الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav AI Impact Summit 2026

پیش رفت سے بنیاد تک: عالمی ٹیک سربراہان نے اے آئی کے ذمہ دارانہ مستقبل کی وضاحت کی


اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اعتماد اتنی ہی تیزی سے پیدا کر سکتے ہیں جتنی تیزی سے ہم صلاحیت پیدا کر رہے ہیں: نکیش اروڑہ، سی ای او، پالو آلٹو نیٹ ورکس

ہندوستان کو خدمات کے پاور ہاؤس سے آئی پی  کے پاور ہاؤس میں تبدیل ہونا چاہیے: روشنی ناڈر، چیئرپرسن، ایچ سی ایل ٹیک

این ایکس پی سیمی کنڈکٹرز کے سی ٹی او، لارس ریگر نے ذہانت کو براہ راست آلات اور فزیکل سسٹمز میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا

سروس ناؤ کے صدر، سی پی او اور سی او او، امت زویری نے بڑے پیمانے پر اے آئی کو عملی جامہ پہنانے پر توجہ مرکوز کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 FEB 2026 9:33PM by PIB Delhi

انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کے ایک حصے کے طور پر، نکیش اروڑہ (سی ای او، پالو آلٹو نیٹ ورکس)، روشنی ناڈر (چیئرپرسن، ایچ سی ایل ٹیک)، لارس ریگر (سی ٹی او، این ایکس پی سیمی کنڈکٹرز) اور امت زویری (صدر، سی پی او اور سی او او، سروس ناؤ) کے کلیدی خطاب میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کس طرح مصنوعی ذہانت ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے — ایک ایسا مرحلہ جس کی تعریف نہ صرف تیز رفتار جدت طرازی سے ہوتی ہے، بلکہ اعتماد، سیکورٹی، گورننس اور وسیع پیمانے پر پھیلنے والے انفراسٹرکچر کی فوری ضرورت سے بھی ہوتی ہے۔

پالو آلٹو نیٹ ورکس کے سی ای او، نکیش اروڑا نے اے آئی کو جدید تاریخ کی تیز ترین تکنیکی تبدیلی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ آج کی جدت طرازی اداروں کی تیاری کی رفتار سے آگے نکل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’اے آئی ختم نہیں ہوگا۔ اسے گورننس کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اعتماد اتنی ہی تیزی سے پیدا کر سکتے ہیں جتنی تیزی سے ہم صلاحیت پیدا کر رہے ہیں۔‘‘ خود مختار، ایجنٹک سسٹمز  کے عروج پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’’اگر اے آئی آزادانہ طور پر کام کر سکتا ہے، تو گورننس، جوابدہی اور سکیورٹی بعد کی باتیں نہیں ہو سکتیں۔ انہیں بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔‘‘

ایچ سی ایل ٹیک کی چیئرپرسن، روشنی ناڈر نے اے آئی کو ہندوستان اور دنیا کے لیے ایک ساختی معاشی موڑ قرار دیا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ علم بذاتِ خود اب پروگرام کے قابل  بن رہا ہے، انہوں نے کہا، ’’اے آئی کے دور میں برتری محض پیمانے سے حاصل نہیں ہوگی، بلکہ یہ پلیٹ فارمز، املاک دانش (آئی پی)  اور جدت طرازی کی ملکیت سے حاصل ہوگی۔‘‘ ایک اسٹریٹجک تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’’ہندوستان کو خدمات کے پاور ہاؤس سے آئی پی کے پاور ہاؤس میں تبدیل ہونا چاہیے۔ خدمات محنت کے ساتھ بڑھتی ہیں، جبکہ املاک دانش بغیر کسی حد کے پھیلتی چلی جاتی ہے۔‘‘

ہارڈ ویئر اور ایج کمپیوٹنگ  کا نقطۂ نظر پیش کرتے ہوئے، این ایکس پی سیمی کنڈکٹرز  کے سی ٹی او لارس ریگر نے ذہانت کو براہ راست آلات اور فزیکل سسٹمز میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا، ’’اے آئی کا مستقبل صرف بڑے ڈیٹا سینٹرز تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ ایج پر ہے—یعنی گاڑیوں، فیکٹریوں، طبی آلات اور انفراسٹرکچر کے اندر۔‘‘ حفاظت اور سائبر سکیورٹی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’آلات کی سطح پر اعتماد کے بغیر، اے آئی کو اپنانے کا عمل رک جائے گا۔ فنکشنل سیفٹی اور سکیورٹی اختیاری خصوصیات نہیں ہیں، بلکہ یہ لازمی شرائط ہیں۔‘‘

کاروبار کے نقطۂ نظر  سے، سروس ناؤ کے صدر، سی پی او اور سی او او امت زویری نے بڑے پیمانے پر اے آئی کو عملی جامہ پہنانے پر توجہ مرکوز کی۔ تجربات اور تعیناتی کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’بہت سی تنظیمیں اے آئی کے آزمائشی منصوبے  چلا رہی ہیں، لیکن اسے بڑے پیمانے پر لانے کے لیے پلیٹ فارم کے اندرونی ڈھانچے میں گورننس، شفافیت اور کنٹرول کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘ اضافی خصوصیات کے بجائے مربوط نظام پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’’سکیورٹی اے آئی کے ساتھ نہیں رہ سکتی، بلکہ اسے ڈیزائن سے لے کر تعیناتی تک اس کے اندر ہی پیوست ہونا چاہیے۔‘‘

مجموعی طور پر، ان چاروں سربراہان نے ایک مشترکہ ضرورت پر زور دیا کہ اے آئی کا اگلا مرحلہ محض ماڈل کی مہارت  سے نہیں، بلکہ معیشتوں اور معاشروں کو چلانے والے نظاموں کے اندر محفوظ، موثر اور ذمہ دارانہ طریقے سے کام کرنے کی صلاحیت سے طے ہوگا۔ سائبر سکیورٹی اور املاک دانش سے لے کر ایج انٹیلی جنس اور ادارہ جاتی گورننس تک، ان کلیدی خطابات نے اس بات کی توثیق کی کہ اے آئی کا مستقبل اعتماد بطور انفراسٹرکچر پر منحصر ہوگا، جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ جدت طرازی اداروں کو مضبوط کرے، صارفین کا تحفظ کرے اور بڑے پیمانے پر پائیدار اور حقیقی دنیا پر اثرات مرتب کرے۔

******

ش ح۔ک ح

U. No. 2764


(ریلیز آئی ڈی: 2230618) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu