وزارت آیوش
آیوروید تحقیق 13 زبانوں میں دستیاب : سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن آیورویدک سائنسز (سی سی آر اے ایس )نے انوادینی اے آئی کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے
اے آئی ترجمہ ثبوت پر مبنی سائنسی علم کولسانی رکاؤٹوں سے ماورا قابل رسائی بنائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 MAR 2026 4:48PM by PIB Delhi
ثبوت پر مبنی آیوروید سے متعلق معلومات کو لسانی رکاوٹوں سے ماورا بنا کر عام لوگوں تک پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے، وزارتِ آیوش کے تحت سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن آیورویدک سائنسز (سی سی آر اے ایس)نے انوادینی اے آئی کے ساتھ مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ انوادینی اے آئی، وزارتِ تعلیم حکومتِ ہند کے ماتحت آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن(اے آئی سی ٹی ای) کی جانب سے تیار کردہ ایک جدید پلیٹ فارم ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک بھر میں ثبوت پر مبنی آیوروید کے مستند علم تک عوام کی رسائی کو فروغ دینا ہے۔

اس مفاہمت نامے کے تحت انوادینی اے آئی، سی سی آر اے ایس کی تحقیقی رپورٹوں اور تعلیمی مواد کو ہندی سمیت 13 علاقائی زبانوں میں ترجمہ کرنے میں معاونت فراہم کرے گی، تاکہ آیوروید سے متعلق سائنسی اور مستند معلومات ملک کے ہر گوشے تک پہنچ سکیں۔
اس معاہدے پر سی سی آر اے ایس کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ویدیا رابنارائن آچاریہ اور انوادینی اے آئی کے سی ای او ڈاکٹر بدھ چندر شیکھر نے دستخط کیے، جو جدید لسانی ٹیکنالوجی اور روایتی ہندوستانی طبی علم کے مؤثر امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔
انوادینی اے آئی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تکنیکی، سائنسی اور حکمرانی سے متعلق مواد کو مختلف ہندوستانی اور بین الاقوامی زبانوں میں ترجمہ کرنے پر مرکوز ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تحقیق پر مبنی مستند معلومات ہر شہری تک، اس کے لسانی یا علاقائی پس منظر سے قطع نظر، آسانی سے پہنچ سکیں۔

سی سی آر اے ایس، جو 25 ریاستوں میں پھیلے 30 اداروں کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ آیوروید کے میدان میں سائنسی تحقیق انجام دیتا ہے، اپنی نمایاں اشاعتوں میں "سی سی آر اے ایس بلیٹن" جیسے سہ ماہی تحقیقی جریدے اور دیگر معلوماتی، تعلیمی و ابلاغی (آئی ای سی) مواد شائع کرتا ہے، جو فی الحال زیادہ تر انگریزی میں دستیاب ہیں۔ اس مفاہمت نامے کے ذریعے ان مواد کو 13 علاقائی زبانوں میں منتقل کیا جائے گا، جس سے مستند آیوروید علم کی رسائی وسیع ہوگی اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر پروفیسر رابنارائن آچاریہ نے کہا کہ یہ اشتراک سی سی آر اے ایس کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ آیوروید کی تحقیق کے ثمرات نہ صرف علمی حلقوں بلکہ عام شہریوں تک بھی ان کی اپنی زبان میں پہنچیں۔
ڈاکٹر بدھ چندر شیکھر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انوادینی اے آئی کو خاص طور پر ایسے ہی اشتراکات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں ٹیکنالوجی کے ذریعے علم کو زیادہ قابلِ رسائی، مساوی اور بااختیار بنایا جا سکے۔
مستقبل میں اس پہل کو بین الاقوامی سطح تک وسعت دی جا سکتی ہے، جس کا آغاز ان ممالک کی زبانوں سے ہوگا جہاں وزارتِ آیوش اور سی سی آر اے ایس نے آیوش چیئرز قائم کر رکھی ہیں۔ اس طرح مستند آیوروید علم کی عالمی سطح پر رسائی کو مزید فروغ ملے گا۔
***
UR-5145
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2247092)
وزیٹر کاؤنٹر : 15