امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
پی ایم جی کے اے وائی کے تحت سی بی ڈی سی پر مبنی غذائی سبسڈی تقسیم کا پائلٹ منصوبہ پڈوچیری میں شروع کیا جائے گا
مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی لیفٹیننٹ گورنر جناب کے کیلاش ناتھن اور وزیرِ اعلیٰ جناب این رنگاسامی کی موجودگی میں پائلٹ کا افتتاح کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 FEB 2026 6:14PM by PIB Delhi
ہندوستان کے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سبسڈی کی ترسیل میں شفافیت کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر حکومتِ ہند 26 فروری 2026 کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں پردھان منتری غریب کلیان اَنّا یوجنا (پی ایم جی کے اے وائی) کے تحت سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (سی بی ڈی سی) پر مبنی غذائی سبسڈی تقسیم کے پائلٹ منصوبے کا آغاز کرے گی۔
اس پائلٹ کا افتتاح امورِ صارفین، خوراک و عوامی نظام تقسیم کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر جناب کے کیلاش ناتھن، وزیرِ اعلیٰ جناب این رنگاسامی اور دیگر معزز شخصیات کی موجودگی میں کریں گے۔
ڈیجیٹل روپیہ یا ای-روپیہ بھارتی روپے کا ٹوکنائزڈ ڈیجیٹل ورژن ہے، جسے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) بطور سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (سی بی ڈی سی) جاری کرتا ہے۔ سی بی ڈی سی (ڈیجیٹل روپیہ) کا نفاذ براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) نظام کو مزید مؤثر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، کیونکہ یہ پی ایم جی کے اے وائی کے مستفیدین کے لیے محفوظ، فوری، قابلِ سراغ اور پروگرام کے مطابق استعمال ہونے والا ڈیجیٹل نقدی نظام مہیا کرتا ہے، جس سے فنڈ کی روانی ہموار ہوگی اور فوائد کے حصول میں رکاوٹیں کم ہوں گی۔
یہ اقدام عوامی تقسیم نظام (پی ڈی ایس) کے ذریعے غذائی سبسڈی کی فراہمی میں ایک اہم اصلاح کی علامت ہے، جس کے تحت ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ ڈیجیٹل روپیہ کو ڈی بی ٹی فریم ورک میں ضم کیا جا رہا ہے۔ پائلٹ منصوبے کے تحت شناخت شدہ مستفیدین کو غذائی سبسڈی پروگرام ایبل سی بی ڈی سی ٹوکنز کی شکل میں براہِ راست ان کے سی بی ڈی سی والٹس میں منتقل کی جائے گی۔ یہ ٹوکن صرف مجاز تاجروں اور منصفانہ قیمت کی دکانوں (ایف پی ایس) سے مستحق غذائی اجناس کی خریداری کے لیے قابلِ استعمال ہوں گے، جس سے سبسڈی کے مقصدی استعمال اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ پائلٹ حکومتِ پڈوچیری، ریزرو بینک آف انڈیا، پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم (پی ایف ایم ایس) اور نامزد بینکنگ شراکت دار کینرا بینک کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔
سی بی ڈی سی پر مبنی ڈیجیٹل فوڈ کرنسی اقدام ہندوستان کے غذائی تحفظ کے نظام میں ڈیجیٹل تبدیلی کے اگلے مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس کا مقصد سبسڈی کی ترسیل میں شفافیت، کارکردگی، جوابدہی اور مستفیدین کو بااختیار بنانا ہے۔
پڈوچیری میں نفاذ کے بعد اس سی بی ڈی سی پر مبنی پائلٹ منصوبے کو مرحلہ وار دیگر مستفیدین اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔
*********
ش ح ۔ م د۔ م ص
(U: 3057)
(ریلیز آئی ڈی: 2232837)
وزیٹر کاؤنٹر : 6