وزارت سیاحت
سیاحوں کی حفاظت کو مضبوط بنانا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 MAR 2026 5:07PM by PIB Delhi
سیاحوں کی حفاظت بنیادی طور پر ریاستی دائرۂ اختیار کا موضوع ہے۔ سیاحت کی وزارت سیاحوں کی حفاظت کو مضبوط بنانے کے لیے مخصوص سیاحتی پولیس کے قیام کے سلسلے میں تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتی ہے۔ وزارت سیاحت کی کوششوں کے نتیجے میں کئی ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، جیسے تلنگانہ، آندھرا پردیش، دہلی، گوا، کرناٹک، کیرالہ، مہاراشٹر، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، پنجاب، راجستھان، سکم اور اتر پردیش میں سیاحتی پولیس تعینات کی جا چکی ہے۔
سیاحت کی وزارت وقتاً فوقتاً تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ سے نربھیا فنڈ کے تحت "خواتین کے لیے محفوظ سیاحتی مقامات" اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی درخواست کرتی رہی ہے۔ اس فنڈ کو خاص طور پر خواتین سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے تیار کیے گئے منصوبوں پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔
سیاحت کی وزارت نے تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے محکمۂ سیاحت، کے ساتھ مشاورت کے بعد "محفوظ اور باعزت سیاحت کے لیے ضابطۂ اخلاق" اختیار کیا ہے۔ یہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے رہنما اصولوں کا ایک مجموعہ ہے۔ اس کا مقصد سیاحوں اور مقامی باشندوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کے بنیادی حقوق، جیسے عزت، تحفظ اور استحصال سے آزادی، کے احترام کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت سیاحت سیاحوں کے لیے محفوظ اور ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اس مقصد کے تحت وزارت نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے 24×7 کثیر لسانی سیاحتی ہیلپ لائن شروع کی ہے۔ اس کا ٹول فری نمبر 1800111363 اور مختصر کوڈ 1363 ہے۔ یہ ہیلپ لائن 12 زبانوں میں دستیاب ہے، جن میں 10 بین الاقوامی زبانیں بھی شامل ہیں۔ اس کا مقصد ہندوستان کے اندر سفر سے متعلق معلومات فراہم کرنا اور دورانِ سفر پریشانی کا سامنا کرنے والے سیاحوں کو مناسب رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
زیادہ شفافیت، جوابدہی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت سیاحت نے رہائشی یونٹس کی درجہ بندی اور سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کی منظوری سے متعلق درخواستوں کی وصولی، پروسیسنگ اور منظوری کے لیے ایک آن لائن نظام شروع کیا ہے۔ درخواستیں نیشنل انٹیگریٹڈ ہاسپیٹلیٹی انڈسٹری ڈیٹا بیس (نیدھی پلس) پورٹل یعنی nidhi.tourism.gov.in پر جمع کی جا سکتی ہیں۔ یہ آن لائن نظام ادائیگی کے گیٹ وے سے بھی منسلک ہے۔
موثر اور مناسب رابطہ کسی بھی سیاحتی مقام کی ترقی کے لیے ایک اہم عنصر ہے۔ وزارت سیاحت، وزارت شہری ہوا بازی کے ساتھ مل کر اہم سیاحتی مقامات اور کم معروف مگر زیادہ امکانات رکھنے والے نئے سیاحتی مقامات کے لیے ہوائی رابطہ بہتر بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے وزارت شہری ہوا بازی کی علاقائی رابطہ (آر سی ایس۔یو ڈی اے این )کے تحت تعاون کیا جا رہا ہے۔ وزارت سیاحت اس سلسلے میں 53 شناخت شدہ سیاحتی راستوں کے لیے وائبلٹی گیپ فنڈ (وی جی ایف)فراہم کر رہی ہے۔
یہ معلومات سیاحت اور ثقافت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں دی۔
*****
UR-3600
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2237230)
وزیٹر کاؤنٹر : 8