نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

’’منشیات کو نا اور کھیل کو ہاں‘‘آگرہ میں تیسرے سنسد کھیل مہوتسو کے موقع پر نائب صدر کی نوجوانوں سے اپیل


سنسد کھیل مہوتسو بھارت کے نچلی سطح کے کھیلوں کے ویژن کا عکاس: نائب صدر

کھیل نظم و ضبط، کردار سازی اور قومی طاقت کی تعمیر کرتے ہیں: رادھا کرشنن

प्रविष्टि तिथि: 24 DEC 2025 6:37PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نائب صدر، جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن آج اتر پردیش کے تاریخی شہر آگرہ میں منعقدہ تیسرے سنسد کھیل مہوتسو میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ اس تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شائقین کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی، جس نے نچلی سطح پر فروغ پاتی ہوئی کھیلوں کی ثقافت کو نمایاں کیا۔


اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے سنسد کھیل مہوتسو کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کیا۔ کھیلوں سے اپنے ذاتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے بتایا کہ وہ اسکول اور کالج کے زمانے میں ایک سرگرم کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے کالج کی سطح پر ٹیبل ٹینس کے چیمپئن کے طور پر نمایاں کارکردگی دکھائی، طویل فاصلے کی دوڑ میں حصہ لیا اور کرکٹ و والی بال جیسے کھیلوں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا یہی پس منظر انہیں سخت پیدل یاتراؤں اور تقریباً 19,000 کلو میٹر کی رتھ یاترا انجام دینے میں مددگار ثابت ہوا، جو جسمانی فٹنس اور ذہنی مضبوطی کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔

نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی قدیم دانش ہمیشہ ذہن اور جسم کے باہمی ہم آہنگ تعلق کو اجاگر کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کھیلوں کو محض مقابلہ جاتی سرگرمیاں قرار دینے کے بجائے کردار سازی کا ایک طاقتور ذریعہ بتایا، جو نظم و ضبط، ثابت قدمی، ٹیم ورک اور قوانین کی پاسداری جیسی اقدار کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ وہ اقدار ہیں جو فرد کی نشوونما اور قوم کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنسد کھیل مہوتسو جیسے پروگرام نچلی سطح پر ان اقدار کی آبیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

میٹرو شہروں سے باہر کھیلوں کے فروغ پر منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے گزشتہ گیارہ برسوں میں بھارت کے کھیلوں کے نظام میں آنے والی ساختی تبدیلیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں کھیلو انڈیا، فٹ انڈیا موومنٹ اور دیسی کھیلوں کی سرپرستی جیسے اقدامات قومی ترقی کے ایک ہمہ گیر ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔

نائب صدر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں بھارت کی کھیلوں سے متعلق کامیابیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کھیلوں میں خواتین کی شرکت کے لیے مرکوز تعاون پر بھی زور دیا اور اسمیتا ویمنز لیگ جیسے اقدامات کا حوالہ دیا۔

نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے چیلنج پر بات کرتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ کھیل ایک منشیات سے پاک بھارت کی تعمیر کے لیے مؤثر ترین ذرائع میں سے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ’’منشیات کو نہ اور کھیل کو ہاں‘‘ کہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ صحت مند اور متحرک نوجوان ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہوتے ہیں۔

والدین اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کی اہمیت پر زور دیا، اسے کردار سازی اور ذہنی صحت میں سرمایہ کاری قرار دیا۔ انہوں نے ایسے متوازن تعلیمی نظام کی وکالت کی جس میں تعلیم اور کھیل دونوں کو یکساں اہمیت دی جائے۔

سنسد کھیل مہوتسو21 سے25 دسمبر تک آگرہ میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے پانچ روزہ انعقاد کے دوران 33سے زائد ٹیم اور انفرادی کھیلوں کے مقابلوں میں ہزاروں مقامی باشندے حصہ لے رہے ہیں۔


اس تقریب میں مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری اور وزارتِ پنچایتی راج نیز آگرہ سے رکنِ پارلیمنٹ پروفیسر ایس۔ پی۔ سنگھ بگھیل، اتر پردیش حکومت کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر جناب یوگیندر اُپادھیائے اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-3889


(रिलीज़ आईडी: 2208262) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil