کارپوریٹ امور کی وزارتت
azadi ka amrit mahotsav

آئی آئی سی اے نے ڈائریکٹر جنرل و چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سربراہی میں کاروبار میں آسانی سے متعلق اعلیٰ سطحی مشاورتی گروپ قائم کیا


مشاورتی گروپ کمپنیز ایکٹ کے تحت تعمیل سے متعلق فائلنگ کے عمل کو آسان بنانے، برقی فارمز کو معقول اور مؤثر بنانے اور ڈیجیٹل حکمرانی کو مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا

 

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 FEB 2026 5:59PM by PIB Delhi

نئی دہلی: وزارتِ کارپوریٹ امور کے تحت کام کرنے والے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ افیئرز (آئی آئی سی اے) نے کاروبار میں آسانی (ای او ڈی بی) سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی گروپ قائم کر دیا ہے، جس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل و چیف ایگزیکٹو آفیسر، جناب گیانیشور کمار سنگھ کریں گے۔ یہ اقدام وزارت کے 31 دسمبر 2025 کے حکم کے تحت کیا گیا ہے اور حکومتِ ہند کے وژن "وکست بھارت @2047" سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد ایک مضبوط، شفاف اور عالمی سطح پر مسابقتی کاروباری ماحولیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔

اس مشاورتی گروپ کی تشکیل بھارت کے ضابطہ جاتی ماحول کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جس کا ہدف کارپوریٹ تعمیل کے عمل کو آسان بنانا اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کے فریم ورک سے استفادہ کرنا ہے۔ گروپ کمپنیز ایکٹ 2013 کے تحت تجویز کردہ برقی فارمز کے ذریعے تعمیل کی ضروریات کو معقول بنانے سے متعلق اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گا، ساتھ ہی عالمی بہترین طریقۂ کار کا جائزہ لے کر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ بھارت کا کارپوریٹ ضابطہ جاتی ڈھانچہ جدید، مؤثر اور سرمایہ کار دوست رہے۔

مشاورتی گروپ کو جامع مینڈیٹ سونپا گیا ہے تاکہ وہ تعمیل کی کارکردگی بہتر بنانے اور کاروباروں پر ضابطہ جاتی بوجھ کم کرنے کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کرے۔

گروپ مجوزہ اصلاحات کے عملی امکانات کا جائزہ لے گا اور مرحلہ وار نفاذ کا روڈ میپ تیار کرے گا تاکہ اصلاحات کو ہموار انداز میں نافذ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی فائلنگ کے دوہرے عمل کو یکجا کرنے، خودکاری اور واقعہ پر مبنی کارروائی کے نظام کے ذریعے کم کرنے سے متعلق رہنمائی فراہم کرے گا۔ صارفین کے تجربے اور ضابطہ جاتی وضاحت کو بہتر بنانے کے لیے مربوط فارم خاکہ جیسے نظامی ڈھانچوں کی تیاری پر بھی مشاورت دی جائے گی۔

مزید برآں، مشاورتی گروپ شراکت داروں سے مشاورت کو فروغ دے گا تاکہ پالیسی سازی میں شمولیتی عمل کو تقویت ملے، تعمیل کی کارکردگی اور کاروبار میں آسانی میں بہتری کا جائزہ لینے کے لیے اثرات کا تجزیہ کرے گا، اور کمپنیز ایکٹ، متعلقہ قواعد و ضوابط اور دیگر معاون امور میں مسودہ ترامیم کی سفارش کرے گا، تاکہ ایک جدید، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کارپوریٹ ضابطہ جاتی نظام کو تقویت دی جا سکے۔

مشاورتی گروپ کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل و چیف ایگزیکٹو آفیسر، آئی آئی سی اے، جناب گیانیشور کمار سنگھ کر رہے ہیں۔ حکومت، جامعات، صنعت اور پیشہ ورانہ اداروں کی نمائندگی کرنے والے معزز اراکین میں شامل ہیں:

  • جناب شانتنو مترا، سینئر اقتصادی مشیر، وزارتِ کارپوریٹ امور
  • جناب سنجے شوری، ڈائریکٹر جنرل برائے کارپوریٹ امور، وزارتِ کارپوریٹ امور
  • جناب بالامروگن ڈی، جوائنٹ سیکریٹری، وزارتِ کارپوریٹ امور
  • پروفیسر ہرپریت کور، وائس چانسلر، نیشنل لاء یونیورسٹی، جودھپور
  • جناب آشیش کمار چوہان، منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، نیشنل اسٹاک ایکسچینج آف انڈیا لمیٹڈ
  • جناب اجے بہل، بانی شراکت دار، اے زیڈ بی اینڈ پارٹنرز
  • جناب بہرام این۔ وکیل، بانی شراکت دار، اے زیڈ بی اینڈ پارٹنرز
  • جناب پی۔ آر۔ رمیش، سابق چیئرمین، ڈیلوئٹ انڈیا
  • پروفیسر ایم۔ پی۔ رام موہن، پروفیسر، آئی آئی ایم احمد آباد
  • پروفیسر وسنتھی سرینواسن، پروفیسر، آئی آئی ایم بنگلور
  • جناب پون کمار وجے، بانی، کارپوریٹ پروفیشنلز؛ سابق صدر، آئی سی ایس آئی
  • جناب راہل متھن، بانی شراکت دار، ٹرائی لیگل
  • ڈاکٹر پنکج دکشت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر و چیف مصنوعی ذہانت/ڈیجیٹل آفیسر، سگنیٹ۔ون
  • آئی سی اے آئی، آئی سی ایس آئی اور آئی سی ایم اے آئی کے نمائندگان
  • سی آئی آئی، فکی اور ایسوچیم کے نمائندگان
  • پروفیسر گریما دادھیچ، ایسوسی ایٹ پروفیسر و سربراہ، اسکول آف بزنس انوائرمنٹ، آئی آئی سی اے (رکن-کنوینر)

آئی آئی سی اے کا اسکول آف بزنس انوائرمنٹ مشاورتی گروپ کے سیکریٹریٹ کے طور پر خدمات انجام دے گا اور اس کی تحقیق، مشاورت اور رابطہ کاری کی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرے گا۔

وسیع تر اصلاحاتی اقدام کے تحت آئی آئی سی اے نے وزارتِ کارپوریٹ امور کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کے تحت “وکست بھارت 2047 کے لیے کاروبار میں آسانی کا ازسرِ نو تصور” کے عنوان سے ایک جامع تحقیقی مطالعہ کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ یہ مطالعہ شواہد پر مبنی سفارشات پیش کرے گا جو پالیسی میں جدت اور انتظامی اصلاحات کی معاون ثابت ہوں گی۔

********

ش ح ۔   م    د۔  م  ص

(U :  2664  )


(ریلیز آئی ڈی: 2229867) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी