اسٹیل کی وزارت
این ایم ڈی سی ہنرمندی کی ترقی کے ذریعے وکست بھارت مشن کو مضبوط کرنے کے
ساتھ بستر کے نوجوانوں کے لیے سو فیصد روزگار کی فراہمی کا جشن منا رہا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 FEB 2026 12:51PM by PIB Delhi
ہندوستان کی سب سے بڑی لوہا پیدا کرنے والی کمپنی این ایم ڈی سی لمیٹڈ نے بستر ڈویژن کے 80 نوجوانوں کے پہلے بیچ کا خیر مقدم کیا، جنہوں نے روزگار پر مبنی ہنرمندی کی تربیت کامیابی سے مکمل کی اور سو فیصد تقرری حاصل کی۔ یہ چھتیس گڑھ کے نوجوانوں کو آتم نربھر بنانے کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے اور ہنرمندی کی ترقی، جامع ترقی اور قومی تعمیر کے لیے این ایم ڈی سی کے عزم کو مضبوط کرتا ہے۔
یہ پروگرام این ایم ڈی سی کے ہنری مندی کی ترقی کے پہل کے تحت اس کی سی ایس آر کوششوں کے حصے کے طور پر سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پیٹروکیمیکلز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (سی پی ای ٹی) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد بستر کے بے روزگار اور کم مراعات یافتہ قبائلی نوجوانوں کو صنعت سے متعلق مہارتوں سے لیس کرنا اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تہنیت اور تبادلہ خیال کی یہ تقریب این ایم ڈی سی کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی میں منعقدہوئی، جس میں جناب امیتاو مکھرجی، چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر، جناب ونے کمار، ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) اور ڈائریکٹر (کمرشل، ایڈیشنل چارج)، جناب جوئے دیپ داس گپتا، ڈائریکٹر (پروڈکشن) اور ڈائریکٹر (پرسنل، ایڈیشنل چارج)، جناب پی شیام، جنرل منیجر (سی ایس آر) اور جناب بی راوی، پرنسپل ڈائریکٹر، سی پی ای ٹی کے علاوہ این ایم ڈی سی اور سی پی ای ٹی کے سینئر افسران اور ملازمین شامل تھے۔
چھتیس گڑھ کے مختلف اضلاع (جن میں دانتے واڑہ، بستر، سکما، نارائن پور، کونڈاگاؤں اور بیجاپور شامل ہیں) سے تعلق رکھنے والے اور متوسط خاندانوں سے آنے والے طلبہ نے اپنی زندگی کے بارے میں گفتگو کی ، جہاں مواقع محدود اور انتخاب کے راستے کم تھے۔ ان کے مطابق ہنرمندی کے تربیتی پروگرام سےنہ صرف روزگار فراہم کیا، بلکہ انہیں یہ اعتماد بھی فراہم کیا کہ وہ اپنے آبائی علاقوں سے باہر جا کر خود مختار طور پر کمانا شروع کر سکیں۔
بستر سے تعلق رکھنے والے بارہویں جماعت پاس نوجوان سکھرام نے ایسے بچپن کا ذکر کیا، جو کم عمری میں ہونے والے نقصان اور محدود وسائل سے متاثر رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت ملنے سے ا ن کے خاندان کی زندگی کا رخ بدل جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے کبھی معلوم نہیں تھا کہ میں اپنے آبائی شہر سے کیسے نکل پاؤں گا۔ آج میں کام کرنے اور کمانے جا رہا ہوں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے این ایم ڈی سی کے چیئرمین جناب امیتاو مکھرجی نے کہا کہ بستر کے نوجوانوں کو باقاعدہ روزگار میں قدم رکھتے دیکھنا اس بات کی یاد دہانی ہے کہ مواقع کس طرح زندگی بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 80 تربیت یافتہ نوجوانوں میں سے کئی اس لمحے تک پہنچنے کے لیے نہ صرف فاصلے طے کر کے آئے ہیں، بلکہ اعتماد کے لحاظ سے بھی ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ صرف ملازمت کی بات نہیں ہے۔ یہ اس بات کا احساس ہے کہ نوجوان خود کو افرادی قوت اور ملک کی ترقی کی کہانی کا حصہ سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لمحات اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانا آتم نربھر بستر اور زیادہ جامع وِکست بھارت کی تعمیر کے لیے کیوں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب ونے کمار ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) اور ڈائریکٹر (کمرشل، ایڈیشنل چارج) نے برسوں کے دوران چھتیس گڑھ میں آنے والی نمایاں تبدیلی کا ذکر کیا اور کہا کہ این ایم ڈی سی اپنے قیام کے آغاز سے ہی اس سفر کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ان کے پیشہ ورانہ کریئر کے آغاز پر نیک خواہشات پیش کیں۔
جناب جوئے دیپ داس گپتا ،ڈائریکٹر (پروڈکشن) اور ڈائریکٹر (پرسنل، ایڈیشنل چارج) نے ان تقرریوں کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ طلبہ کی زندگی میں ایک مضبوط قدم ہے۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سیکھنے کا عمل جاری رکھیں، اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں اور مستقبل کے کاروباری رہنما بننے کی کوشش کریں۔
اس پروگرام کے تحت اہلیت کو جامع رکھا گیا، جس میں کم از کم تعلیمی قابلیت آٹھویں جماعت مقرر کی گئی، تاکہ اسکول چھوڑنے والے طلبہ اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے نوجوان ہنرمندی کے نظام سے باہر نہ رہ جائیں۔ پہلے بیچ میں 80 امداد یافتہ طلبہ شامل تھے اور ان سبھی کو کامیابی کے ساتھ روزگار فراہم ہو چکا ہے، جو اس پہل کی مؤثریت کی عکاسی کرتا ہے۔
این ایم ڈی سی–سی پی ای ٹی اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے بارے میں:
اپنے سی ایس آر پروگرام کے تحت، این ایم ڈی سی نے سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پیٹروکیمیکلز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (سی پی ای ٹی) کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ دانتے واڑہ اور بستر اضلاع کے 500 نوجوانوں کو مفت ہنرمندی کی تربیت فراہم کی جا سکے۔ این ایم ڈی سی کی جانب سے مکمل طور پر مالی اعانت یافتہ اس اقدام کے تحت شرکاء کو صنعت سے متعلق مہارتیں فراہم کی جاتی ہیں، جن میں مختلف تعلیمی سطحوں کے کورسز جیسے آپریٹر سطح کے قلیل مدتی کورسز سے لے کر پلاسٹکس ٹیکنالوجی میں ڈپلومہ اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز تک شامل ہیں۔ اس پہل کا مقصد روزگار کے امکانات میں اضافہ کرنا اور مقامی افرادی قوت کو مضبوط بنانا ہے۔
**********
UR-1810
(ش ح۔ م ع ن-م ذ)
(ریلیز آئی ڈی: 2224444)
وزیٹر کاؤنٹر : 3