قانون اور انصاف کی وزارت
’’ٹیلی لا: محروم طبقات تک رسائی‘‘ اسکیم
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 FEB 2026 6:36PM by PIB Delhi
جامع انداز میں انصاف تک رسائی کے لیے اختراعی حل تیار کرنے کی دِشا اسکیم کے تحت، ٹیلی لا پروگرام شہریوں کو وکلاء سے جوڑتا ہے تاکہ مقدمہ دائر کرنے سے پہلے قانونی مشورہ فراہم کیا جا سکے۔ یہ سہولت گرام پنچایت کی سطح پر گاؤں سطح کے کاروباری افراد کے ذریعے چلائے جانے والے مشترکہ خدمات مراکز میں دستیاب ویڈیو اور ٹیلی کانفرنسنگ سہولیات، ٹیلی لا موبائل ایپ اور ٹول فری نمبر 14454 کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔
ٹیلی لا پروگرام کے تحت 2024 سے ملک بھر کے تقریباً 500 امنگ والے بلاکس میں نیائے سہایک مقرر کیے گئے ہیں، تاکہ شہریوں کو گھر گھر جا کر قانونی خدمات میں مدد فراہم کی جا سکے، ٹیلی لا پروگرام کے تحت قانونی مشورہ حاصل کرنے میں معاونت کی جا سکے، ٹیلی لا پلیٹ فارم پر مقدمات کے اندراج میں سہولت دی جا سکے، اور مستفیدین و پینل وکلاء کے درمیان ایک اہم رابطہ کا کردار ادا کیا جا سکے۔ نیائے سہایک ملک کے امنگ والے بلاکس میں برادری کی سطح پر سہولت کار کے طور پر سرگرم ہیں۔ وہ گھر گھر پہنچ کر، برادری سے ملاقاتوں اور مقامی مہمات کے ذریعے قانونی حقوق اور مراعات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ملک کی 36 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں پھیلے ہوئے 776 اضلاع (جن میں 112 امنگ والے اضلاع اور 500 امنگ والے بلاکس شامل ہیں) میں قائم 2,50,000 مشترکہ خدمات مراکز کے نیٹ ورک کے ذریعے، ٹیلی لا پروگرام نے 31.01.2026 تک مستفیدین کو 1.12 کروڑ سے زائد مقدمہ سے پہلے قانونی مشورے فراہم کیے ہیں۔
ٹیلی لا پروگرام کے تحت اس وقت 31 جنوری 2026 تک اتر پردیش کے جونپور اور مچھلی شہر پارلیمانی حلقوں میں بالترتیب 800 اور 51 مشترکہ خدمات مراکز کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران 31 جنوری 2026 تک جونپور حلقے میں ٹیلی لا کے تحت ویڈیو، ٹیلی فون اور موبائل ایپ کے ذریعے مجموعی طور پر 7,527 مستفیدین کو مقدمہ سے پہلے قانونی مشورہ فراہم کیا گیا، جبکہ مچھلی شہر حلقے میں 140 مشورے فراہم کیے گئے۔
حکومت نے اسکیم کی رسائی کو سماج کے حاشیے پر موجود اور محروم طبقات، بشمول خواتین، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل اور دیگر طبقات تک بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ٹیلی لا پروگرام کے تحت مقدمہ سے پہلے قانونی مشورہ کئی زبانوں میں فراہم کیا جاتا ہے۔ وقتاً فوقتاً قومی سطح کے ویب نار اور علاقائی ورکشاپس منعقد کی جاتی ہیں، جس سے اسکیم کی رسائی مستفیدین تک بڑھتی ہے۔
اسکیم کی رسائی میں مزید اضافہ کرنے کے لیے ٹیلی لا ویب پورٹل اور ٹیلی لا ایپلی کیشن کا ترجمہ آئین کی 22 درج شدہ زبانوں میں کر دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ ٹیلی لا پلیٹ فارم کو نیائے بندھو (رضاکارانہ قانونی خدمات) پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے، تاکہ قانونی خدمات اتھارٹیز ایکٹ، 1987 کی دفعہ 12 کے تحت اہل مستفیدین کو عدالتوں میں قانونی نمائندگی فراہم کرنے میں سہولت ہو سکے۔
یہ معلومات آج لوک سبھا میں وزارتِ قانون و انصاف کے وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور وزارتِ پارلیمانی امور کے وزیرِ مملکت جناب ارجن رام میگھوال نے فراہم کیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2429
(ریلیز آئی ڈی: 2227956)
وزیٹر کاؤنٹر : 4