بجلی کی وزارت
مرکزی بجلی اتھارٹی (سی ای اے) نے 7 مارچ 2026 کو چھٹے 'لائن مین دیوس' کے موقع پر پاور سیکٹر کے صف اول کے کارکنوں کی خدمات کا اعتراف کیا
بجلی اور نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے وزیرِ مملکت نے تقریب میں شرکت کی؛ 66 سے زائد بجلی گھروں، ٹرانسمیشن لائسنس یافتہ اداروں اور تقسیم کار کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے 250 سے زائد لائن مینوں کی عزت افزائی کی گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 MAR 2026 8:21PM by PIB Delhi
بجلی کی وزارت کی مرکزی بجلی اتھارٹی(سی ای اے) نے ٹاٹا پاور دہلی ڈسٹری بیوشن لمیٹڈ کے تعاون سے گزشتہ روز نئی دہلی میں چھٹے'لائن مین دیوس' کا انعقاد کیا۔ لائن مین دیوس منانے کا مقصد لائن مینوں اور گراؤنڈ مینٹیننس اسٹاف کی انتھک لگن اور ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرنا ہے، جن کا کردار ملک بھر میں بجلی کی خدمات کی قابلِ بھروسہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اس تقریب میں بھارتی حکومت کے بجلی اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے وزیرِ مملکت جناب شری پد یسو نائیک نے شرکت کی۔ جناب پنکج اگروال، سکریٹری (پاور) نے کلیدی خطبہ دیا۔ اس موقع پر سی ای اے کے چیئرپرسن جناب گھنشیام پرساد، سی ای اے کے ممبران اور پاور سیکٹر کے سینئر نمائندے اور معزز شراکت دار بھی موجود تھے۔
ملک بھر سے 66 سے زائد سرکاری اور نجی بجلی کی تقسیم کار اور پیداواری کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن لائسنس ہولڈرز کے تقریباً 250 لائن مینوں اور سپروائزروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ اس اجتماع نے تجربات شیئر کرنے، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو برقرار رکھنے میں درپیش آپریشنل چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے اور حفاظتی اصولوں کے بارے میں معلومات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ شرکاء کے درمیان باہمی طور پر سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔

پروگرام کا آغاز حفاظتی عہد کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء نے حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے اور خود کو، اپنے اہل خانہ اور پورے معاشرے کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جناب شری پد یسو نائیک نے کہا کہ 'نیشنل سیفٹی ویک' (قومی ہفتہ برائے تحفظ) کے دوران منایا جانے والا 'لائن مین دیوس'، بجلی کے شعبے کے ان صف اول کے کارکنوں کی محنت اورلگن کا اعتراف ہے جو ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے کام کی جگہ پر حفاظتی کلچر کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں ذاتی حفاظتی ساز و سامان (پی پی ای) کا مستقل استعمال، مرمت کے کام سے پہلے بجلی بند (شٹ ڈاؤن) ہونے کی درست تصدیق اور باقاعدہ تربیتی پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز جیسے کہ اسمارٹ گرڈز، ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم، مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی پیشگی مرمت اور ڈرون کے ذریعے معائنے سے ممکنہ خرابیوں کی پہلے سے نشاندہی کرنے اور فیلڈ عملے کے خطرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ لائن مین دیوس کے چھٹے ایڈیشن کے موضوع — 'سیوا، سرکشا، سوابھیمان' (خدمت، تحفظ اور خودداری) — کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بجلی کے شعبے کے فرنٹ لائن کارکنوں کی خدمت کے جذبے، تحفظ اور وقار کی عکاسی کرتا ہے۔
لائن مینوں کو بجلی کے شعبے کے 'سپاہی' قرار دیتے ہوئے، سکریٹری (پاور) جناب پنکج اگروال نے کہا کہ شدید موسمی حالات یا قدرتی آفات کے دوران جب لوگ گھروں کے اندر ہوتے ہیں، یہ لائن مین ہی ہیں جو بجلی کی بحالی اور اس کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے باہر نکلتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں بڑھتی ہوئی آٹومیشن کے باوجود، یہ زمین پر موجود لائن مین ہی ہیں جو بالآخر سسٹم کو بحال کرتے ہیں اور نیٹ ورک کو رواں دواں رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام فیلڈ عملے کو معیاری حفاظتی کٹس اور آلات سے لیس ہونا چاہیے۔
انہوں نے بجلی کے اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ ہر شفٹ کے آغاز سے پہلے روزانہ کی بنیاد پر ایک مختصر حفاظتی ویڈیو دکھانے اور حفاظتی مشقیں کروانے کو لازمی قرار دے کر 'حفاظتی آگاہی' کو ادارے کے نظم و ضبط کا حصہ بنائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سی ای اے کے چیئرپرسن جناب گھنشیام پرساد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایک مضبوط اور قابل بھروسہ پاور سیکٹر کسی بھی ترقی یافتہ ملک کا اہم ستون ہوتا ہے۔ انہوں نے ان لائن مینوں کی انتھک کوششوں کو سراہا جو مشکل حالات میں کام کر کے بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات کا اظہار کیا کہ 'لائن مین دیوس' اب ایک ملک گیر تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جس میں ملک بھر کے بجلی کے اداروں کی شرکت مسلسل بڑھ رہی ہے، جو کہ وطن تعمیر میں لائن مینوں کے کلیدی کردار کے بڑھتے ہوئے اعتراف کی عکاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اعتراف کے ساتھ ساتھ ان فرنٹ لائن ورکرز کے لیے مضبوط تحفظ اور بااختیار بنانے کے اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
تقریب کی نمایاں خصوصیات:
- ایک خصوصی 'لائن مین گیت' کا اجرا کیا گیا، جو ان لائن مینوں کی ہمت اور ان کی گراں قدر خدمات کے نام وقف کیا گیا ہے جو ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔
- لائن مینوں کے لیے ایک 'سیفٹی پاکٹ بک' کا اجرا کیا گیا جس میں فیلڈ آپریشنز کے دوران اپنائی جانے والی ضروری حفاظتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر شامل ہیں۔ اس کا مقصد حفاظتی آگاہی کو مضبوط بنانا اور کام کے دوران محفوظ طریقوں کو فروغ دینا ہے۔

- بجلی گرنے کے خطرات اور اس صورتحال میں فیلڈ عملے کے لیے حفاظتی تدابیر پر مبنی ایک آگاہی ویڈیو کا تعارف پیش کیا گیا۔
- بجلی کے شعبے کو محفوظ و مامون بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں بہترین کارکردگی دکھانے والی تقسیم کار کمپنیوں اور لائن مینوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
- حفاظتی ساز و سامان اور جدید آلات کی ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا تاکہ عملی طور پر سیکھنے اور تجربات کے تبادلے میں آسانی ہو۔
اس تقریب کو ملک بھر کی بجلی کے اداروں میں براہِ راست ٹیلی کاسٹ بھی کیا گیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ شرکت اور اجتماعی طور پر اس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م م ع ۔ ن م۔
U- 3538
(ریلیز آئی ڈی: 2236812)
وزیٹر کاؤنٹر : 9