سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
“ٹی ڈی بی نے آیو کریام انوویشن لمٹیڈ کی‘ آٹو اسکوپ’ – ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی مکمل سلائیڈ امیجنگ تشخیصی نظام – کی ترقی کے لیے معاونت کی ہے”
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 FEB 2026 11:53AM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کے ڈیپ ٹیک اختراع اور صحت کے شعبے میں تکنیکی خود انحصاری کو فروغ دینے کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی ) ، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی(ڈی ایس ٹی ) نے ‘‘آٹو اسکوپ: اے فلی آٹو میٹیڈ ہول سلائڈ امیجنگ اینڈ اے آئی ڈرائیوین ڈائگنوسٹک سسٹم’’کے عنوان سے منصوبے کے لیے میسرز آیو کریام انوویشن پرائیویٹ لمٹیڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔
آیو کریام انوویشن پرائیویٹ لمٹیڈ ہندوستانی ادارہ برائے ٹیکنالوجی دہلی(آئی آئی ٹی، دہلی) کے شعبہ بایوکیمیکل انجینئرنگ اور بایوٹیکنالوجی میں قائم مالیکیولر امیجنگ اینڈ ڈائگناسٹکس لیب کی ایک ڈیپ ٹیک اسپن آف کمپنی ہے۔ یہ کمپنی جدید مائیکرواسکوپی نظاموں کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ مربوط کر کے صحت کی تشخیصی خدمات کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، تاکہ خصوصاً محدود وسائل والے علاقوں میں متعدی بیماریوں کی تیز، درست اور قابلِ نفاذ تشخیص ممکن بنائی جا سکے۔
آٹو اسکوپ پلیٹ فارم کو ایک مکمل خودکار ہول سلائیڈ امیجنگ نظام کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جس میں اے آئی پر مبنی تشخیصی صلاحیتیں شامل ہوں گی۔ اس نظام کا مقصد پیتھالوجی کے بنیادی ڈھانچے میں موجود اہم خلا کو پُر کرنا ہے، جس کے لیے اعلیٰ گنجائش، معیاری اور قابلِ توسیع تشخیصی ورک فلو فراہم کیے جائیں گے۔ مقامی تحقیق و ترقی(آر اینڈ ڈی ) اور اے آئی سے تقویت یافتہ تصویری تجزیات سے استفادہ کرتے ہوئےیہ ٹیکنالوجی تشخیصی درستگی میں اضافہ کرنے اور درآمد شدہ اعلیٰ معیار کے امیجنگ نظاموں پر انحصار کم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
ٹی ڈی بی کی جانب سے منظور شدہ مالی معاونت ایک مخصوص مینوفیکچرنگ سہولت کے قیام، متعدد مصنوعات کی تیاری اور جامع فیلڈ کارکردگی جائزوں میں معاون ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ مقامی طور پر تیار کردہ ڈیپ ٹیک پلیٹ فارم کی تجارتی بنیادوں پر فراہمی کو ممکن بنائے گا، ہندوستان کے تشخیصی نظام کو مضبوط کرے گا، اور سستی و قابلِ رسائی صحت کی سہولیات میں کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ٹی ڈی بی کے سکریٹری جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا:
‘‘ امیجنگ اور مصنوعی ذہانت کو یکجا کرنے والے جدید تشخیصی پلیٹ فارمز کی مقامی تیاری ہندوستان کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس معاونت کے ذریعے ٹی ڈی بی لیبارٹری میں ہونے والی اختراع کو مارکیٹ کے لیے تیار حل میں تبدیل کرنے کی رفتار تیز کرنا، درآمداتی انحصار کم کرنا، اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبے میں آتم نربھر بھارت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔’’
آیو کریام انوویشن پرائیویٹ لمٹیڈ کے بانیوں نے ٹی ڈی بی کی معاونت پر اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون آٹو اسکوپ فارم کی تیاری اور فیلڈ میں تعیناتی کے عمل کو نمایاں طور پر تیز کرے گا، جس سے ملک بھر میں قابلِ اعتماد اور ٹیکنالوجی سے مزین تشخیصی سہولیات تک وسیع رسائی ممکن ہو سکے گی۔
یہ منصوبہ ٹی ڈی بی کے اس مینڈیٹ کو تقویت دیتا ہے کہ وہ اندرونِ خانہ تحقیق و ترقی اور ادارہ جاتی روابط کے ذریعے تیار کی گئی مقامی ٹیکنالوجیز کی تجارتی بنیادوں پر فراہمی کے لیے مالی معاونت فراہم کرے اور صحت و طبی آلات جیسے اہم شعبوں میں اختراع پر مبنی ترقی کے لیے حکومتِ ہند کے مسلسل عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
*****
ش ح – ظ الف – ع د
UR No. 3080
(ریلیز آئی ڈی: 2233020)
وزیٹر کاؤنٹر : 8