اقلیتی امور کی وزارتت
وقف اداروں کے مالیاتی نظم و نسق کو مضبوط بنانے کے لیے اُمید مرکزی پورٹل پر حسابات اور آڈٹ ماڈیول کا آغاز کیا گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 MAR 2026 9:23PM by PIB Delhi
اقلیتی امور کی وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے وقف اداروں کے انتظام میں شفافیت اور جوابدہی کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر آج اُمید مرکزی پورٹل (2025) پر حسابات اور آڈٹ ماڈیول کا افتتاح کیا۔

نئے تیار کردہ ماڈیول کے ذریعے پورے ملک میں وقف اداروں کے مالیاتی لین دین کا ریکارڈ رکھنے اور منظم کرنے کے لیے ایک باقاعدہ ڈیجیٹل ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔ اس سے وقف جائیدادوں اور اداروں کی آمدنی اور اخراجات سے متعلق تفصیلات کو منظم طریقے سے درج کرنا ممکن ہوگا، جس سے مالیاتی ریکارڈ کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے گی۔
اس ماڈیول کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعے پورٹل پر ہی متعلقہ ریاستی وقف بورڈ کو واجب الادا قانونی حصوں کی خودکار حساب کتاب اور ادائیگی کا نظام موجود ہے۔ اس ڈیجیٹل نظام سے شفافیت میں اضافہ، قانونی تقاضوں کی بہتر تعمیل اور وقف اداروں سے متعلق مالی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی توقع ہے۔

اس اقدام سے غریبوں، خواتین اور یتیموں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے مختص فنڈز کی بروقت وصولی میں بھی مدد ملے گی، جو وقف جائیدادوں کے اصل مستفیدین ہیں۔
حسابات اور آڈٹ ماڈیول کے آغاز کے ساتھ اُمید مرکزی پورٹل ملک میں وقف اثاثوں کے مؤثر نظم و نسق اور انتظام کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔ اس ماڈیول کے ذریعے وقف اداروں کے کام کاج میں مالیاتی حکمرانی اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
اقلیتی امور کی وزارت وقف کا مربوط انتظام و انصرام ،تفویض اختیارات، مؤثریت اور ترقی (امید) مرکزی پورٹل کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ریاستی وقف بورڈ کے ساتھ باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے سے لے کر تربیتی اجلاس کے انعقاد، ہیلپ ڈیسک کے قیام اور مسلسل تکنیکی معاونت فراہم کرنے تک، وزارت پورٹل پر وقف جائیدادوں کی بروقت اپ لوڈنگ اور ان کے مؤثر انتظام کو آسان بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

وزارت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس پہل میں شامل ٹیمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ‘دن رات ’محنت کر رہی ہیں کہ اُمید پورٹل کے ذریعے وقف انتظامیہ کی ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل ہموار اور مؤثر انداز میں آگے بڑھے۔
ان مسلسل کوششوں کا مقصد ملک میں وقف جائیدادوں کے انتظام کے لیے ایک شفاف، جوابدہ اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام قائم کرنا ہے۔ وزارت نے ادارہ جاتی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وقف جائیدادوں کا مؤثر طریقے سے انتظام کیا جائے تاکہ اس کے فوائد معاشرے کے مستحق طبقات تک پہنچ سکیں۔
***
Urdu-4010
(ش ح۔ م ش۔ش ب ن)
(ریلیز آئی ڈی: 2240523)
وزیٹر کاؤنٹر : 6