زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

زرعی ترقی کے لیے ریاست میں کسانوں کے لئے  سائنسی انتظامی ہم آہنگی پر مبنی ایک  ٹیم تشکیل دی جائے گی؛ فصلوں کے تنوع


اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا

مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مربوط زرعی نظام کے ذریعے کسانوں کی آمدنی دوگنی کی جائے گی

مرکزاور ریاستی تعاون کے ذریعے چھتیس گڑھ میں دیہی و زرعی ترقی میں  انقلاب دیکھنے کو ملا، 18 لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کئے، ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بنیں اور بااختیار خواتین گروپس تشکیل دیئے گئے

اہم سرکاری اسکیموں کے تحت کسانوں اور دیہی برادریوں کے لیے نئے مواقع فراہم کئے گئے،  دالوں، تیل کی فصلوں  اور خواتین کی قیادت میں روزگار کے فروغ پر زور دیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 JAN 2026 7:01PM by PIB Delhi

زراعت اورکسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب  شیو راج سنگھ چوہان نے آج رائے پور میں ریاستی سطح کے جائزہ میٹنگ  میں شرکت کی اور اس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ زراعت اور دیہی ترقی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے سائنسدانوں، کسانوں اور مرکزی و ریاستی حکومت کے افسران پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو مقامی زرعی و موسمی حالات کے مطابق فصلوں میں تنوع اور پیداوار میں اضافے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، ریاست بھر میں مربوط زرعی نظام (انٹیگریٹڈ فارمنگ سسٹمز) اور ایسے پروگرام نافذ کیے جائیں گے جو چھوٹے اور حاشیہ پر موجود کسانوں کے لیے آمدنی کے متنوع ذرائع پیدا کریں۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ معزز وزیر اعلیٰ جناب وشنو دیو سائی کی قیادت میں ریاستی حکومت زراعت اور دیہی ترقی کے تمام پہلوؤں پر سرگرمی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کھپری میں کسانوں سے براہِ راست ملاقات کی اور جدید زرعی طریقوں کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ  جناب  وشنو دیو سائی، نائب وزیر اعلیٰ جناب وجے شرما اور ریاستی وزیرِ زراعت جناب رام وچار نیتام بھی موجود تھے۔

00.jpeg

وزیر موصوف نے پھلوں اور سبزیوں کی کاشت سے متعلق جدید زرعی طریقوں کا مشاہدہ کیا، جن میں گرافٹنگ نرسریاں، ٹماٹر اور شملہ مرچ  کی کاشت کے  بھاٹا طریقہ کار نیز ڈریگن فروٹ، کھجور، بلیوبیری اور کیلے کی کاشت شامل تھی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جہاں روایتی فصلوں سے فی ایکڑ آمدنی تقریباً 35000 سے 40000 روپے ہوتی ہے، وہیں جدید باغبانی اور ہائی ٹیک زرعی طریقوں کو اپنانے سے کسانوں کی آمدنی بڑھ کر  ایک سے 2 لاکھ روپے فی ایکڑ تک ہو سکتی ہے۔ محکمہ زراعت کی ٹیموں نے کیڑے مار ادویات کے سائنسی استعمال، بیماریوں کے نظم و نسق اور زیادہ پیداوار دینے والی فصلوں کی اقسام کے انتخاب سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔

جناب چوہان نے کہا کہ بنجر اور غیر زیرِ کاشت زمینوں پر دالوں کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ دالوں جیسے مسور، اُرد، مونگ اور ارہر کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر خریداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مونگ پھلی، سرسوں اور پام آئل جیسی تیل والی  فصلوں کی کاشت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ریاست میں مربوط زرعی نظام (انٹیگریٹڈ فارمنگ سسٹمز) نافذ کیے جائیں گے تاکہ چھوٹے اور حاشیہ پر موجود کسانوں کو آمدنی کے متعدد ذرائع دستیاب ہوسکیں۔ ان نظاموں میں مویشی پروری، ماہی پروری، باغبانی، صنعتی فصلیں اور نامیاتی کاشت شامل ہوں گی، جس سے کسانوں کی آمدنی کو پائیدار بنایا جا سکے گا۔

دیہی ترقی کے شعبے سے متعلق اہم اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے جناب چوہان نے بتایا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت گزشتہ ڈیڑھ سال میں چھتیس گڑھ میں 1812742 مکانات منظور کیے گئے اور فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت ریاست بھر میں مجموعی طور پر 47847 کلومیٹر طویل 10199 سڑکیں اور 123 بڑے پل تعمیر کیے گئے ہیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر  زراعت نے کہا کہ ‘لکھ پتی دیدی اسکیم’ سیلف ہیلپ گروپس  یعنی اپنی مدد آپ گروپس(ایس ایچ جیز) کے ذریعے تیزی سے نافذ کی جا رہی ہے۔ اس وقت 276000 ایس ایچ جیز کے ساتھ 3068000 خواتین وابستہ ہیں، جبکہ 432000 خواتین مائیکرو انٹرپرائزز میں سرگرم عمل ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین مستفیدین کو 11196.16 کروڑ روپے کی قرض بطور معاونت بھی فراہم کی گئی ہے۔

زراعت کےمرکزی وزیر نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں زراعت اور دیہی ترقی کے ہر پہلو میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم جناب  نریندر مودی کی قیادت میں حکومتِ ہند ریاست میں دیہی اور زرعی ترقی کو تیز کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور ریاستی حکومت کی ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسانوں، غریب خاندانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق تمام اقدامات تیز رفتاری سے نافذ کیے جا رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔م م ع۔ن م۔

U- 1417


(ریلیز آئی ڈی: 2222048) وزیٹر کاؤنٹر : 16