وزارت آیوش
اہلکاروں کے تئیں احتیاطی صحت کی نگہداشت اور تندرستی کو فروغ دینے کے لئے آیوش نے سی آئی ایس ایف کے ساتھ شراکت داری کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 MAR 2026 5:03PM by PIB Delhi
سکیورٹی فورسز میں احتیاطی صحت کی نگہداشت اور ان کی ہمہ جہت فلاح و بہبود کو مضبوط بنانے کی سمت اہم قدم کے طور پر، وزارتِ آیوش نے وزارتِ داخلہ کے تحت مرکزی صنعتی سلامتی دستہ (سی آئی ایس ایف) کے ساتھ شراکت کے مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔
اس مفاہمت کا مقصد سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کے درمیان آیوش پر مبنی احتیاطی صحت، تندرستی، یوگا، ذہنی دباؤ کے نظم اور مجموعی صحت کو فروغ دینا ہے۔

یہ سمجھوتہ وزارتِ آیوش کے مشیر (آیوش) ڈاکٹر اے راگھو اور سی آئی ایس ایف ہیڈکوارٹر، نئی دہلی میں انسپکٹر جنرل (انتظامیہ) محترمہ پرتیبھا اگروال کے درمیان طے پایا۔ مفاہمت نامہ پر دستخط کی تقریب میں وزارتِ آیوش کے سکریٹری وید راجیش کوٹیچہ اور سی آئی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل جناب پرویر رنجن (آئی پی ایس) سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔
اس شراکت داری کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تال میل کو مزید مستحکم بنانا ہے تاکہ سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں تک آیوش پر مبنی احتیاطی، ترویجی اور فلاحی خدمات کو وسعت دی جا سکے۔ اہم توجہ طلب شعبوں میں بیداری پیدا کرنا، آگاہی پروگرام، فلاحی اقدامات، یوگا کی مشق، طرزِ زندگی کا نظم و ضبط اور آیوش نظام کے ذریعے ہمہ جہتی تندرستی کی فراہمی شامل ہیں۔ اس اقدام کے تحت جہاں ممکن ہو، سی آئی ایس ایف کے مراکز پر آیوش او پی ڈی سطح کی خدمات فراہم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مفاہمت نامہ کی شرائط کے تحت وزارتِ آیوش تکنیکی معاونت فراہم کرے گی، فلاحی ماڈیولز تیار کرے گی اور اپنے اداروں اور تحقیقی کونسل کے ذریعے ماہرانہ رہنمائی فراہم کرے گی۔ دوسری جانب سی آئی ایس ایف اپنی اکائیوں اور مراکز میں ان اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنائے گی۔
یہ شراکت داری سکیورٹی اہلکاروں کی روزمرہ زندگی میں روایتی نظامِ طب کو شامل کرنے کی ایک اہم قدم ہے، جس سے صحت، مضبوطی اور معیارِ زندگی میں مجموعی بہتری آئے گی۔
یہ مفاہمت دستخط کی تاریخ سے پانچ سال کی مدت تک نافذ رہے گی۔
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
Urdu No-4491
(ریلیز آئی ڈی: 2242638)
وزیٹر کاؤنٹر : 14