وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

تاریخی عمارتوں کا تحفظ اور دیکھ بھال

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 05 FEB 2026 3:20PM by PIB Delhi

ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب  گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ  ملک بھر میں 3686 محفوظ شدہ تاریخی عمارتیں اور محفوظ علاقے (مقامات) موجود ہیں، جن کی دیکھ بھال آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے ذریعے کی جاتی ہے۔

کچھ محفوظ تاریخی عمارتوں اور محفوظ علاقوں کے اندر یا آس پاس ناجائز قبضوں اور غیر قانونی تعمیرات کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے قدیم تاریخی عمارتیں اور آثارِ قدیمہ کے مقامات و باقیات ایکٹ، 1958 اور اس کے تحت بنائے گئے ضوابط، 1959 کی دفعات پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

نیشنل ہیریٹیج سٹی ڈیولپمنٹ اینڈ آگمینٹیشن یوجنا (ایچ آر آئی ڈی اے وائی) اسکیم مکانات اور شہری امور کی وزارت نے جنوری 2015 میں شروع کی تھی۔ اس اسکیم کا مقصد تاریخی شہروں کی روح کو محفوظ اور ازسرِ نو زندہ کرنا تھا تاکہ شہروں کی منفرد شناخت کو اجاگر کیا جا سکے اور ایک خوبصورت، قابلِ رسائی، معلوماتی اور محفوظ ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔اس اسکیم کے تحت تاریخی شہروں کی منصوبہ بند اور حکمتِ عملی کے تحت ترقی کی گئی، جس کا مقصد مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر بنانا تھا، خاص طور پر صاف صفائی، سلامتی، سیاحت، ثقافتی ورثے کی بحالی اور روزگار پر توجہ دیتے ہوئے، تاکہ شہروں کی ثقافتی شناخت برقرار رہے۔یہ مشن 12 شہروں میں نافذ کیا گیا، جن میں اجمیر (راجستھان)، امراوتی (آندھرا پردیش)، امرتسر (پنجاب)، بادامی (کرناٹک)، دوارکا (گجرات)، گیا (بہار)، کانچی پورم اور ویلَنکنی (تمل ناڈو)، متھرا اور وارانسی (اتر پردیش)، پوری (اڈیشہ) اور ورنگل (تلنگانہ) شامل ہیں۔یہ مشن 31 مارچ 2019 کو اختتام پذیر ہوا۔

محفوظ شدہ تاریخی عمارتوں اور محفوظ علاقوں (مقامات) کے تحفظ یا مرمت کے سلسلے میں، ایسے کام اے ایس آئی  کے ذریعے ضرورت اور تقاضے کے مطابق، دستیاب فنڈز اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے، قومی پالیسی برائے تحفظ کے تحت انجام دیے جاتے ہیں۔ یہ ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔

*****

ش ح۔ک ح۔ ن م

U-1799


(ریلیز آئی ڈی: 2224350) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी