئی ہیں اور روحانیت ان دونوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ کرناٹک، اس کی ایک نمایاں مثال ہے، جہاں عوامی خدمت، قومی خدمت، روحانیت اور جدید ترقی کے بہترین نمونے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اس کے لیے کرناٹک کے محنتی اور باصلاحیت عوام تعریف کے مستحق ہیں۔ کرناٹک کے عوام نے ہمیشہ قوم کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کرناٹک آئندہ بھی قومی ترقی کے ایک اہم مرکز کے طور پر آگے بڑھتا رہے گا۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ قوم کی تعمیر، انسان دوستی اور اپنے فرائض سے غیر متزلزل وابستگی کے راستے پر چل کر ہی ہم واقعی سری شیوکمار سوامی جی کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔
صدرجمہوریہ کا خطاب دکھنے کیلئے یہاں کلک کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ع ح۔ ن م۔
U-5214
(ریلیز آئی ڈی: 2247637)
وزیٹر کاؤنٹر : 22