قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی
قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی اور کرناٹک اسٹیٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے بنگلورو میں بہتر مالیاتی رپورٹنگ نظام کی تشکیل کے موضوع پر مشترکہ آگاہی پروگرام کا انعقاد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 JAN 2026 7:38PM by PIB Delhi
قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی نے 10 جنوری 2026 کو بنگلورو میں یک روزہ آگاہی پروگرام اور ورکشاپ کا انعقاد کیا، جو کرناٹک اسٹیٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔
اس آگاہی پروگرام کا افتتاح قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی کے چیئرمین جناب نتن گپتا نے کیا۔ انہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بھارت کی ترقی اور خوشحالی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے شعبے کی نمایاں خدمات کو سراہا۔
جناب نتن گپتا نے اپنے خطاب میں کرناٹک اسٹیٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ایسوسی ایشن کے اس فعال کردار کی بھی تعریف کی جو وہ اپنے اراکین کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی آڈٹ اداروں، بشمول چھوٹے اور درمیانہ درجے کے آڈٹ اداروں، کو عالمی سطح پر مسابقتی بننے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرنا ہوگا، بالخصوص بڑے اور پیچیدہ اداروں کے آڈٹ کے شعبے میں۔
بنگلورو میں منعقدہ اس پروگرام میں آڈٹ کے شعبے سے وابستہ بڑی تعداد میں ماہرین نے شرکت کی، جن میں چھوٹے اور درمیانہ درجے کے آڈٹ اداروں کے پیشہ ور افراد کے ساتھ ساتھ بڑے آڈٹ اداروں کے نمائندے بھی شامل تھے۔ اس متنوع شرکت نے بامعنی تبادلۂ خیال، مختلف نقطۂ نظر کے اظہار اور مختلف حجم کے اداروں کو درپیش آڈٹ معیار سے متعلق چیلنجز پر گفتگو کو ممکن بنایا، جس سے مجموعی مباحث کو تقویت ملی۔
قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی کے کل وقتی رکن جناب پی ڈینیئل نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور آڈٹ معائنہ کے فریم ورک اور آڈٹ کے معیار کو بہتر بنانے میں معائنوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ معائنوں کے نتائج آڈٹ اداروں کے لیے ایک اہم فیڈ بیک کا ذریعہ بنتے ہیں اور نظام، طریقۂ کار اور پیشہ ورانہ فیصلوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
آگاہی پروگرام کے تحت آڈٹ کے عملی پہلوؤں پر مرکوز تکنیکی نشستیں بھی منعقد کی گئیں، جن میں آڈٹ حکمتِ عملی کی دستاویز سازی، آڈٹ نمونہ کاری، اہم غلط بیانی کے خطرات اور آڈٹ کے اختتامی مراحل جیسے موضوعات شامل تھے۔ ان نشستوں کا مقصد روزمرہ پیشہ ورانہ کام میں آڈٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی حالیہ عرصے میں ملک بھر میں آڈٹ سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے مسلسل آگاہی پروگرام اور ورکشاپس منعقد کر رہی ہے، جو بہتر مالیاتی رپورٹنگ نظام کی تشکیل کے موضوع کے تحت انجام دی جا رہی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد آڈٹ کے معیار کو مضبوط بنانا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
اسی سلسلے میں قومی مالیاتی رپورٹنگ اتھارٹی نے اس سے قبل حیدرآباد میں 26 ستمبر 2025 کو اور اندور میں 6 اکتوبر 2025 کو بھی آگاہی پروگرام منعقد کیے تھے۔

******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-406
(ریلیز آئی ڈی: 2213329)
وزیٹر کاؤنٹر : 41