پنچایتی راج کی وزارت
اوڈیشہ میں پنچایتوں کو مضبوط کرنا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 FEB 2026 2:34PM by PIB Delhi
ریاست اوڈیشہ میں اس وقت 6,794 گرام پنچایتیں فعال طور پر کام کر رہی ہیں۔ پنچایت بطور ایک مقامی حکومت، ایک ریاستی موضوع ہے اور آئینِ ہند کے ساتویں شیڈول کی ریاستی فہرست میں شامل ہے۔ پنچایتیں متعلقہ ریاستی پنچایتی راج قوانین کے تحت قائم اور فعال ہوتی ہیں، جو آئین کی دفعات کے تابع ریاست بہ ریاست مختلف ہو سکتے ہیں۔
آئین کا آرٹیکل 243(جی) کسی بھی ریاست کی مقننہ کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ قانون سازی کے ذریعے معاشی ترقی اور سماجی انصاف کے لیے منصوبوں کی تیاری اور ان کے نفاذ کے سلسلے میں، آئین کے گیارہویں شیڈول میں شامل 29 موضوعات سمیت، مناسب سطح پر پنچایتوں کو اختیارات اور ذمہ داریاں منتقل کرے۔ اس کے مطابق، پنچایتوں سے متعلق تمام امور، بشمول پنچایتی راج اداروں کو مضبوط بنانا، ریاستی حکومت کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔
ریاستی حکومتِ اوڈیشہ نے اطلاع دی ہے کہ مقامی خود مختار اداروں کے طور پر پنچایتی راج اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں آئینی دفعات کے مطابق 11 محکموں کے 21 موضوعات پر پی آر آئیز کو اختیارات کی منتقلی، قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات، پنچایتوں کی تمام سطحوں پر آسامیوں کے قیام کے ذریعے انتظامی معاونت کو مضبوط بنانا، شراکت دارانہ منصوبہ بندی، اور مؤثر صلاحیت سازی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
مزید برآں، یہ وزارت مالی سال 2022-23 سے ایک مرکزی معاونت یافتہ اسکیم تجدید شدہ راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے )نافذ کر رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد منتخب نمائندوں (ای آرز) اور دیگر متعلقہ فریقین کو قیادتی کرداروں کے لیے تربیت فراہم کر کے پنچایتی راج اداروں کی گورننس صلاحیت کو فروغ دینا ہے، تاکہ اوڈیشہ سمیت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گرام پنچایتیں مؤثر انداز میں کام کر سکیں۔
آر جی ایس اے اسکیم کے تحت منتخب نمائندوں، عہدیداروں اور پنچایتوں سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے مختلف زمروں میں صلاحیت سازی اور تربیت کی معاونت فراہم کی جاتی ہے، جن میں بنیادی واقفیتی اور ریفریشر تربیت، موضوعاتی تربیت، خصوصی تربیت، اور پنچایت ڈیولپمنٹ پلان (پی ڈی پی )سے متعلق تربیت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ اسکیم مختلف ترقیاتی شعبوں میں بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کے لیے بیکن پنچایتوں میں منتخب نمائندوں اور عہدیداروں کے نمائشی مطالعاتی دوروں کی بھی حمایت کرتی ہے۔
پنچایتی راج اداروں کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد تربیتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ لیڈرشپ اور مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام (ایم ڈی پی ) کے تحت انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم ) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی )جیسے ممتاز اداروں کے ذریعے منتخب نمائندوں اور عہدیداروں کی قیادتی معلومات اور مہارتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
گرام پنچایتوں کی مالی خود کفالت کو فروغ دینے کے لیے، آئی آئی ایم احمد آباد کے اشتراک سے ایک مخصوص اون سورس ریونیو (او ایس آر) تربیتی ماڈیول تیار کیا گیا ہے۔ مزید برآں، وزارت نے پنچایتوں کی منتخب خواتین نمائندوں (ڈبلیو ای آر)کے لیے ایک خصوصی تربیتی ماڈیول بھی شروع کیا ہے، جس کا مقصد ان کی قیادتی اور انتظامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور ان کے کرداروں اور ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔
مالی سال 2022-23 سے 2025-26 کے دوران، ریاست اوڈیشہ کو آر جی ایس اے اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 112.23 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ سال وار جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات ذیل میں دی گئی ہیں۔
|
شمار نمبر
|
مالی سال
|
جاری کردہ فنڈز (کروڑ روپے میں)
|
|
1
|
2022-23
|
11.40
|
|
2
|
2023-24
|
27.33
|
|
3
|
2024-25
|
20.00
|
|
4
|
2025-26
|
53.50 (بتاریخ 03.02.2026)
|
|
کل
|
|
112.23
|
ریاستوں میں پنچایتوں / دیہی مقامی اداروں (آر ایل بیز) کو مرکزی مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق مالی گرانٹس فراہم کی جاتی ہیں۔ پندرہویں مالیاتی کمیشن نے مالی سال 2020-21 کے دوران ریاست اوڈیشہ میں دیہی مقامی اداروں (آر ایل بیز) کے لیے 2,258 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی سفارش کی ہے۔ مزید برآں، مالی سال 2021-26 کی مدت کے لیے ریاست میں آر ایل بیز کے لیے 8,800 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
مالی سال 2022-23 سے لے کر 2025-26 تک (31 جنوری 2026 تک)، آر جی ایس اے اسکیم کے تحت ریاست اوڈیشہ میں مجموعی طور پر 7,50,736 شرکاء کو تربیت فراہم کی گئی۔
حکومت اوڈیشہ نے مطلع کیا ہے کہ انہوں نے پنچایت سطح پر خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ای۔گورننس اقدامات، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ، مالی شفافیت، شکایات کے ازالے اور سماجی احتساب کے ذریعے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
مزید برآں، یہ وزارت آر جی ایس اے کے تحت ای۔پنچایت مشن موڈ پروجیکٹ (ایم ایم پی) کو نافذ کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں نچلی سطح پر شفافیت، کارکردگی اور حکمرانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ای۔پنچایت ایم ایم پی کے تحت تیار کردہ ای۔گرام سوراج ایپلی کیشن نے پنچایت سطح پر ڈیجیٹل منصوبہ بندی، حساب کتاب، نگرانی اور آن لائن ادائیگیوں کو ممکن بنایا ہے۔ ای۔گرام سوراج کو پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم (پی ایف ایم ایس) کے ساتھ مربوط کرنے سے فروخت کنندگان اور خدمات فراہم کرنے والوں کو حقیقی وقت میں ادائیگیاں ممکن ہو سکی ہیں، جس سے فنڈز کے بہاؤ میں سہولت اور تاخیر میں کمی آئی ہے۔
تاحال، اوڈیشہ کی تمام 6,794 گرام پنچایتوں نے اپنے گرام پنچایت ترقیاتی منصوبے ای۔گرام سوراج پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کر دیے ہیں۔ مزید برآں، تمام گرام پنچایتوں کو ای۔گرام سوراج–پی ایف ایم ایس انٹرفیس پر شامل کیا جا چکا ہے۔
وزارت نے ای۔گرام سوراج پلیٹ فارم کو دیگر قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط کر کے مزید مضبوط بنایا ہے۔ گورنمنٹ ای۔مارکیٹ پلیس (جیم) کے ساتھ انضمام گرام پنچایتوں کے ذریعے شفاف، مؤثر اور قواعد پر مبنی خریداری کو یقینی بناتا ہے۔ بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے ساتھ انضمام گرام پنچایتوں کو پنچایت سطح پر انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے لیے درخواست دینے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ بھاشنی کے ساتھ انضمام ای۔گرام سوراج تک کثیر لسانی رسائی کو ممکن بناتا ہے، جس سے علاقائی زبانوں میں رسائی بہتر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، موسم کی پیش گوئی سے متعلق معلومات کے انضمام سے مقامی منصوبہ بندی اور بروقت فیصلہ سازی میں مدد ملتی ہے، خصوصاً زراعت اور آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں۔
شفافیت اور شہریوں کی معلومات تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے وزارت نے ’میری پنچایت‘ جیسی ایپلی کیشن تیار کی ہے، جو پنچایتوں کے منصوبوں، سرگرمیوں اور کاموں کی پیش رفت سے متعلق معلومات عوام کو فراہم کرتی ہے۔ اسی طرح، پنچایت نرنئے ایک آن لائن ایپلی کیشن ہے جس کا مقصد گرام سبھاؤں کے انعقاد میں شفافیت اور بہتر انتظام کو فروغ دینا ہے۔
مزید برآں، ’آڈٹ آن لائن‘ ایپلی کیشن اپریل 2020 میں شروع کی گئی، جو پنچایت کھاتوں، مالی انتظام اور مرکزی مالیاتی کمیشن کی گرانٹس کے استعمال کے شفاف آڈٹ کے لیے آن لائن نظام فراہم کرتی ہے۔
یہ معلومات مرکزی وزیر جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے 11 فروری 2026 کو راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔
***
UR-2163
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2226643)
وزیٹر کاؤنٹر : 5