ارضیاتی سائنس کی وزارت
پارلیمانی سوال: پیش گوئی کا نظام
پیش گوئی کا بھارتی نظام: موسم کی پیش گوئیوں کی درستگی
प्रविष्टि तिथि:
29 JAN 2026 5:08PM by PIB Delhi
بھارت فورکاسٹ سسٹم (بھارت ایف ایس) نئے نافذ کردہ مثلثی مکعبی اوکٹاہیڈرل (ٹی سی او) ڈائنامیکل گرڈ پر مبنی ہے، جو ماڈل کو تقریباً 6 کلو میٹر افقی ریزولیوشن پر کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس کے ذریعے ارضیاتی ساخت (اوروگرافی) کی بہتر نمائندگی، مؤثر فلٹرنگ اور بہتر تحفظاتی خصوصیات حاصل ہوتی ہیں۔ افقی ریزولیوشن میں اضافے کے ساتھ بھارت ایف ایس ہر 6 کلو میٹر پر الگ الگ پیش گوئیاں تیار کر سکتا ہے۔ اس قدر بلند ریزولیوشن پر بھارت ایف ایس کی بہتر کارکردگی کے باعث یہ ماڈل ضلع اور بلاک سطح پر، جہاں عام طور پر ریزولیوشن 12 کلو میٹر یا اس سے زیادہ ہوتی ہے، موسم کی پیش گوئیوں اور انتہائی موسمی حالات کے بارے میں زیادہ مؤثر رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔
کسانوں، ماہی گیروں اور آفات سے متاثرہ علاقوں کے لیے ابتدائی انتباہی نظام میں بہتری
بھارت ایف ایس 6.5 کلو میٹر ریزولیوشن پر بارش، درجۂ حرارت، کم دباؤ کے نظام کی تشکیل اور دیگر اہم فضائی حالات سے متعلق 10 دن کی پیش گوئی فراہم کرتا ہے، جس سے مختلف شعبوں کے لیے، بالخصوص کسانوں، ماہی گیروں اور آفات کے خطرے سے دوچار برادریوں کے لیے، بروقت ابتدائی انتباہات جاری کرنے میں ماڈل کی مؤثر رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔
مقامی حکام اور ہنگامی خدمات کے لیے تربیت
ماڈل کے نتائج براہِ راست متعلقہ فریقوں تک فراہم نہیں کیے جاتے، تاہم محکمۂ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) اس ماڈل کی بنیاد پر سمندری طوفانوں، انتہائی شدید بارش اور دیگر متعلقہ موسمی واقعات کے بارے میں عملی نوعیت کی پیش گوئیاں اور مشاورتی ہدایات جاری کرتا ہے، جو ہنگامی خدمات کے لیے قابلِ عمل رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔
ایپس یا پلیٹ فارمز میں انضمام
بھارت فورکاسٹ سسٹم (بھارت ایف ایس) کے ماڈل کے نتائج محکمۂ موسمیاتِ ہند کی درج ذیل عوامی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں:
https://nwp.imd.gov.in/bharatfsproducts_cycle00_mausam_ar.php
شہری نکاسیٔ آب اور انسدادی سیلاب کے بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی میں معاونت
بھارت ایف ایس ایک عالمی ماڈل ہے جو 6.5 کلو میٹر افقی ریزولیوشن پر فضائی متغیرات کی 10 روزہ پیش گوئی فراہم کرتا ہے۔ تاہم اس ماڈل کے نتائج علاقائی سیلابی پیش گوئی کے ماڈلز کے لیے ابتدائی اور حدی حالات کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں، جو سیلاب سے متعلق مخصوص متغیرات، مثلاً ندی نالوں کے بہاؤ، پانی کی سطح اور سیلاب کے پھیلاؤ کی پیش گوئی کر سکتے ہیں۔ اس طرح یہ ماڈل شہری نکاسیٔ آب اور سیلابی کنٹرول کے بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی میں مؤثر معاون ثابت ہوتا ہے۔
یہ معلومات آج راجیہ سبھا میں ارضیاتی سائنسز اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک تحریری جواب میں فراہم کیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-1262
(रिलीज़ आईडी: 2220471)
आगंतुक पटल : 3