ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی اے کیو ایم انفورسمنٹ ٹاسک فورس نے این سی آر بھر میں معائنے اور عمل درآمد کی کارروائیوں کا جائزہ لیا

प्रविष्टि तिथि: 22 JAN 2026 5:07PM by PIB Delhi

قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے بندوبست کے کمیشن (سی اے کیو ایم) کی انفورسمنٹ ٹاسک فورس (ای ٹی ایف) کا 124 واں اجلاس 21 جنوری 2026 کو منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں 7 جنوری 2026 سے 19 جنوری 2026 کے درمیان این سی آر میں کی جانے والی نفاذی اور معائنہ کاری کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس مدت کے دوران، کمیشن کے فلائنگ اسکواڈز نے فضائی آلودگی پھیلانے والے اہم شعبوں بشمول صنعتوں، ڈیزل جنریٹر (ڈی جی) سیٹس، تعمیراتی و انہدامی (سی اینڈی ڈی) سرگرمیوں، سڑکوں کی دھول اور بائیو ماس اور میونسپل سالڈ ویسٹ (ایم ایس ڈبلیو) کے جلانے یا جمع ہونے کے معاملات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس مدت کے دوران فلائنگ اسکواڈز نے فضائی آلودگی سے متعلق اہم شعبوں میں مجموعی طور پر 330 معائنے کیے، جن میں 241 صنعتیں، 22 ڈیزل جنریٹر (ڈی جی )سیٹس اور پانچ تعمیراتی و انہدامی (سی اینڈ ڈی) سائٹس شامل تھیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی دھول اور کچرے کے ڈھیروں کی جانچ کے لیے 62 شاہراہوں کا معائنہ بھی کیا گیا۔ ان معائنوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 90 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جن میں 66 صنعتی شعبے میں، 2 ڈیزل جنریٹر سیٹس سے متعلق، 4 تعمیراتی سائٹس پر اور 18 سڑکوں کی دھول سے متعلق تھیں۔

ان 330 معائنوں میں سے 72 معاملات میں نفاذی کارروائیوں کی سفارش کی گئی، جن میں یونٹس کی بندش، ڈیزل جنریٹر سیٹس کو سیل کرنا اور وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنا شامل ہیں۔

 کمیشن نے معائنہ ٹیموں کی جانب سے موصول ہونے والی بندش کی سفارشات کا جائزہ بھی لیا اورکہا کہ 9 ریڈی مکس کنکریٹ (آر ایم سی)پلانٹس کو بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مزید برآں، 8 جنوری 2026 اور 13 جنوری 2026 کو 150 سڑکوں پر خصوصی معائنہ مہم چلائی گئی، جس میں نوئیڈا کی 23 اور فرید آباد میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں آنے والی 127 سڑکیں شامل تھیں۔

معائنہ کی گئی 150 شاہراہوں میں سے 20 مقامات پر گرد و غبار کی سطح بہت زیادہ، 34 پر درمیانی اور 75 پر کم پائی گئی۔ دھول پر قابو پانے کے اقدامات کی خلاف ورزی پر 13 جنوری 2026 کو میونسپل کارپوریشن دہلی (ایم سی ڈی) کے ڈپٹی کمشنر کو نوٹس جاری کیا گیا، جس کے جواب میں اب تک ایم سی ڈی کے 5 زونز سے کی گئی کارروائی کی رپورٹس (اےٹی آر) موصول ہو چکی ہیں۔

فلائنگ اسکواڈز نے 14 جنوری 2026 کو شمالی دہلی کے ان علاقوں میں جو ایم سی ڈی کے زیرِ انتظام ہیں، بائیو ماس اور میونسپل سالڈ ویسٹ (کچرا) جلانے اور پھینکنے کے واقعات کی جانچ کے لیے ایک خصوصی مہم بھی چلائی۔ اس دوران 65 مقامات کا معائنہ کیا گیا جہاں بائیو ماس یا کچرا جلانے کے 47 اور کچرا پھینکنے کے 18 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن کی رپورٹس تفصیلی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھیج دی گئی ہیں۔

21 جنوری 2026 تک مجموعی طور پر 25,232 یونٹس، منصوبوں اور اداروں کا معائنہ کیا جا چکا ہے جن کی بنیاد پر قوانین کی خلاف ورزی پر 1,643 یونٹس کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ان میں سے 1,261 یونٹس کو قواعد کی تعمیل کی تصدیق کے بعد دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ 108 کیسز حتمی فیصلے کے لیے متعلقہ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈز یا دہلی پولیوشن کنٹرول کمیٹی کو منتقل کیے گئے ہیں اور بقیہ 274 کیسز میں دوبارہ کام شروع کرنے کی درخواستیں ضابطے کے مطابق زیرِ غور ہیں۔

کمیشن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پورے این سی آر میں فضائی آلودگی کے مؤثر خاتمے کے لیے فعال عمل درآمد، اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے ضابطوں کی سخت تعمیل اور تمام متعلقہ اداروں کی مربوط کارروائی انتہائی ناگزیر ہے۔

******

ش ح۔ک ح۔ع ر

U. No. 934


(रिलीज़ आईडी: 2217453) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी