کانکنی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کانوں کی وزارت ایکسپلوریشن لائسنس کی نیلامی کا دوسرا حصہ شروع کرے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 FEB 2026 3:36PM by PIB Delhi

کانوں کی وزارت سول سروسز آفیسرز انسٹی ٹیوٹ (سی ایس او آئی) نئی دہلی میں 12 فروری 2026 کو ایکسپلوریشن لائسنس (ای ایل) بلاکس کی نیلامی کا دوسرا حصہ شروع کرے گی، جو ہندوستان کی جاری اصلاحات میں ایک اور اہم سنگ میل ہے اورجس کا مقصد معدنیات کی تلاش و جستجوکے عمل  کو مضبوط بنانا اور طویل مدتی معدنی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر اہم اور گہری معدنیات کے لیے ۔

افتتاحی تقریب کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی کی موجودگی میں کانوں کی وزارت کے سینئر عہدیداروں اور ریاستی حکومتوں ، صنعت اور دیگر اہم حصص داروں کے نمائندوں کے ساتھ منعقد ہوگی ۔

اس موقع پر وزارت، جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) کے نیکسٹ جنریشن ڈیجیٹل پورٹل کی نقاب کشائی بھی کرے گی ۔ یہ پورٹل کلاؤڈ سے چلنے والے واحد پلیٹ فارم پر ڈیٹا کے حصول، تجزیہ، تصور اور پھیلاؤ کو یکجا کرتا ہے۔ اے آئی/ایم ایل پر مبنی ٹولز اور نیشنل جیو سائنس ڈیٹا ریپوزیٹری (این جی ڈی آر) کے ساتھ باہمی تعاون سے لیس اس پورٹل سے معدنیات کی تلاش کے ماحولیاتی نظام میں شفافیت، حسن کارکردگی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی میں نمایاں اضافہ ہونے کی امید ہے۔

آغاز کے ایک حصے کے طور پر، ایکسپلوریشن لائسنس فریم ورک ، نیلامی کے طریقہ کار اور ایکسپلورر کے لیے دستیاب مراعات کے ساتھ حصص داروں کے لیے ایک جامع روڈ شو پروگرام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس پروگرام میں ایم ایس ٹی سی پورٹل ، نیلامی کے قواعداور نیشنل منرل ایکسپلوریشن ٹرسٹ (این ایم ای ٹی) اسکیم کے ذریعے ای-نیلامی کے عمل پر پریزنٹیشنز شامل ہوں گے۔حصص داروں کے سوالات اور تجاویز کو حل کرنے کے لیے ایک اوپن ہاؤس سیشن بھی منعقد کیا جائے گا ۔

ایکسپلوریشن لائسنس کی نیلامی کا دوسرا حصہ پہلےحصہ  کے کامیاب رول آؤٹ پر مبنی ہے ۔ نایاب/ ریئر ارتھ ایلیمنٹس (آر ای ای) زنک، ڈائمنڈ، کاپر اور پلاٹینم گروپ ایلیمنٹس (پی جی ای) جیسی اہم معدنیات کا احاطہ کرنے والے 13 ایکسپلوریشن لائسنس بلاکس پر مشتمل پہلے حصہ کا مشترکہ طور پر 13 مارچ 2025 کو گوا میں کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی اور گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے آغاز کیا تھا ۔

**********

) ش ح –    م م      -  ش ہ ب )

U.No. 2145


(ریلیز آئی ڈی: 2226541) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu