ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
اسکل انڈیا پروگرام کے تحت جن شکشن سنستھان اسکیم
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 MAR 2026 3:33PM by PIB Delhi
ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب جینت چودھری نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ جن شکشن سنستھان (جے ایس ایس) اسکیم، جو اسکل انڈیا پروگرام کے تحت چلائی جا رہی ہے، کا مقصد مستحق افراد کو ان کے گھروں کے قریب غیر رسمی طریقے سے ہنر کی تربیت فراہم کرنا ہے، جس کے لیے حکومتِ ہند کی طرف سے 100 فیصد گرانٹ دی جاتی ہے۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد ہنر مندی کی تربیت کے ذریعے خود روزگار یا ملازمت کے مواقع پیدا کر کے گھریلو آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کے مخصوص مستفیدین میں ناخواندہ افراد، کم تعلیم یافتہ افراد اور بارہویں جماعت تک کے اسکول چھوڑنے والے نوجوان شامل ہیں، جن کی عمر 15 سے 45 سال کے درمیان ہو۔ ترجیحی گروہوں میں خواتین (83 فیصد)، درج فہرست ذاتیں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، دیگر پسماندہ طبقات (اوبی سی) اور اقلیتی برادریاں شامل ہیں، خاص طور پر دیہی اور شہری کم آمدنی والے علاقوں میں۔
اس وقت 294 جن شکشن سنستھان مراکز فعال ہیں اور مالی سال 2022-23 سے لے کر 31 دسمبر 2025 تک مجموعی طور پر 20,09,774 افراد کو اس اسکیم کے تحت تربیت دی جا چکی ہے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران ریاست وار تربیت حاصل کرنے والے افراد کی تفصیلات ضمیمہ-I میں دی گئی ہیں، جو طویل ہونے کی وجہ سے وزارت کی ویب سائٹ https://www.msde.gov.in/documents?page=1 پر اپلوڈ کی گئی ہیں۔
ہر جے ایس ایس میں ایک “معاشی روزگار سیل” قائم کیا گیا ہے، جس کی سربراہی پروگرام آفیسر کرتے ہیں اور دیگر عملہ اس کی معاونت کرتا ہے۔ یہ سیل خاص طور پر خواتین مستفیدین کو سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جیز) اور جوائنٹ لائیبلیٹی گروپس (جے ایل جیز) سے جوڑتا ہے تاکہ ان میں کاروباری صلاحیت اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ سیل قومی اور ریاستی پورٹلز کے ساتھ بھی رابطہ قائم کرتا ہے، مستفیدین کو رہنمائی فراہم کرتا ہے، اور انہیں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق خود روزگار یا ملازمت اختیار کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ آجرین، بینکوں، مائیکرو فنانس اداروں اور ریاستی حکومتوں کے درمیان رابطے کا کام کرتا ہے تاکہ مالی معاونت اور قرضوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں، اس اسکیم کے تحت 51 این ایس کیو ایف (این ایس کیوایف) سے منسلک جاب رولز شامل کیے گئے ہیں، جن میں 28 نئے دور کے ہنر بھی شامل ہیں، تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق تربیت دی جا سکے اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔ جے ایس ایس کے تحت جاری کیے جانے والے سرٹیفیکیٹس نیشنل کونسل فار ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (این سی وی ای ٹی) کے مطابق ہوتے ہیں، جن پر اسکل انڈیا، جے ایس ایس اور این سی وی ای ٹی کے لوگوز کے ساتھ کریڈٹ معلومات بھی درج ہوتی ہیں، جس سے ان کی ساکھ اور ملک بھر میں قبولیت میں اضافہ ہوتا ہے، اور روزگار کے مواقع بہتر ہوتے ہیں۔جن شکشن سنستھان اسکیم کے تحت مالی تقسیم کی ریاست وار تفصیلات ضمیمہ-II میں دی گئی ہیں، جو طوالت کی وجہ سے وزارت کی ویب سائٹ https://www.msde.gov.in/documents?page=1 پر دستیاب ہیں۔
سال 2025 میں ارون جیٹلی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مینجمنٹ(اے جے این آئی ایف ایم) کی جانب سے 2021–2026 کے عرصے کے لیے ایک تیسرے فریق کی جانچ کی گئی، جس میں اس اسکیم کے مثبت اثرات سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 82 فیصد تربیت یافتہ افراد نے تربیت مکمل کرنے کے چھ ماہ کے اندر روزگار حاصل کر لیا، جبکہ تقریباً 90 فیصد افراد نے اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو آمدنی کے ذرائع میں استعمال کیا۔
مزید یہ کہ تحقیق میں مستفیدین کی اوسط ماہانہ آمدنی میں نمایاں اضافہ، خود اعتمادی میں بہتری، ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی میں اضافہ اور روزگار کے مواقع کے لیے بہتر تیاری کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اس اسکیم نے خاص طور پر خواتین اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کی روزگار کے مواقع بڑھانے، خود روزگار کو فروغ دینے اور گھریلو آمدنی میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
******
ش ح۔ ع ح۔ م ر
U-NO. 4397
(ریلیز آئی ڈی: 2242163)
وزیٹر کاؤنٹر : 9