جل شکتی وزارت
آئی سی ڈی ایس 2026 کے افتتاحی اجلاس میں بھارت کے ڈیم سیفٹی فریم ورک کو مضبوط بنانے سے متعلق اہم رہنما خطوط اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جاری کیے گئے
لانچ کے موقع پر اے آئی سے تقویت یافتہ چیٹ پلیٹ فارم اور ڈیٹا مینجمنٹ پلیٹ فارم متعارف کرائے گئے، نیز ڈیزائن سیلاب کے تخمینہ (ڈیزائن فلڈ تخمینہ )سے متعلق رہنما خطوط بھی جاری کی گئیں
ان اقدامات سے سیلاب کے یکساں ڈیزائن تخمینے اور خطرات سے باخبر فیصلہ سازی میں مدد ملنے کی توقع ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 FEB 2026 10:32AM by PIB Delhi
ڈیم سیفٹی پر بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی ڈی ایس) 2026 ایک اہم عالمی فورم ہے جو ڈیم سیفٹی اور آبی بنیادی ڈھانچے کے انتظام کے شعبے میں معلومات، پالیسی اور عملی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے وقف ہے۔ یہ کانفرنس ہندوستان اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ریگولیٹرز، ڈیم مالکان، انجینئروں، محققین، پالیسی سازوں اور صنعت سے وابستہ پیشہ ور افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے، تاکہ وہ ابھرتے ہوئے چیلنجوں، ریگولیٹری فریم ورک، تکنیکی اختراعات اور ڈیم سیفٹی کے لیے خطرے سے باخبر طریقۂ کار پر اپنے تجربات اور بصیرت کا تبادلہ کر سکیں۔
آئی سی ڈی ایس 2026 باخبر مکالمے، صلاحیت سازی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، جو بدلتے ہوئے آب و ہوا اور ترقیاتی تناظر میں ڈیم سیفٹی نظام اور واٹر گورننس کو مسلسل مضبوط بنانے کی حمایت کرتا ہے۔
ڈیم سیفٹی پر بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی ڈی ایس) 2026 کے افتتاحی اجلاس کے دوران ڈیم سیفٹی گورننس کو مضبوط بنانے، تکنیکی ہم آہنگی کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں آبی وسائل اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق اہم اعداد و شمار تک رسائی میں اضافہ کرنے کے مقصد سے متعدد اہم رہنما خطوط اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جاری اور لانچ کیے گئے۔

ڈیم چیٹ — مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ ڈیم سیفٹی نالج پلیٹ فارم کا آغاز
افتتاحی اجلاس کے دوران نمایاں لانچوں میں ڈیم چیٹ شامل تھا، جو ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ اسے انٹرنیشنل سینٹر آف ایکسی لینس فار ڈیمز (آئی سی ای ڈی)، آئی آئی ٹی روڑکی نے تیار کیا ہے اور اس کا باضابطہ اجرا نائب وزیرِ اعلیٰ کرناٹک، جناب ڈی کے شیوکمار نے کیا۔
حالیہ برسوں میں ڈیم سیفٹی ایکٹ 2021 کے نفاذ، تفصیلی ضابطہ جاتی قواعد کی تیاری اور تکنیکی رہنما خطوط کے اجرا کے ذریعے ہندوستان کے ڈیم سیفٹی فریم ورک کو نمایاں طور پر مضبوط کیا گیا ہے۔ تاہم، ان فریم ورکس کا مؤثر نفاذ اس بات پر منحصر ہے کہ ڈیم مالکان، انجینئروں اور عملی سطح پر کام کرنے والے ماہرین کو ریگولیٹری معلومات تک حقیقی وقت میں رسائی، ان کی درست تشریح اور عملی اطلاق کی کتنی صلاحیت حاصل ہے۔
جوں جوں تکنیکی لٹریچر اور ضابطہ جاتی دستاویزات کا حجم بڑھتا جا رہا ہے، مؤثر عمل درآمد کا دارومدار اس امر پر ہے کہ متعلقہ پریکٹیشنرز اس معلومات تک کتنی تیزی اور درستی کے ساتھ رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور اسے سمجھ سکتے ہیں۔ ڈیم چیٹ اس خلا کو پُر کرتا ہے، کیونکہ یہ ڈیم مالکان، انجینئروں اور فیلڈ حکام کو حقیقی وقت میں پیچیدہ ریگولیٹری فریم ورکس سے سوال کرنے اور قابلِ اعتماد، مستند حوالہ جات پر مبنی جوابات حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔
محض ایک ڈیجیٹل ٹول ہونے سے بڑھ کر، ڈیم چیٹ کا مقصد ریگولیٹری معلومات اور زمینی سطح پر عمل درآمد کے درمیان فاصلے کو کم کرنا، باخبر فیصلہ سازی کو فروغ دینا، اور پورے شعبے میں بہتر تعمیل اور کارکردگی کی حمایت کرنا ہے۔

جل شکتی — ڈیٹا مینجمنٹ اور فیصلہ معاون پلیٹ فارم

دوسرا اہم لانچ جل شکتی — ڈیٹا مینجمنٹ پلیٹ فارم تھا، جسے نیشنل واٹر انفارمیٹکس سینٹر (این ڈبلیو آئی سی) نے بی آئی ایس اے جی-این کے تکنیکی تعاون سے تیار کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا باضابطہ اجرا مرکزی وزیرِ مملکت، وزارت جل شکتی، جناب راج بھوشن چودھری نے کیا۔
یہ پلیٹ فارم متعدد قومی اور ریاستی ایجنسیوں سے حاصل ہونے والے پانی سے متعلق اعداد و شمار کی بصری نمائندگی (ویژولائزیشن) اور تجزیہ کو ممکن بناتا ہے، اور پالیسی سازوں، محققین، منتظمین کے ساتھ ساتھ عام صارفین کو پانی سے متعلق اہم امور کی تلاش اور تجزیے کے لیے صارف دوست عوامی ٹولز فراہم کرتا ہے۔ فی الحال اس پلیٹ فارم پر 59 یوز کیسز تیار اور میزبانی کیے جا رہے ہیں، جو پانی کی مقدار، پانی کے معیار، آبی منصوبہ بندی، ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات، بنیادی ڈھانچے، آب و ہوا، اور یوٹیلیٹیز/مطالعات/سرویز سمیت مختلف ڈیٹا گروپس کا احاطہ کرتے ہیں۔
چھوٹے اور مائیکرو کیچمنٹ علاقوں کے لیے سیلاب کی پیش گوئی کے ڈیزائن سے متعلق رہنما خطوط، نیز ایڈوانسڈ سینٹر فار انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز مینجٹٹ (اے سی آئی ڈبلیو آر ایم)، کرناٹک کی اشاعتیں

افتتاحی اجلاس کے دوران ایڈوانسڈ سینٹر فار انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز مینجمنٹ (اے سی آئی ڈبلیو آر ایم)، کرناٹک کی اشاعتوں اور منی و مائیکرو کیچمنٹ ایریاز والے ڈیموں کے لیے ڈیزائن فلڈ کے تخمینے سے متعلق رہنما خطوط کا بھی اجرا کیا گیا۔ یہ رہنما خطوط مرکزی آبی کمیشن (سی ڈبلیو سی) نے محکمہ آبی وسائل، وزارت جل شکتی کے تحت ڈیم سیفٹی ایکٹ 2021 کے تناظر میں تیار کیے ہیں، جن کا اجرا وزیرِ اعلیٰ کرناٹک، جناب سدارامیا کے ذریعے عمل میں آیا۔
ڈیم سیفٹی ایکٹ 2021 ممکنہ خطرات کے تخمینے اور ان کے انتظام کے لیے ڈیم بریک تجزیے اور سیلابی نقشہ سازی کے ساتھ ساتھ ڈیزائن فلڈ کے وقتاً فوقتاً جائزے کی ہدایت دیتا ہے۔ تاہم، منی اور مائیکرو کیچمنٹس کے لیے ڈیزائن فلڈ کے تخمینے میں رائج طریقۂ کار عموماً صرف زیادہ سے زیادہ سیلابی تخمینے پر توجہ دیتا ہے اور مکمل فلڈ ہائیڈروگراف کے حصول کے لیے واضح طریقۂ کار فراہم نہیں کرتا—جبکہ یہ ڈیم بریک اور زیریں علاقوں پر اثرات کے مطالعے کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے۔
اس خلا کو مدنظر رکھتے ہوئے، نئے جاری کردہ رہنما خطوط منی اور مائیکرو کیچمنٹ والے ڈیموں کے لیے ڈیزائن فلڈ ہائیڈروگراف کے تخمینے کا ایک یکساں، شفاف، عملی اور تکنیکی طور پر مضبوط فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ مرکزی آبی کمیشن کی جانب سے تیار کردہ یہ رہنما خطوط ڈیزائن فلڈ ہائیڈروگراف کے تخمینے کے لیے ایک معیاری اور سائنسی بنیاد قائم کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ رہنما خطوط ریاستی حکومتوں، ڈیم ڈیزائنرز، کنسلٹنٹس اور جانچ کرنے والی ایجنسیوں کو مستقل اور سائنسی انداز میں سیلابی مطالعات انجام دینے کے قابل بنا کر ایز آف ڈوئنگ بزنس میں نمایاں بہتری لائیں گے۔

ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے اجرا اور تکنیکی رہنما خطوط کی اشاعت مجموعی طور پر ڈیم سیفٹی گورننس، تکنیکی ہم آہنگی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو مضبوط بنانے کی ایک مربوط کوشش کی عکاسی کرتی ہے، جو ڈیم سیفٹی ایکٹ 2021 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ مکمل اجلاسوں اور تکنیکی سیشنز میں مرکوز مباحثوں کے ذریعے، توقع ہے کہ آئی سی ڈی ایس 2026 معلومات کے تبادلے، صلاحیت سازی اور کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو فروغ دے گا، جو ملک بھر میں ڈیم کے بنیادی ڈھانچے کی بہتر حفاظت، لچک اور پائیداری میں معاون ثابت ہوگا۔

***
UR-2448
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2227993)
وزیٹر کاؤنٹر : 14