وزارت دفاع
وزیر دفاع نے ہندوستان کی کھیلوں کی معیشت کو ایک نئی تحریک دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر زور دیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 MAR 2026 8:18PM by PIB Delhi
‘‘مختلف اقدامات کے ذریعے حکومت ملک کے اندر کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دے رہی ہے جہاں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے پاس مواقع، وسائل اور عزت و احترام کی کوئی کمی نہیں ہے۔’’ ان خیالات کا اظہار وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے آج نئی دہلی میں آدتیہ برلا میموریل پولو کپ کے فائنل کے دوران کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اس شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی ساکھ کو مزید بلند کیا جاسکے اور ملک کی کھیلوں کی معیشت کو ایک نئی سمت دی جاسکے۔
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ اگر حکومت، نجی شعبہ اور مختلف سماجی گروپ مل کر کام کریں تو ہندوستان مستقبل قریب میں کھیلوں خاص طور پر پولو میں ایک مضبوط عالمی موجودگی قائم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولو کی جڑیں ملک کی ہزاروں سال پرانی کھیلوں کی روایات میں گہری ہیں اور اسے بجا طور پر ہندوستان کا‘ہیریٹیج اسپورٹ’ قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے باصلاحیت کھلاڑیوں کی پرورش اور اس کے شاندار ورثے کے تحفظ میں ہندوستانی فوج کی اہم شراکت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا-‘‘ہندوستانی فوج نے، انڈین پولو ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اس وراثت کو زندہ اور متعلقہ رکھنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ باہمی تعاون کے ذریعے، ہم پولو کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں دیگر کھیلوں کے لیے ایک مثبت ثقافت کو فروغ دیں گے، جس سے ہمارے نوجوان ٹیلنٹ کو آگے آنے اور ملک کا نام روشن کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔’’
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ‘کھیلو انڈیا’ اور ’ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم’ جیسے اقدامات نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بے مثال ترقی کے ساتھ نوجوانوں کو سبقت حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کا ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ‘نیشنل اسپورٹس گورننس ایکٹ’ اور ‘کھیلو انڈیا پالیسی’ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوں گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات کھیلوں کی تنظیموں کے اندر زیادہ شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیں گے، کھلاڑیوں کو منصفانہ اور معاون ماحول فراہم کریں گے۔
وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح نجی شراکت داری نے صنعت کاری، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں نئی توانائی اور رفتار پیدا کی ہے، اسی طرح نجی شعبے اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز پیشہ ورانہ نقطہ نظر، طویل مدتی ویژن اور ایک پائیدار سپورٹ سسٹم کی ترقی کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کو بہترین کوچنگ، عالمی معیار کی سہولیات اور بین الاقوامی سطح کی تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔
پولو کے بارے میں بتاتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ نہ صرف طاقت اور رفتار کا کھیل ہے بلکہ یہ تال، حکمت عملی، تال میل، نظم و ضبط اور ہمت کا بھی ایک منفرد سنگم ہے۔
*****
ش ح – ظ الف –ش م
UR No. 4098
(ریلیز آئی ڈی: 2240450)
وزیٹر کاؤنٹر : 11