ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
سی اے کیو ایم نے سنگین خلاف ورزیوں پر این سی آر میں 16 صنعتی اداروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے
प्रविष्टि तिथि:
09 JAN 2026 7:50PM by PIB Delhi
قومی خطہء راجدھانی (این سی آر) اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے جمعہ کے روز این سی آر میں واقع 16 صنعتی اداروں کو بند کرنے کی ہدایات جاری کیں، کیونکہ تفصیلی معائنوں کے دوران سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔
یہ معائنے فضائی آلودگی پر قابو پانے اور قانونی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن کی مسلسل اور سخت نفاذی مہم کے تحت کیے گئے۔ 16 صنعتی یونٹوں میں سے ایک اتر پردیش (این سی آر)، ایک راجستھان (این سی آر) اور باقی 14 یونٹس ہریانہ کے ضلع سونی پت میں واقع ہیں۔
معائنوں میں ماحولیاتی قوانین کی متعدد سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن میں نافذ قوانین کے تحت لازمی کنسنٹ ٹو اسٹیبلش (سی ٹی ای) اور کنسنٹ ٹو آپریٹ (سی ٹی او) حاصل کیے بغیر یونٹس کا قیام اور آپریشن، فضائی آلودگی کنٹرول آلات (اے پی سی ڈیز) کی تنصیب یا مؤثر عمل درآمد میں ناکامی، غیر منظور شدہ ایندھن کا استعمال، جی آر اے پی کے تحت پابندی کے ادوار میں یونٹس کی سرگرمی، ڈیزل جنریٹر (ڈی جی ) سیٹس کا مقررہ معیار پر پورا نہ اترنا، اور صنعتی عمل سے واضح دھواں اور اخراج شامل ہیں۔
کئی معاملات میں یہ بھی پایا گیا کہ صنعتی یونٹس نافذ قوانین، قانونی ہدایات اور ماحولیاتی ضوابط کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے تھے۔ سی اے کیو ایم نے ان کوتاہیوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ متعلقہ یونٹوں کو فوری طور پر بند کیا جائے، جب تک کہ وہ تمام نافذ قوانین اور قانونی ہدایات کی مکمل تعمیل نہ کر لیں۔
کمیشن نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی عدم تعمیل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قانون کے مطابق بندش سمیت دیگر سخت تادیبی کارروائیاں نافرمان صنعتی یونٹس کے خلاف جاری رہیں گی۔ این سی آر میں کام کرنے والی تمام صنعتوں سے دوبارہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ ماحولیاتی ضوابط کی سختی سے پابندی کریں، فضائی آلودگی کنٹرول آلات کی مناسب تنصیب اور مؤثر آپریشن کو یقینی بنائیں اور ہر وقت مکمل تعمیل برقرار رکھیں۔
*****
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 379 )
(रिलीज़ आईडी: 2213060)
आगंतुक पटल : 9