وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان میں سیاحت میں آسانی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 MAR 2026 3:43PM by PIB Delhi

سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے مؤثر اور مناسب رسائی اہم پہلوؤں میں سے ایک ہے۔ وزارتِ سیاحت، شہری ہوا بازی کی وزارت کے ساتھ مل کر اہم سیاحتی مقامات اور اعلیٰ صلاحیت کے حامل کم معروف یا نئے مقامات تک فضائی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے وزارتِ شہری ہوا بازی کی ریجنل کنیکٹیویٹی اسکیم— ’اڑے دیش کا عام ناگرک‘(آر سی ایس-اڑان) کے تحت تال میل قائم کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے شناخت کردہ 53 سیاحتی راستوں کے لیے وائبلٹی گیپ فنڈنگ (وی جی ایف) کی رقم میں اشتراک کیا جا رہا ہے۔

ہندوستان میں غیر ملکیوں بشمول غیر ملکی سیاحوں، پیشہ ور افراد، ہنرمند افرادی قوت، کاروباری افراد اور طلبہ وغیرہ کی قانونی آمد کو ممکن بنانے کے لیے ای-ویزا کا ایک مضبوط نظام موجود ہے۔ حکومتِ ہند نے گزشتہ چند سال کے دوران ویزا کے نظام کو آزادانہ، منظم اور سادہ بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں تاکہ جائز غیر ملکی مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ساتھ ہی داخلی سلامتی کو بڑھانے کے لیے تکنیکی انفراسٹرکچر کو بھی مضبوط کیا جا سکے۔

ہندوستانی ویزا نظام، خاص طور پر سیاحتی ویزا کے نظام کو آزادانہ اور سادہ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ای-ویزا سہولت کا آغاز ہے۔ ای-ویزا کی پروسیسنگ مکمل طور پر آن لائن پلیٹ فارم پر ہوتی ہے۔ کوئی بھی غیر ملکی کہیں سے بھی ای-ویزا کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ ای-ویزا کے متعارف ہونے سے غیر ملکیوں کو سیاحت، کاروبار اور طبی مقاصد جیسے جائز کاموں کے لیے ہندوستان میں پریشانی سے مبراء داخلہ فراہم کرنے میں مدد ملی ہے۔

مزید شفافیت، جوابدہی اور خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے، وزارتِ سیاحت نے رہائشی یونٹس کی درجہ بندی اور سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کی منظوری کے لیے درخواستیں وصول کرنے، ان پر کارروائی کرنے اور منظوری دینے کا ایک آن لائن نظام متعارف کرایا ہے۔ درخواستیں نیشنل انٹیگریٹڈ ڈیٹا بیس آف ہاسپیٹلٹی انڈسٹری (ندھی+) کے پورٹل، یعنی nidhi.tourism.gov.in پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اس آن لائن عمل کو ادائیگی کے گیٹ وے  کے ساتھ بھی جوڑ دیا گیا ہے۔

سیاحوں کے سفر کو محفوظ اور یقینی بنانے کی مستقل کوششوں کے حصے کے طور پر، وزارتِ سیاحت نے ٹول فری نمبر 1800111363 یا شارٹ کوڈ 1363 پر 24x 7کثیر لسانی سیاحتی ہیلپ لائن قائم کی ہے۔ یہ ہیلپ لائن 10 بین الاقوامی زبانوں سمیت 12 زبانوں میں دستیاب ہے، جو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو ہندوستان میں سفر سے متعلق معلومات کی فراہمی اور سفر کے دوران پریشانی کا شکار سیاحوں کی مناسب رہنمائی کے لیے معاون خدمات فراہم کرتی ہے۔

یہ معلومات ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں فراہم کیں۔

*****

ش ح۔ک ح

U-4156


(ریلیز آئی ڈی: 2240764) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी