کامرس اور صنعت کی وزارتہ
وزیر صنعت و تجارت جناب پیوش گوئل نے کیمرون کے شہر یاؤنڈے میں ڈبلیو ٹی او کی 14ویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر برطانیہ کےوزیر برائےصنعت وتجارت جناب پیٹر جے کائل کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی
برطانیہ کی جانب سے 'بھارت-برطانیہ جامع اقتصادی تجارتی معاہدے' (سی ای ٹی اے) کی پارلیمانی منظوری مکمل؛ فریقین طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق معاہدے کے نفاذ کے منتظر
جناب پیوش گوئل کا وسیع تر رسائی کے اقدامات پر زور، جامع اقتصادی تجارتی معاہدے کے فوائد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا نے کا عزم
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 MAR 2026 9:18PM by PIB Delhi
یاؤنڈے، کیمرون میں منعقدہ 14ویں ڈبلیو ٹی او وزارتی کانفرنس (ایم سی-14) کے ضمن میں، مرکزی وزیر برائے صنعت و تجارت جناب پیوش گوئل نے برطانیہ کے وزیر برائے صنعت و تجارت جناب پیٹر جے کائل کے ساتھ ایک دو طرفہ ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے ایم سی-14 کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا اور جولائی 2025 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور برطانوی وزیر اعظم جناب کیئر اسٹارمر کے درمیان طے پانے والے 'بھارت-برطانیہ جامع اقتصادی تجارتی معاہدے' (سی ای ٹی اے) کے نفاذ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں وزراء نے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف امکانات پر بھی غور کیا۔
بھارت-برطانیہ سی ای ٹی اے کے نفاذ کے حوالے سے، جناب پیوش گوئل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بھارت نے اس آزادانہ تجارتی معاہدے کے لیے تمام داخلی منظوریوں اور توثیقی عمل کو مکمل کر لیا ہے۔ جناب پیٹر جے کائل نے آگاہ کیا کہ برطانیہ نے بھی بھارت-برطانیہ سی ای ٹی اے کی پارلیمانی منظوری کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ دونوں فریقین نے طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق اس معاہدے کے نفاذ کی توقع ظاہر کی۔ متعلقہ فریقین کی جانب سے اس معاہدے کوعملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں، جناب پیوش گوئل نے وسیع تر رسائی کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سی ای ٹی اے کے فوائد بھارت کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے تمام کاروباروں تک پہنچ سکیں۔ اس تناظر میں، جناب کائل نے بھی کاروباری وفود کی تنظیم اور علاقائی رسائی کی سرگرمیوں کے منصوبوں پر روشنی ڈالی، جن میں اسکاٹ لینڈ اور مانچسٹر میں ہونے والی تقریبات بھی شامل ہیں۔
دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے سلسلے میں، جناب پیوش گوئل نے برطانیہ کے کاروباری اداروں کو بھارت کے مختلف شعبوں اور خطوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی، جس میں دیہی تبدیلی سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں۔
ایم سی-14 کے ایجنڈے پر، جناب گوئل اور جناب کائل نےعالمی تجارتی تنظیم(ڈبلیو ٹی او) کے اندر ہونے والے تجارتی مذاکرات میں شمولیت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جن میں ڈبلیو ٹی او اصلاحات، الیکٹرانک ٹرانسمیشن پر کسٹم ڈیوٹی کی معطلی، اور ٹی آر آئی پی ایس معاہدے کے تحت عدم خلاف ورزی اور صورتحال سے متعلق شکایات پر عائد پابندی برقرار رکھنے جیسے اُمور شامل ہیں۔
********
ش ح۔ ع و ۔ص ج
U. No.5103
(ریلیز آئی ڈی: 2246779)
وزیٹر کاؤنٹر : 13