ٹیکسٹائلز کی وزارت
توسیعی پیداواری ذمہ داری
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 MAR 2026 5:42PM by PIB Delhi
حکومت نے کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ اسکیم (سی سی ٹی ایس) کے تحت ٹیکسٹائل سمیت کاربن کے زیادہ اخراج والے شعبوں کے لیے گرین ہاؤس گیس اخراج کی شدت (جی ای آئی) کے اہداف مقرر کیے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ذمہ دار اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی اسکوپ-1 اور اسکوپ-2 اخراج کی تفصیلات ظاہر کریں۔ اس کے علاوہ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں (ایس ایم ای)، برانڈ اور مینوفیکچررز کو لائف سائیکل اپروچز اور پروڈکٹ انوائرنمنٹل فٹ پرنٹ کے حوالے سے تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی فراہم کرنے کے لیے ایک پائلٹ منصوبہ بھی اس وقت نافذ کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے 30.01.1990 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن S.O. 108(E) کے ذریعے رنگائی اور رنگ سازی کی صنعتوں میں بینزیڈین پر مبنی رنگوں اور ان کے نمکیات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ، 26.03.1997 کے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے 70 ایزو ڈائیز کے استعمال اور ہینڈلنگ پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ اس کے علاوہ 13.01.2006 کو بھارت نے اسٹاک ہوم کنونشن کی توثیق کی، جو ایک عالمی معاہدہ ہے جس کا مقصد مستقل نامیاتی آلودہ مادّوں سے انسانی صحت اور ماحولیات کا تحفظ کرنا ہے۔
حکومت نے ماحول (تحفظ) قواعد، 1986 کے شیڈول-I کے تحت مختلف صنعتوں، بشمول ٹیکسٹائل شعبہ، کے لیے ماحولیاتی آلودگی کے اخراج یا اخراجِ مادّہ کے معیارات بھی مقرر کیے ہیں۔ ان ضوابط کے مطابق ٹیکسٹائل صنعتوں اور صنعتی کلسٹرز کے لیے لازم ہے کہ وہ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (ای ٹی پی) یا کامن ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (سی ای ٹی پی) نصب کریں اور انہیں مؤثر طریقے سے چلائیں، تاکہ خارج ہونے والا فضلہ مقررہ ماحولیاتی معیارات پر پورا اترے۔
اس کے علاوہ، حکومت نے ایکو مارک اسکیم، 2024 بھی متعارف کرائی ہے، جس میں ٹیکسٹائل کو شناخت شدہ مصنوعات کی ایک اہم زمرہ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ایکو لیبلنگ کا مقصد ماحول دوست پیداواری طریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا، ماحول کے لیے کم نقصان دہ خام مال کے استعمال کو فروغ دینا، مضر کیمیکلز کے استعمال کو کم کرنا، وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا، گندے پانی اور اخراج کے بہتر انتظام کو فروغ دینا، اور متعلقہ ماحولیاتی معیارات کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔
معزز وزیر خزانہ نے اپنے بجٹ خطاب 2026–27 میں ٹیکسٹائل کے لیے ایک مربوط پروگرام کا اعلان کیا، جو ممکنہ طور پر پورے بھارت میں نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس پروگرام میں متعدد اقدامات شامل ہیں، جن میں قومی فائبر اسکیم شامل ہے جس کا مقصد قدرتی فائبر، انسان ساختہ فائبر اور نئی نسل کے فائبر میں خود انحصاری حاصل کرنا ہے؛ ٹیکسٹائل توسیع اور روزگار اسکیم جس کے تحت روایتی کلسٹرز کو جدید بنانے کے لیے مشینری، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور مشترکہ ٹیسٹنگ و سرٹیفکیشن مراکز کے لیے سرمایہ جاتی معاونت فراہم کی جائے گی؛ قومی ہینڈلوم اور دستکاری پروگرام جس کے ذریعے بنکروں اور ہنرمندوں کو ہدفی معاونت فراہم کی جائے گی؛ ٹیکس-ایکو اقدام جس کا مقصد عالمی سطح پر مسابقتی اور پائیدار ٹیکسٹائل اور ملبوسات کو فروغ دینا ہے؛ اور سامرتھ 2.0 جس کے ذریعے صنعت اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ٹیکسٹائل مہارتوں کے نظام کو جدید اور بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مالی سال 2021–22 سے 2025–26 کے دوران ہماچل پردیش میں 6 اسمال کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (ایس سی ڈی پی) کے لیے 548.09 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی، جن سے 979 مستفیدین کو فائدہ پہنچا۔ ایس سی ڈی پی، قومی ہینڈلوم ترقیاتی پروگرام (این ایچ ڈی پی) کا ایک جزو ہے، جو ضرورت کے مطابق مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اس میں بہتر لوم اور لوازمات کی فراہمی، ورک شیڈ کی تعمیر، شمسی روشنی کے یونٹ کی تنصیب اور مصنوعات و ڈیزائن کی ترقی جیسے اقدامات شامل ہیں، جو ملک بھر میں، بشمول ہماچل پردیش، نافذ کیے جاتے ہیں۔
نیشنل ٹیکنیکل ٹیکسٹائل مشن (این ٹی ٹی ایم) کے تحت 17 تحقیقی و ترقیاتی (آر اینڈ ڈی) منصوبے جاری ہیں، جن کا مرکز قدرتی اور/یا حیاتیاتی ریشوں (بایو فائبرز) کے فروغ پر ہے، خاص طور پر ایگرو ٹیکسٹائلز اور جیو ٹیکسٹائلز کے لیے۔ ان منصوبوں کا مقصد وقت کے ساتھ ساتھ مصنوعی ریشوں پر مبنی مواد کے جزوی متبادل کے طور پر قدرتی یا بایو فائبرز کے استعمال کو ممکن بنانا ہے۔
ٹیکسٹائل کے وزیر جناب گری راج سنگھ نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ معلومات فراہم کی۔
************
ش ح۔ ف ش ع
U: 3719
(ریلیز آئی ڈی: 2237955)
وزیٹر کاؤنٹر : 3