نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے آئی آئی ایچ ٹی سلیم کے نئے تعلیمی بلاک کا افتتاح کیا؛ بھارت کی ہینڈلوم وراثت کو مضبوط بنانے پر زور دیا
نائب صدر جمہوریہ نے روایت اور ٹیکنالوجی کے درمیان رابطہ قائم کرنے میں آئی آئی ایچ ٹی کے کردار پر روشنی ڈالی
بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) ٹیکسٹائل صنعت کی عالمی مسابقت میں اضافہ کرے گا: نائب صدر
بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) ٹیکسٹائل صنعت کی عالمی مسابقت میں اضافہ کرے گا: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 FEB 2026 7:21PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر، جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج تمل ناڈو کے شہر سلیم میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہینڈلوم ٹیکنالوجی (آئی آئی ایچ ٹی) کے نئے تعلیمی بلاک کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران نائب صدر جمہوریہ نے سلیم کی تاریخی، ثقافتی اور معاشی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شہر نے تجارت، صنعت اور عوامی زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سلیم کا گہرا تعلق ممتاز قومی رہنما تھیرو سی راجا گوپال آچاریہ جی سے ہے، جنہوں نے یہیں سے اپنے نمایاں قانونی کیریئر کا آغاز کیا اور بعد میں سلیم میونسپلٹی کے رکن اور چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ نائب صدر نے حال ہی میں راشٹرپتی بھون میں راجا جی کے مجسمے کی نقاب کشائی کا بھی حوالہ دیا، جس نے ایڈورڈ لٹینز کے مجسمے کی جگہ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی آئی ایچ ٹی سلیم مقامی دستکاری اور جدید ٹیکسٹائل سائنس کے درمیان ایک اہم رابطے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ روایتی علم کو عصری ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے، اس ادارے نے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا ہے، معیارات کو بہتر بنایا ہے اور ہینڈلوم مصنوعات کی اصل شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پیداوار کو ممکن بنایا ہے۔
بھارت کی زرخیز ہینڈلوم وراثت روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ وارانسی کے ریشمی بروکیڈ، بنگال کی جامدانی، آسام کا موگا ریشم، کشمیر کی کانی شالیں، آندھرا پردیش کی وینکٹاگیری اور منگلاگیری بُنائی اور مدھیہ پردیش کی مہیشوری اور چندیری ساڑھیاں — بھارتی ہینڈلوم مصنوعات اپنی اعلیٰ دستکاری اور ثقافتی ورثے کی بدولت عالمی سطح پر پہچان حاصل کر چکی ہیں۔
انہوں نے تمل ناڈو کی متحرک بُنائی کی روایات کا بھی ذکر کیا، جن میں چیٹینادو کندانگی ساڑھیاں، کانچی پورم سلک، ارانی سلک، تھیروبھونم سلک، چنّیملائی کمبل، ناگرکوئل ویشٹیز اور تولیے، اور مدورائی سنگودی ساڑھیاں شامل ہیں۔ سلیم، ایروڈ، بھوانی، چنّیملائی، مدورائی، ستیہ منگلم، کرور، شنکرن کوول، اندی پٹّی، اٹّایاپورم، پرماکودی، سایارپورم، پولیام پٹّی اور سری ویلی پتھور آج بھی بُنائی کی مہارت کے معروف مراکز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
حالیہ تجارتی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ بھارت کی ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ کی مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی مرکوز کوششوں کی عکاس ہے۔
اس شعبے کی ترقی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ سلیم سے یورپی یونین کو ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ امبور سے چمڑے کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافے کی امید ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر نائب صدر نے زور دیا کہ آئی آئی ایچ ٹی سلیم ہینڈلوم شعبے کو ایک ایسی مستقبل سے ہم آہنگ تخلیقی صنعت میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جو قدر پیدا کرتا ہے، محنت کے وقار کو برقرار رکھتا ہے اور ملک بھر کے کاریگروں کے لیے پائیدار روزگار کو یقینی بناتا ہے۔
نائب صدر نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہینڈلوم ٹیکنالوجی (آئی آئی ایچ ٹی)، سلیم میں منعقدہ ایک نمائش کا بھی دورہ کیا جہاں ملک بھر سے ہینڈلوم مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔
اس تقریب میں ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ، تمل ناڈو حکومت کے وزیر سیاحت جناب آر راجندرن اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 3177
(ریلیز آئی ڈی: 2233690)
وزیٹر کاؤنٹر : 17