مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
ٹیلی مواصلات کے محکمے نے 100 5جی یوز کیس لیبز اقدام کے تحت 5جی انوویشن ہیکاتھون 2026 کا انعقاد کیا
ٹیلی کام کے جدید ترین حل کو فروغ دینے کے لیے 5جی انوویشن ہیکاتھون 2026 کا اعلان
5جی، انٹرنیٹ آف تھنگز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل کایا پلٹ کو فروغ دینے کے لیے قومی ہیکاتھون
طلباء، اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ایز کو5جی انوویشن ہیکاتھون 2026 میں شرکت کی دعوت
حکومت کی جانب سے 5جی اختراع کاروں کو فنڈنگ، لیب تک رسائی اور آئی پی آرسپورٹ کی پیشکش
جدید ترین ٹیکنالوجیز میں ملکی سطح پر ترقی کو فروغ دینے کا اقدام
5جی انوویشن ہیکاتھون 2026 میں 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے انعامات کی پیشکش
کامیاب اختراعات کو انڈیا موبائل کانگریس 2026 میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 MAR 2026 9:56PM by PIB Delhi
وزارت مواصلات کےمحکمۂ ٹیلی مواصلات نے اپنے فلیگ شپ اقدام کے دوسرے ایڈیشن 5جی انوویشن ہیکاتھون 2026 کا آغاز کیا ہے، جو پچھلے ایڈیشن کے حوصلہ افزا ردعمل کے بعد پیش کیا گیا ہے۔ 100 5جی یوز کیس لیبز کے تحت منظم یہ ہیکاتھون 5جی اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے اختراعی اور وسیع پیمانے پر قابلِ عمل حل تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اس میں ملک بھر کے طلباء، اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ایز اور اختراع کاروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تجاویز کی اپیل
ہیکاتھون کے لیے تجاویز طلب کرنے کا عمل آج (20 مارچ 2026) سے شروع ہو رہا ہے اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 اپریل 2026 ہے۔ تجاویز مخصوص100 5 جی یوز کیس لیب اداروں کے ذریعے وصول کی جائیں گی جو نوڈل مراکز کے طور پر کام کریں گے۔ تمام اندراجات کا ایک منظم کثیر مرحلہ تشخیصی عمل سے گزرنا ہوگا، جس میں ادارہ جاتی سطح پر اسکریننگ، علاقائی کمیٹی کا جائزہ، پریزنٹیشنز کی بنیاد پر قومی سطح کی تشخیص، پروٹو ٹائپ کی تیاری میں تعاون اور مادی مظاہروں کی بنیاد پر حتمی تشخیص شامل ہوگی۔
بیج فنڈنگ اور 5 جی لیبز تک رسائی
منتخب ٹیموں کو اپنے خیالات کو ورکنگ پروٹو ٹائپ میں تبدیل کرنے کے لیے مالی اور بنیادی ڈھانچے کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے 50 لاکھ روپے کا ایک مخصوص سیڈ فنڈنگ پول مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ٹیموں کو اپنے حل کی جانچ، تصدیق اور بہتری کے لیے ممتاز تعلیمی اداروں میں قائم 100 5 جی یوز کیس لیبز کے جدید انفراسٹرکچر تک رسائی حاصل ہوگی۔
دس لاکھ روپے سے زائد کا انعامی پول اور آئی پی آر سپورٹ
ہیکاتھون میں مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے سے زائد کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ پہلا انعام 5,00,000 روپے، دوسرا انعام (رنر اپ) 3,00,000 روپے اور تیسرا انعام (سیکنڈ رنر اپ) 1,50,000 روپے ہے، جبکہ 50,000 روپے کا خصوصی بہترین آئیڈیا ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔ مزید برآں، 25 ٹیموں تک کو املاک دانش کے حقوق (آئی پی آر) فائل کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔ حتمی نتائج کا اعلان یکم اکتوبر 2026 کو کیا جائے گا اور منتخب اختراعات کو انڈیا موبائل کانگریس 2026 میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا اورانعام سے نوازا جائے گا۔
وسیع موضوعات بشمول5جی، اے آئی،آئی او ٹی اور نیٹ ورک سیکورٹی
وسیع موضوعات پر درخواستیں طلب کی گئی ہیں، جن میں 5جی اور 5جی ایڈوانسڈ پر مبنی یوز کیسز، ٹیلی کام ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک کے آپریشنز اور دیکھ بھال کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ کا استعمال شامل ہے۔ اس کے علاوہ صحت، زراعت، تعلیم، صنعتی آٹومیشن اور معیشت کے دیگر اہم شعبوں میں انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) پر مبنی ایپلی کیشنز، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے 5جی /5جی جدید نظام، ریڈ کیپ صارف آلات اور فکسڈ وائرلیس ایکسیس(ایف ڈبلیو اے) بھی شامل ہیں۔نان ٹیرسٹریل نیٹ ورکس اور ان کا 5جی /5جی ایڈوانس سسٹمز کے ساتھ الحاق، جدید نیٹ ورک صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے والے 5جی استعمال کے کیسز—بشمول نیٹ ورک سلائسنگ، سروس کا معیار اور دیگر مقامی 5جی خصوصیات—اور اگلی نسل کے مواصلاتی نظاموں کے لیے ٹیلی کام سیکورٹی کے حل شامل ہیں۔
ڈی او ٹی پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواستیں مطلوب
دلچسپی رکھنے والے شرکاء اپنی درخواستیں آن لائن پورٹل https://eservices.dot.gov.in/5ghackathon/ پر جمع کرا سکتے ہیں۔
یہ اقدام اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنے اور بھارت کے ٹیلی کام ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
****
ش ح۔ ک ح۔ش ا
U NO: 4650
(ریلیز آئی ڈی: 2243748)
وزیٹر کاؤنٹر : 12