وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

نئی دہلی میں ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور جاپان کوسٹ گارڈ کے درمیان 22ویں اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد


دونوں فریقوں نے آزاد، کھلے اور ضوابط پر مبنی بحری نظام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا

प्रविष्टि तिथि: 14 JAN 2026 10:10PM by PIB Delhi

ہندوستانی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) اور جاپان کوسٹ گارڈ (جے سی جی) کے درمیان 22ویں اعلیٰ سطحی  میٹنگ 14 جنوری 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا بحری شراکت داری کی توثیق کی گئی۔ کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل  جناب پرمیش سیوامنی اور جاپان کوسٹ گارڈ کے کمانڈنٹ ایڈمرل یوشیو ساگوچی نےاس میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی۔ ایڈمرل یوشیو ساگوچی 13 سے 17 جنوری 2026 تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہیں اور وہ نو رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

اعلیٰ سطحی  میٹنگ میں دونوں فریقوں کو دوطرفہ تعاون کے موجودہ فریم ورک کا جائزہ لینے اور عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ملا۔ بات چیت کے دوران سمندری تلاش و بچاؤ (میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو-ایس اے آر)، بحری آلودگی سے نمٹنے(ایم پی آر)، بحری قانون کے نفاذ (ایم ایل ای) اور صلاحیت سازی جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔دونوں فریقوں نے بہترین طریقۂ کار کے تبادلے، باہمی عملی ہم آہنگی  میں اضافہ اور دونوں کوسٹ گارڈز کے درمیان تعاون کے موجودہ یاداشت (میمورنڈم آف کوآپریشن) کے تحت منظم روابط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

گفتگو میں ابھرتے ہوئے اور مستقبل پر مبنی شعبوں میں تعاون کا بھی احاطہ کیا گیا، جن میں ٹیکنالوجی کا استعمال، معلومات کے تبادلے کے نظام، تربیتی اقدامات اور عملے کے تبادلے شامل ہیں۔ دونوں وفود نے گزشتہ اعلیٰ سطحی  میٹنگ کے بعد ہونے والی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف سطحوں پر باقاعدہ روابط برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ہندوستان کی کوسٹ گارڈ گلوبل سمٹ (سی جی جی ایس) کی موجودہ صدارت اور اس کی آئندہ 5 ویں سی جی جی ایس کی میزبانی کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کوسٹ گارڈ فلیٹ ریویو (آئی سی جی ایف آر) بھی بات چیت میں نمایاں طور پر پیش کیا گیا ۔ اس تناظر میں  دونوں فریقوں نے کثیرالجہتی سمندری فورموں میں تعلقات اور تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کیے ۔

جے سی جی نے اپنے  بحری جہاز اور ہوائی جہاز کی تعیناتی کے ذریعے آئی سی جی ایف آر میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ، جو دو طرفہ سمندری تعاون کی گہرائی اور ان مصروفیات سے منسلک اہمیت کی عکاسی کرتی ہے ۔

میٹنگ میں اگست 2025 میں جاری ہند-جاپان مشترکہ اعلامیے کا بھی نوٹس لیا گیا ، جس میں آزاد ، کھلے ، جامع اور ضوابط پر مبنی سمندری نظام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ۔  بات چیت میں مشترکہ اعلامیے میں بیان کردہ اسٹریٹجک وژن کو سمندر میں ٹھوس اور عملی تعاون میں تبدیل کرنے میں آئی سی جی اور جے سی جی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی گئی ۔

دورے کے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر  جے سی جی کا وفد 16 سے 17 جنوری 2026 تک ممبئی کا دورہ کرے گا ، جہاں وہ مزگون ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ کا صنعتی دورہ کریں گے اور سمندری صنعتی اور آپریشنل روابط کو مستحکم کرنے کے مقصد سے پیشہ ورانہ بات چیت میں حصہ لیں گے ۔  اس کے علاوہ جاپان کوسٹ گارڈ نیشنل اسٹرائیک ٹیم (این ایس ٹی) بھی ممبئی کا دورہ کر رہی ہے اور آئی سی جی آلودگی رسپانس ٹیم کے ساتھ مشترکہ مشق کرے گی ، جس میں خطرناک اور زہریلے مادوں کے پھیلنے کے ردعمل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔  اس مشق کا مقصد سمندری آلودگی کے پیچیدہ واقعات پرردعمل دینے میں تیاری ، آپریشنل میں تال میل اور باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ کرنا ہے۔

******

UR-0616

(ش ح۔  م ع ن-ن م)


(रिलीज़ आईडी: 2214847) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी