وزارت دفاع
بھارتی بحریہ کی نئی دہلی میں 2026 کے عالمی کتاب میلہ میں بھارت کے بحری ورثے کی نمائش
प्रविष्टि तिथि:
11 JAN 2026 5:35PM by PIB Delhi
بھارتی بحریہ نئی دہلی میں عالمی کتاب میلہ 2026 میں شرکت کر رہی ہے، جو ادب، علم اور تہذیبی ورثے کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والا ایک نمایاں ثقافتی پروگرام ہے۔
یہ نو روزہ عظیم کتاب میلہ نیشنل بک ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جو وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے۔ اس میلے کا افتتاح معزز وزیرِ تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے کیا۔
اس میلے میں بھارتی بحریہ کی شرکت بھارت کے عظیم بحری ورثے کے تحفظ اور فروغ کے عزم کی توثیق کرتی ہے۔ اس اقدام کی قیادت بھارتی بحریہ کے بحری تاریخ شعبے نے کی ہے، جو بحریہ ہند کا ایک ممتاز تحقیقی ادارہ ہے۔ نیشنل بک ٹرسٹ کے تعاون سے بحری تاریخ شعبے نے بھارتی بحریہ کے لیے مخصوص اسٹال قائم کیے ہیں، جہاں بحریہ کی مستند مطبوعات کے ساتھ نہایت نفاست سے تیار کردہ جہازوں کے نمونہ ماڈلز بھی پیش کیے گئے ہیں۔ یہ نمائش دیکھنے والوں کو بحریہ کے ارتقا، روایات اور عملی مہارتوں سے مؤثر انداز میں روشناس کراتی ہے۔
ہال نمبر پانچ میں قائم بحریہ کے پویلین میں بھارتی بحریہ کی سرکاری تاریخ کے سات جلدی مجموعے (1945 تا 2021) نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف بھارتی بحری جہازوں، آبدوزوں، فضائی دستوں اور اداروں کی تاریخیں، نیز بھارت کی بحری تاریخ پر مبنی کتب بھی پیش کی گئی ہیں تاکہ زائرین کو ملک کے بھرپور بحری اور فوجی ورثے کی بہتر سمجھ حاصل ہو۔
یہ تمام نمائشیں بھارت کے بحری سفر کی ایک دلکش داستان پیش کرتی ہیں، جس میں علمی گہرائی اور بصری دلکشی کا حسین امتزاج موجود ہے۔
علمی سرگرمیوں کے تحت بحری تاریخ شعبے نے 10 جنوری 2026 کو سن 1971 کی جنگ پر مرکوز ایک مذاکرہ منعقد کیا، جس کی نظامت کمانڈر نیرج وششتھ نے کی۔ اس مذاکرے میں کمانڈر وجے پرکاش کپل (وی آر سی، این ایم، ریٹائرڈ) اور معروف دفاعی صحافی سندیپ اُنتھن شریک ہوئے، جنہوں نے بھارتی بحری تاریخ کے ایک فیصلہ کن باب پر گراں قدر خیالات پیش کیے۔
11 جنوری 2026 کو شام 6 بجے سے ہال نمبر پانچ کے تھیم پویلین میں ’’بحری مہمات: ماضی اور حال‘‘ کے موضوع پر ایک اور مذاکرہ منعقد کیا جائے گا۔ اس نشست کی نظامت کمانڈر کلیش موہنن کریں گے، جبکہ کیپٹن پرشانت سی مینن اور کمانڈر نیرج وششتھ بطور مقررین شامل ہوں گے۔ اسی طرح 14 جنوری 2026 کو ’’قواعد پر مبنی عالمی نظام کی تشکیل میں بھارتی بحریہ کا کردار‘‘ کے عنوان سے ایک اہم مذاکرہ منعقد ہوگا، جس کی نظامت اسسٹنٹ پروفیسر ابھیمنیو سنگھ ارہا کریں گے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کمانڈر انوپما تھاپلیال اور لیفٹیننٹ جیوِتیش سہارن اپنے خیالات پیش کریں گے اور بحرِ ہند کے خطے میں بھارتی بحریہ کے کلیدی کردار کو اجاگر کریں گے۔
کتاب میلے کی ایک بڑی خصوصیت بھارتی بحریہ پر مبنی ایک کتاب کی رسمِ اجرا ہوگی، جسے بحری تاریخ شعبے نے تیار کیا ہے اور جس کی نقاب کشائی بحریہ کے سربراہ ایک باوقار تقریب میں کریں گے۔
نمائشوں اور مذاکروں کے علاوہ بحری تاریخ شعبہ نوجوان زائرین سے بھی سرگرم رابطہ قائم کر رہا ہے اور لڑکوں اور لڑکیوں کو بھارتی بحریہ میں کیریئر اختیار کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ بحریہ کی مطبوعات اور اسٹالز عوام کی جانب سے غیر معمولی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔
بھارتی بحریہ نئی دہلی عالمی کتاب میلہ 2026 کے تمام زائرین کو دعوت دیتی ہے کہ وہ اس کی شاندار خدمات اور بھارت کے دائمی بحری ورثے کے بارے میں مزید جانکاری حاصل کریں۔
AFKT.jpg)

Y3E1.jpg)
(1)Y7B6.jpg)
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-419
(रिलीज़ आईडी: 2213473)
आगंतुक पटल : 10