عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
’وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ‘ میں شرکت کرنے والے جموں و کشمیر اور لداخ کے وفد سے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی غیر رسمی ملاقات
ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ کے نوجوانوں کا جوش و جذبہ نئے بھارت کے بدلتے ہوئے بیانیے کا عکاس
وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران اسکول اور کالج کے طلبہ پر مشتمل یہ پُرجوش گروپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنِّی ہنر کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں سے آئے ہوئے ہم عمر نوجوانوں کو مسحور کرتا رہا ہے
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ انوکھا تجربہ، جس کا تصور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پیش کیا، نوجوانوں کو بھارت کے ترقیاتی سفر میں شراکت دار بنانے کی ایک مؤثر کوشش ہے
प्रविष्टि तिथि:
11 JAN 2026 5:04PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم، نیز وزیرِ مملکت برائے وزیر اعظم دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، محکمۂ خلا اور محکمۂ جوہری توانائی، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز زیر انتظام علاقوں سے آئے ہوئے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کی۔
یہ ملاقات نہایت خوشگوار اور غیر رسمی ماحول میں منعقد ہوئی، جس کے دوران وزیر کی جانب سے آئے ہوئے نوجوان شرکاء کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا۔
یہ وفد جموں و کشمیر کے 52 اور لداخ کے 31 نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو قومی دارالحکومت میں وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے تحت نوجوان بھارت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قومی یوتھ فیسٹیول وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہر شریک نوجوان سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کے پس منظر، امنگوں اور قومی سطح کے اس پروگرام میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے وکست بھارت چیلنج ٹریک کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور اختراعی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی اور نوجوانوں کو اس قومی پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
یہ قومی پروگرام 10 سے 12 جنوری 2026 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا اختتام 12 جنوری کو ہوگا۔ اس دن نوجوانوں کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی سے براہِ راست ملاقات اور گفتگو کا موقع بھی حاصل ہوگا۔ قومی یوتھ فیسٹیول ہر سال سوامی وویکانند کی یومِ پیدائش 12 جنوری کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے، جسے قومی یومِ نوجوان کے طور پر منایا جاتا ہے۔
نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ بھارت کا مستقبل نوجوان شہریوں کی توانائی، اختراع اور قیادت پر منحصر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ محض ایک تہوار نہیں بلکہ قوم کی تعمیر کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں خیالات، تخلیقی صلاحیتیں اور قیادت یکجا ہوتی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان صرف ترقی کے فائدہ اٹھانے والے نہیں بلکہ 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں سرگرم شراکت دار اور ہم تخلیق کار ہیں۔
وزیر نے قومی یکجہتی اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ جیسے خطوں کے نوجوان ملک کے سماجی اور ثقافتی تانے بانے کو مضبوط بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس فیسٹیول کے ذریعے ملک بھر کے ہم عمر نوجوانوں سے روابط قائم کریں، بھارت کے تنوع کو سمجھیں اور اختراع، حکمرانی، ثقافت اور سماجی ترقی جیسے شعبوں میں نوجوانوں کی قیادت میں حل پیش کریں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس یقین کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے نوجوان قومی سطح پر اپنے خطوں کی بہترین نمائندگی کریں گے اور مثبت تبدیلی کے سفیر بن کر واپس لوٹیں گے، جو ایک بھارت، شریشٹھ بھارت اور وکست بھارت کے انقلابی ویژن کی روح کو آگے بڑھائیں گے۔




******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-419
(रिलीज़ आईडी: 2213466)
आगंतुक पटल : 9