بجلی کی وزارت
بجلی ( ترمیمی ) بل ، 2025 کے مسودے کا مقصد بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کی تعمیر میں غیر ضروری اور بے کار دوہرے عمل کو ختم کرنا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 FEB 2026 4:14PM by PIB Delhi
بجلی کے وزیر مملکت جناب شری پد نائیک نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ بجلی سے متعلق ایکٹ، 2003 پہلے ہی ایک ہی علاقے میں بجلی کی ترسیل کے متعدد لائسنسز کی اجازت دیتا ہے اور ترسیل کے نیٹ ورک تک غیر امتیازی اور کھلی رسائی کو لازمی قرار دیتا ہے۔ تاہم، موجودہ صورتِ حال میں ، ہر نئے لائسنس دہندہ کو اپنا الگ نیٹ ورک قائم کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے کھمبے، تاریں اور ذیلی اسٹیشنز بار بار بنائے جاتے ہیں اور اس کے سبب بجلی سب کے لیے مہنگی ہو جاتی ہے۔
بجلی ( ترمیمی ) بل ، 2025 کے مسودے میں تجویز کردہ ترمیم کا مقصد یہی غیر ضروری اور بے کار دوہرے عمل کو ختم کرنا ہے۔ اس کے مطابق، بجلی کی تقسیم کا ایک لائسنس دہندہ ، دوسرے تقسیم کنندہ کے نیٹ ورک کا استعمال کر سکے گا بشرطیکہ وہ ریاستی بجلی انضباطی کمیشن ( ایس ای آر سی ) کے مقرر کردہ چارجز ادا کرے تاکہ صارفین کو بجلی کی فراہمی کی جا سکے۔
ایکٹ کے تحت، ترسیل کے ہر لائسنس دہندہ کے لیے بجلی کی سپلائی کا علاقہ متعین ہوتا ہے اور لائسنس جاری کرتے وقت ایس ای آر سی کی منظوری ضروری ہے۔ ضمنی قوانین پہلے ہی کم از کم جغرافیائی رقبہ طے کرتے ہیں، جو یا تو مکمل میونسپل کارپوریشن یا کم از کم تین جڑے ہوئے ریونیو اضلاع پر محیط ہونا چاہیے یا اسی طرح کا ایک چھوٹا علاقہ مجاز حکومت کے ذریعے نوٹیفائی کیا گیا ہو ۔
ہر لائسنس دہندہ، چاہے وہ سرکاری ہو یا نجی، بجلی کی سپلائی کے اپنے علاقے کے تمام صارفین بشمول دیہی اور گھریلو صارفین کو بجلی فراہم کرنے کی ہمہ گیر خدمات فراہم کرنے کی ذمہ داری برقرار رکھے گا، سوائے ان بڑے صارفین کے ، جن کے لیے ایس ای آر سی نے خاص استثنیٰ دیا ہو۔ یہ بل بجلی کے ترسیل کنندگان پر لازم کرتا ہے کہ وہ اپنے سپلائی علاقے کے تمام صارفین کو بغیر کسی امتیاز کے بجلی فراہم کریں۔
تجویز کردہ ترمیم کے مطابق، ایس ای آر سیز کو لازمی ہدایت دی جائے گی کہ وہ ایک واضح فریم ورک تیار کریں، جس کے تحت ایک ہی سپلائی والے علاقے میں متعدد لائسنس دہندگان متعارف کرائے جا سکیں تاکہ شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
توقع ہے کہ اس ترمیم سے زرعی اور گھریلو صارفین پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا بلکہ مسابقت کی وجہ سے خدمات کی فراہمی کے معیار میں بہتری آئے گی۔ مزید برآں، مخصوص صارف زمروں جیسے کہ زرعی اور گھریلو صارفین کے لیے سبسڈیز ریاستی حکومت سیکشن 65 کے تحت جاری رکھ سکتی ہے۔
........................
) ش ح – م ع - ع ا )
U.No. 1965
(ریلیز آئی ڈی: 2225516)
وزیٹر کاؤنٹر : 5