ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
شمولیت کے لیے مصنوعی ذہانت: مرکزی وزرا دھرمیندر پردھان اور جینت چودھری نے انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں ایم ایس ڈی ای پویلین کا دورہ کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 FEB 2026 6:46PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری نیز وزیر مملکت برائے تعلیم جینت چودھری نے آج ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) کے پویلین کا دورہ کیا، جو انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کے سلسلے میں بھارت منڈپم میں جاری ہے۔ اس موقع پر حکومت ہند کے اس عزم کو اجاگر کیا گیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کا استعمال ہمہ گیر ترقی اور انسانی سرمائے کی تشکیل کے لیے ایک محرک کے طور پر کرے گی۔
دورے کے دوران وزراء نے پویلین میں پیش کی جانے والی اختراعات کا براہ راست مشاہدہ کیا، جہاں عملی، قابل توسیع اور ”انڈیا-فرسٹ“ اے آئی حل پیش کیے گئے تھے، جو پالیسی وژن کو زمینی سطح پر ٹھوس اثرات میں تبدیل کر رہے ہیں۔ پویلین میں یہ بھی دکھایا گیا کہ مصنوعی ذہانت محض اعلیٰ سطحی ایپلی کیشن تک محدود نہیں، بلکہ مختلف شعبوں اور طبقات میں مواقع کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور روزگار کے استحکام کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
پویلین میں اس بات کی جھلک پیش کی گئی کہ مصنوعی ذہانت کس طرح محدود یا صرف اعلیٰ سطحی استعمال سے آگے بڑھ کر نوجوانوں، کارکنوں، صنعت کاروں اور غیر منظم شعبے کے لیے حقیقی اور قابلِ پیمائش اثرات پیدا کر سکتی ہے۔ دلچسپ مظاہروں اور انٹرایکٹو تجربات کے ذریعے پویلین میں پالیسی کے عزم کو عملی حل میں تبدیل کر کے دکھایا گیا، یہ واضح کرتے ہوئے کہ اے آئی کس طرح مہارتوں تک رسائی کو وسعت دے سکتی ہے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہے اور روزمرہ کے روزگار کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
پویلین کا مرکزی نقطہ نظر ایک جامع فریم ورک تھا جو ”اے آئی میں اسکلنگ، اے آئی کے ساتھ اسکلنگ اور اے آئی کے لیے اسکلنگ“ کے تصور پر مبنی ہے، جس کے ذریعے یہ واضح کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت کو کس طرح پورے ہنرمندی نظام میں ضم کیا جا رہا ہے۔ ”اے آئی میں اسکلنگ“ کا مقصد بنیادی اور اعلیٰ سطح کی اے آئی مہارتوں کی تعمیر ہے، جس کے لیے ایس او اے آر جیسے اقدامات، این ایس کیو ایف سے ہم آہنگ ابھرتے ہوئے جاب رول اور صنعت کے ساتھ قریبی شراکت میں تیار کردہ مختصر المدتی نینو-کریڈینشل شامل ہیں۔ زائرین نے مائیکرو لرننگ ماڈیول، لائیو ڈیش بورڈ اور انٹرایکٹو تنصیبات کا تجربہ کیا، جنہوں نے یہ دکھایا کہ اے آئی خواندگی کو عمر، تعلیمی پس منظر اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر عام کیا جا سکتا ہے، تاکہ سیکھنے والے اے آئی سے تقویت یافتہ اور مستقبل پر مبنی کیریئر کی طرف منتقل ہو سکیں۔
پویلین میں نوجوان شرکاء، اسٹارٹ اپ اور حل فراہم کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینت چودھری نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی اے آئی حکمتِ عملی کو گہرائی سے ہمہ گیر اور روزگار پر مرکوز رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو انسانی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیے، نہ کہ ان کی جگہ لینا چاہیے اور ہنرمندی کے نظام کو تکنیکی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ انداز میں ارتقا پذیر ہونا ہوگا تاکہ بھارت کی آبادیاتی برتری مستقبل کے لیے تیار رہے۔
زائرین کے لیے ایک بڑی کشش نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے ایس آئی ڈی ایچ کے تحت تقویت یافتہ اے آئی پر مبنی ریکمینڈیشن انجن تھا۔ یہ پلیٹ فارم سیکھنے، سرٹیفکیشن اور کیریئر کے راستوں کو ایک متحد ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام میں ضم کرتا ہے، جس کے ذریعے طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد اپنی تعلیم، دلچسپیوں اور امنگوں کی بنیاد پر ذاتی نوعیت کی اسکلنگ اور کیریئر سفارشات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ حل حکومت کے اس مقصد کی تائید کرتا ہے کہ اے آئی تعلیم کو عام کیا جائے، باخبر ہنرمندی کے انتخاب میں رہنمائی فراہم کی جائے اور سیکھنے والوں کو صنعت سے ہم آہنگ مواقع سے جوڑا جائے۔
پویلین کے ”اسکلنگ فار اے آئی“ کے گیمیفائیڈ تجرباتی زون نے مصنوعی ذہانت کے انسانی اثرات کو حقیقت سے قریب مثالوں کے ذریعے نمایاں کیا، جن میں بھارت کے غیر منظم اور بلیو کالر ورک فورس سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔ انٹرایکٹو مظاہروں میں دکھایا گیا کہ کس طرح ایک چھوٹا کسان مٹی کی نگرانی اور کیڑوں کی پیش گوئی کے لیے اے آئی سے تقویت یافتہ آلات استعمال کر سکتا ہے؛ ایک الیکٹریشن موبائل پر مبنی اے آئی ایپلی کیشن کے ذریعے فوری طور پر خرابی کی تشخیص کر سکتا ہے؛ ایک تعمیراتی مزدور موقع پر ہی کثیر لسانی اے آئی تعلیمی معاونت حاصل کر سکتا ہے؛ اور ایک بُنکر اے آئی ٹول کی مدد سے حسبِ ضرورت ڈیزائن تیار کر کے نئی منڈیوں تک رسائی اور اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکتا ہے۔ ان مثالوں نے یہ پیغام مضبوط کیا کہ اے آئی صرف کوڈر یا بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں بلکہ روزمرہ معاشی سرگرمیوں کے لیے پیداواری صلاحیت میں اضافے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
اس کے ساتھ ”اسکلنگ وِد اے آئی“ کے حصے نے یہ بھی دکھایا کہ مصنوعی ذہانت خود ہنرمندی کی فراہمی، نگرانی اور نظم و نسق کو کس طرح تبدیل کر رہی ہے۔ اے آئی سے تقویت یافتہ نظام، جیسے اسکل انڈیا اسسٹنٹ، سیکھنے والوں کو ان کی قابلیت اور دلچسپیوں کے مطابق کیریئر راستوں کی رہنمائی فراہم کرتے ہیں، جبکہ اسکل انڈیا ڈیجیٹل ہب میں شامل ریکمینڈیشن انجن مختلف شعبوں میں ذاتی نوعیت کی کورس تجاویز پیش کرتے ہیں۔
پویلین میں اے آئی سے تقویت یافتہ نگرانی اور جائزہ لینے کی اختراعات کو بھی اجاگر کیا گیا، جن میں کمپیوٹر وژن پر مبنی آلات شامل ہیں جو عملی مہارتوں کا معروضی انداز میں جائزہ لیتے ہیں اور کام کی انجام دہی کو حقیقی وقت میں مشاہدہ کرتے ہیں۔ نظریاتی امتحانات سے آگے بڑھتے ہوئے، یہ ٹیکنالوجیز خصوصاً غیر منظم اور شاپ فلور ماحول میں مہارتوں کی تصدیق کے عمل میں شفافیت، معیار بندی اور اعتبار کو مضبوط بناتی ہیں۔ این سی وی ای ٹی سے منظور شدہ این ایس کیو ایف پاتھ وے کے ساتھ مربوط یہ آلات درست مہارت کی توثیق، تربیت کے معیار میں بہتری اور اسکل انڈیا ماحولیاتی نظام میں سیکھنے والوں کے لیے واضح پیش رفت کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اپنی جامع اور عملی نمائشوں کے ذریعے ایم ایس ڈی ای کے پویلین میں یہ دکھایا گیا کہ مصنوعی ذہانت کو کس طرح افراد کو بااختیار بنانے، روزگار کو مضبوط کرنے اور بھارت کی ورک فورس میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 میں اپنی شرکت کے ذریعے ایم ایس ڈی ای نے ایک ہمہ گیر، انسان دوست اور روزگار پر مبنی اے آئی ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا، جو ایک ہنر مند، مضبوط اور مستقبل کے لیے تیار وکست بھارت کے قومی وژن سے ہم آہنگ ہے۔
***********
ش ح۔ ف ش ع
U: 2602
(ریلیز آئی ڈی: 2229413)
وزیٹر کاؤنٹر : 8