نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرجمہوریہ نے آئی آئی ایم رانچی کے 15ویں سالانہ جلسۂ تقسیم اسناد سے خطاب کیا؛ طلبہ کو دیانت، سماجی ذمہ داری اور قومی عزم کے ساتھ قیادت کی تلقین
انتظامی تعلیم کو بورڈ روم اور بیلنس شیٹ سے آگے جانا ہوگا: نائب صدر
منافع سے زیادہ مقصد اور شارٹ کٹس کے بجائے کردار کو ترجیح دیں: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 MAR 2026 6:32PM by PIB Delhi
ہندوستان کے نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے آج جھارکھنڈ میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) رانچی کے 15ویں سالانہ جلسۂ تقسیم اسناد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ تین سال کے وقفے کے بعد دوبارہ ادارے کا دورہ کرنا خوشی کی بات ہے۔ جھارکھنڈ کے سابق گورنر کے طور پر اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس ادارے کی پیش رفت کو بڑی دلچسپی سے دیکھتے رہے ہیں اور اس عرصے میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ رانچی کی نمایاں ترقی قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے سماجی ذمہ داری پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی تعلیم کو صرف بورڈ روم اور بیلنس شیٹ تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے معاشرے کے مسائل سے جڑ کر حقیقی چیلنجوں کا حل پیش کرنا چاہیے اور جامع ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اگرچہ تعلیمی مطالعے تجزیاتی صلاحیتوں کو جانچتے ہیں، لیکن عملی زندگی میں ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں جو لوگوں کی روزی روٹی، اعتماد اور وسیع تر سماجی مفاد پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کامیابی کو صرف کامیابیوں سے نہیں بلکہ ان اقدار اور اخلاقیات سے ناپیں جن کے ساتھ وہ انہیں حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقی قیادت، دیانت اور اعتماد وہ بنیادیں ہیں جن پر مضبوط اور دیرپا ادارے قائم ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ شارٹ کٹس کے بجائے کردار اور منافع کے بجائے مقصد کو ترجیح دیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ “وکست بھارت 2047” کے قومی وژن میں اپنا کردار ادا کریں اور “عالمی سوچ، مقامی عمل” کے اصول کو اپناتے ہوئے اپنی کوششوں کا آغاز نچلی سطح سے کریں۔
فارغ التحصیل طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے سی پی رادھا کرشنن نے ان کے لیے کامیابی، اطمینان اور مقصد سے بھرپور زندگی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی اس میں نہیں کہ انسان کیا جمع کرتا ہے بلکہ اس میں ہے کہ وہ معاشرے کو کیا واپس دیتا ہے۔
اس موقع پر جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، جھارکھنڈ حکومت کے وزیر سُدیویہ کمار اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس سے قبل دن میں نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ضلع کھونٹی کے گاؤں اولیہاتو میں بھگوان برسا منڈا کی جائے پیدائش کا دورہ کیا اور عظیم مجاہدِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نائب صدر کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ریاست کا یہ ان کا پہلا دورہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اولیہاتو کا دوبارہ دورہ کر کے وہ بے حد جذباتی ہو گئے اور انہیں وہ دن یاد آ گیا جب انہوں نے جھارکھنڈ کے گورنر کے طور پر حلف اٹھانے کے پہلے ہی دن اس مقام کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے اولیہاتو گاؤں میں بھگوان برسا منڈا کے خاندان کے افراد سے بھی ملاقات کی۔
نائب صدر صدرجمہوریہ نے رانچی میں واقع بھگوان برسا چوک پر بھی بھگوان برسا منڈا کو پھول پیش کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :5077 )
(ریلیز آئی ڈی: 2246557)
وزیٹر کاؤنٹر : 7