وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وائس ایڈمرل کے کے نیئر یادگاری لیکچر 2026

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 17 FEB 2026 12:57PM by PIB Delhi

وائس ایڈمرل کے کے نیئر یادگاری لیکچر 2026 کا انعقاد 16 فروری 2026 کو نئی دلی میں کیا گیا، جونیشنل میری ٹائم فاؤنڈیشن (این ایم ایف) کے 21ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقد ہوا۔ یہ سالانہ لیکچر وائس ایڈمرل کے کے نیئر کی دائمی خدمات اور فکری وراثت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، جن کی دانشمندانہ بصیرت اور اسٹریٹجک دوراندیشی نے این ایم ایف کو بھارت کے ممتاز بحری فکری اور پالیسی ادارے کے طور پر مستحکم کیا۔

وائس ایڈمرل نیئر نہ صرف ایک ممتاز بحری افسر تھے بلکہ ایک وژنری اسٹریٹجک مفکر بھی تھے۔ انہوں نے بھارت میں طویل عرصے سے جاری بحری غفلت کے تدارک اور قومی سطح پر بحری شعور کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ این ایم ایف کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے اور وویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن (وی آئی ایف) کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے، ان کی خدمات آج بھی بھارت کے بحری اور تزویراتی وژن کی تشکیل میں رہنمائی فراہم کر رہی ہیں۔

تقریب کا آغاز این ایم ایف کے چیئرمین اور سابق سربراہ بحریہ ایڈمرل کرم بیر سنگھ کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے کلیدی خطاب کیا، جس میں انہوں نے وائس ایڈمرل نیئر کی میراث اور بھارت کی ترقی میں بحری شعور کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ایڈمرل ترپاٹھی نے اس بات پر زور دیا کہ این ایم ایف بھارت کا صفِ اول کا بحری تھنک ٹینک ہے، جو قومی سلامتی اور معاشی ترقی سے متعلق اہم امور پر تحقیق، علمی مکالمہ اور پالیسی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اپنی تحقیقی سرگرمیوں، اشاعتوں اور پالیسی سطح کی مشاورت کے ذریعے ادارہ قومی امنگوں کے مطابق بھارت کے بحری مستقبل کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

چیف آف نیول اسٹاف نے بھارتی بحریہ کی دوہری ذمہ داریوں—نگہبانی (موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنا) اور سرپرستی (مستقبل کے اسٹریٹجک تقاضوں کی تیاری)—کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرِ ہند و بحرالکاہل خطے میں ایک اہم سکیورٹی فراہم کنندہ کے طور پر بھارتی بحریہ کی بڑھتی ہوئی پہچان اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ آئندہ انٹرنیشنل فلیٹ رویومیں 70 سے زائد ممالک شرکت کریں گے۔

ان میں سے کئی ممالک 13ویں کثیر ملکی بحری مشق میلان اورانڈین اوشین نیول سیمپوزیم (آئی او این ایس) کے سربراہان کے 9ویں کانکلیو میں بھی شریک ہوں گے، جس کے دوران بھارت اس تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔

وائس ایڈمرل کے کے نیئر یادگاری لیکچر 2026: ’’زندگی بھر کی خدمت کو سلام‘‘

یادگاری لیکچر 2026 میں کلیدی خطاب این آر نارائن مورتی ، بانی، انفوسس  نے کیا۔ ان کا موضوع ’’زندگی بھر کی خدمت کو سلام‘‘ تھا۔ ٹیکنالوجی اور کاروباری قیادت کے ساتھ ساتھ اخلاقی انٹرپرینیورشپ کے لیے عالمی سطح پر معروف شری مورتی نے اپنے خطاب میں بھارت کی بحری طاقت اور 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی قومی خواہش کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تقدیر سمندروں سے جدا نہیں، اور بھارتی بحریہ محض ساحلی دفاع تک محدود نہیں بلکہ قومی سلامتی کی ضامن، بحری تجارت کی محافظ اور بھارت کے عالمی عزائم کی تقویت کا ذریعہ ہے۔ جدید جنگ میں ٹیکنالوجی کے انقلابی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے مصنوعی ذہانت، خودکار نظاموں اور سائبر صلاحیتوں کی بڑھتی اہمیت پر بات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے بحریہ کی مستقل اقدار—نظم و ضبط، جرأت، ٹیم ورک، دیانت اور قومی فخر—کو بھارت کی مجموعی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔

اس تقریب میں بھارتی مسلح افواج کے سینئر موجودہ اور ریٹائرڈ افسران، سفارتی برادری کے اراکین، ممتاز ماہرینِ تعلیم و تزویرات، نیز وائس ایڈمرل نیئر کے اہلِ خانہ اور قریبی رفقا نے شرکت کی۔

آخر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نیشنل میری ٹائم فاؤنڈیشن وائس ایڈمرل کے کے نیئر کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے بحری شعور میں اضافہ، بامعنی پالیسی مباحث کی حوصلہ افزائی، اور بھارت کے بحری دائرۂ اختیار کی پائیدار و محفوظ ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔اع خ۔ت ا

U-2575


(ریلیز آئی ڈی: 2229143) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil