لوک سبھا سکریٹریٹ
لوک سبھا کے اسپیکر نے بھارت کے 77ویں یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی
प्रविष्टि तिथि:
25 JAN 2026 2:21PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے بھارت کے 77ویں یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے عوام کو مبارکباد دی ہے۔
جناب برلا نے اپنے پیغام میں کہا ’’میرے عزیز ہم وطنو! 77ویں یومِ جمہوریہ کے پُرمسرت موقع پر میں آپ سب کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ یہ قومی دن نہ صرف ہمارے آئین کے نفاذ کی یاد دہانی ہے بلکہ بھارت کی جمہوری اقدار، قومی یکجہتی اور عوام کی طاقت پر ہمارے غیر متزلزل یقین کا جشن بھی ہے۔
آج ہی کے دن 77برس قبل 26 جنوری 1950 کو، ہم نے خود کو ایک خودمختار اور جمہوری ملک کے طور پر قائم کیا۔
ہمارا آئین نہ صرف نظامِ حکمرانی کا خاکہ پیش کرتا ہے بلکہ ہر شہری کو مساوات، آزادی اور انصاف کے حقوق کی ضمانت بھی دیتا ہے۔ یہ ہماری قوم کی روح ہے جو بھارت کی بے پناہ تنوع کو ایک واحد دھاگے میں پروئے رکھتا ہے۔ اسی آئین کی رہنمائی میں ہم نے اپنے جمہوری سفر کے دوران متعدد چیلنجز کا سامنا کیا اور ملک کی ہمہ جہت اور جامع ترقی کو یقینی بنایا۔
اس سال کا یومِ جمہوریہ اس لیے بھی خاص ہے کہ اس موقع پر قومی نغمہ وندے ماترم کی تخلیق کے 150 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ وندے ماترم نے ہماری جدوجہدِ آزادی کو تحریک دی، ہماری خودداری کو آواز بخشی اور مادرِ وطن سے ہماری عقیدت کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔
میرے عزیز ہم وطنو! آج بھارت ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے، خواہ وہ معاشی ترقی ہو، تکنیکی اختراعات ہوں یا سماجی انصاف کے لیے اٹھائے گئے اقدامات۔ یہ پیش رفت لاکھوں شہریوں کی محنت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کا نتیجہ ہے۔ ان کامیابیوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہمیں خلوصِ دل کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے ہوں گے۔
اس پُرمسرت دن پر ہم ان تمام عظیم قائدین، مجاہدینِ آزادی اور آئین کے معماروں کو شکرگزاری کے ساتھ یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنی قربانی، لگن اور دوراندیشی کے ذریعے اس عظیم ملک کی مضبوط بنیاد رکھی۔
آج آئیے ہم سب مل کر اس عزم کی تجدید کریں کہ اپنی جمہوریت کے وقار کی حفاظت کریں گے، اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ اسی لگن کے ساتھ اپنے فرائض بھی ادا کریں گے، اور آزادی، مساوات، انصاف اور اخوت کی اُن قدروں کو مزید مضبوط بنائیں گے جن پر ہماری جمہوریہ قائم ہے۔
آئیے ہم سب متحد ہو کر ایک ایسا بھارت تعمیر کریں جو مضبوط، جامع اور دنیا کے لیے باعثِ تحریک ہو۔
یومِ جمہوریہ کی دلی مبارکباد۔
جئے ہند!
**************
ش ح ۔ ش ت۔ م الف
U. No.1292
(रिलीज़ आईडी: 2220832)
आगंतुक पटल : 4