شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
مؤرخہ 18-19 مارچ 2026 کو پٹنہ (بہار) میں ’پائیدار ترقیاتی اہداف کے نگرانی فریم ورک ، ماحولیاتی اکاؤنٹس اور صنفی شماریات سے متعلق صلاحیت سازی ورکشاپ‘کا انعقاد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 MAR 2026 10:09AM by PIB Delhi
شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) اچھے معیار کا مضبوط ڈیٹا حاصل کرنے کی مسلسل کوشش کرتی ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم او ایس پی آئی 18-19 مارچ 2026 کے دوران بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ’پائیدار ترقیاتی اہداف کے فریم ورک کی نگرانی، ماحولیاتی اکاؤنٹس اور صنفی اعدادوشمار کی تالیف‘ کے موضوع پر دو روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ صلاحیت سازی کی اس ورکشاپ کا اہتمام حکومت بہار نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) انڈیا کے تکنیکی تعاون سے کیا ہے۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد تین اہم پہلوؤں-ایس ڈی جیز، ماحولیات اور صنف میں صلاحیت کی ترقی ہے جو شواہد پر مبنی فیصلے کو آسان بنائے گا۔ اس ورکشاپ میں متعلقہ وزارتوں، ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے محکموں اور دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں کی شرکت ہوگی تاکہ اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین طورطریقوں کا اشتراک کیا جا سکے۔
اس ورکشاپ میں بہار حکومت کےمنصوبہ بندی و ترقی سے متعلق عزت مآب وزیر، ایم او ایس پی آئی کے سکریٹری اور بہار حکومت کے چیف سکریٹری کے علاوہ ایم او ایس پی آئی کے سینئر افسران، بہار حکومت کے افسران اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اس ورکشاپ کا پہلا دن ایس ڈی جیز اور صنفی شماریات پر بات چیت کے لیے وقف ہوگا۔ متعلقہ وزارتوں/محکموں، ریاستی حکومتوں، اداروں اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے نمائندے اپنے تجربات اور نقطۂ نظر کا اشتراک کریں گے۔ ایس ڈی جی پر پہلے تکنیکی اجلاس میں نیشنل انڈیکیٹر فارم ورک (این آئی ایف) اور اسٹیٹ انڈیکیٹر فریم ورک جیسے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کی جائےگا۔ اس سیشن میں اس بات پر روشنی ڈالی جائے گی کہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور حکمرانی کی حمایت کرنے کے لیے ایس ڈی جی ڈیٹا کس طرح سادہ نگرانی سے آگے بڑھے گا۔ اس بات چیت کے دوران اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے قیمتی نقطۂ نظر اور تجربات بھی مشترک کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ، صنفی شماریات پر دوسرے تکنیکی اجلاس میں خواتین کی قیادت میں ترقی کو فروغ دینے اور صنفی ذمہ دار حکمرانی کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں صنفی اعداد و شمار کے اہم کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس ورکشاپ کے دوسرے دن ماحولیاتی پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس بات چیت میں ماحولیاتی اکاؤنٹنگ کے لیے ایس ای ای اے فریم ورک، جنگلات کی خدمات کی قدر کرنے کے طریقے، حیاتیاتی تنوع اور دیگر ماحولیاتی نظام کی خدمات شامل ہیں۔ ریاستیں ماحولیاتی اکاؤنٹس اور اعدادوشمار کو مرتب کرنے اور آگے بڑھانے میں اپنے تجربات بھی شیئر کریں گی۔ اس مباحثے میں ماحولیات کے ماہرین کی طرف سے ماحولیاتی اکاؤنٹ اور اعدادوشمار پر نقطۂ نظر بھی پیش کیا جائے گا۔
*****
UR-4200
(ش ح۔ک ح ۔ ع ن )
(ریلیز آئی ڈی: 2241033)
وزیٹر کاؤنٹر : 16