سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
نسلوں کے درمیان جذباتی، سماجی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بین النسلی رشتوں کا جشن
प्रविष्टि तिथि:
22 DEC 2025 7:58PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کے محکمۂ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات نے 20 دسمبر 2025 کو پروگریسو ہائٹس اسکول، بیاورا، ضلع راج گڑھ، مدھیہ پردیش میں “سلیبریشن آف انٹر جنریشن بانڈز” کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد مختلف نسلوں کے درمیان جذباتی، سماجی اور ثقافتی رشتوں کو مضبوط بنانا اور فعال و باوقار بڑھاپے کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات جناب ڈاکٹر وریندر کمار، حکومتِ مدھیہ پردیش کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ماہی گیروں کی بہبود و ماہی پروری ترقی جناب نارائن سنگھ پنور، وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنرمندی کی ترقی و روزگار جناب گوتم تیتوال، اور عزت مآب رکنِ پارلیمنٹ، راج گڑھ جناب روڈمل نگر نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سینئر سرکاری افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندے، بڑی تعداد میں طلبہ اور بچوں کے دادا دادی سمیت اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد نسلوں کے درمیان محبت، مکالمے، تعاون اور باہمی احترام کے جذبے کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ اس نوعیت کے اقدامات معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے، اقدار اور روایات کو آگے بڑھانے اور اجتماعی سماجی شعور کو مضبوط بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس تقریب نے نسل در نسل شمولیت، کمیونٹی کی شرکت اور فعال عمر رسیدگی کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ایک جامع اور بزرگ دوست معاشرے کی تشکیل کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کی توثیق کی۔ اس موقع پر اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ بزرگ شہریوں کا تجربہ، دانائی اور اقدار، جب بچوں اور نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور تجسس کے ساتھ مل جاتے ہیں تو ایک متوازن، حساس اور ترقی پسند معاشرے کی تشکیل ممکن ہوتی ہے۔
پروگریسو ہائٹس اسکول میں منعقدہ اس پروگرام میں نسل در نسل اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شامل تھے:
- طلبہ کی جانب سے ثقافتی پروگرام، جن میں رقص، موسیقی اور فنکارانہ پیشکشیں شامل تھیں، جن کے ذریعے نسلوں کے درمیان تعلقات کی اہمیت، بزرگوں کے احترام اور اقدار کے تسلسل کا مؤثر پیغام دیا گیا۔
- بزرگ شہریوں کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن، جس میں انہیں اپنے تجربات، مشاہدات اور اس پہل پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کیا گیا، جس سے نسلوں کے درمیان بامعنی مکالمے کو فروغ ملا۔
- اجتماعی عہد برداری کا پروگرام، جس کی قیادت عزت مآب وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے کی، جس میں تمام عمر کے شرکاء نے بزرگ شہریوں کے احترام، محبت اور دیکھ بھال کے عزم کا اظہار کیا۔ اس عہد برداری سے بزرگ شہریوں کے وقار اور فلاح و بہبود کے تئیں مشترکہ ذمہ داری کے احساس کو تقویت ملی۔
- سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر کی قیادت میں واکاتھون ، جو صحت مند طرزِ زندگی، اتحاد اور فعال زندگی کے لیے بچوں، نوجوانوں اور بزرگ شہریوں کے مشترکہ عزم کی علامت تھا۔ اس واکاتھون نے سماجی ہم آہنگی اور کمیونٹی کی شمولیت کا ایک مؤثر مظاہرہ پیش کیا۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیر سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات جناب ڈاکٹر وریندر کمار نے اس بات پر زور دیا کہ بزرگ شہری تجربے، روایات اور اقدار کے محافظ ہیں اور قوم کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی پر مبنی اقدامات اور نسل در نسل شمولیت کے ذریعے فعال، صحت مند اور باوقار بڑھاپے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
عزت مآب وزیر نے وزارت کے مختلف اہم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، جن میں راشٹریہ ویوشری یوجنا (آر وی وائی) شامل ہے، جس کے تحت بزرگ شہریوں کو نقل و حرکت، بصارت اور سماعت سے متعلق معاون آلات فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ خود مختار اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ملک بھر میں 7.28 لاکھ سے زائد بزرگ شہری اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بزرگ شہریوں کو مدد، رہنمائی اور ہنگامی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایلڈر لائن 14567 کو مضبوط بنانے کا بھی ذکر کیا، جس پر اب تک 27 لاکھ سے زیادہ کالز موصول ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں ثقافتی، کمیونٹی اور آؤٹ ریچ پروگراموں کے ذریعے نسل در نسل تعلقات کو فروغ دینے اور اسکولوں میں دادا دادی کا دن منانے جیسے اقدامات کا بھی حوالہ دیا گیا۔
پروگرام کے دوران معزز وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے بزرگ شہریوں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور ان کے تجربات اور تاثرات سنے۔

یہ تقریب بزرگ شہریوں، بچوں، نوجوانوں اور برادری کے افراد کو احترام، شرکت اور تعاون کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے میں کامیاب رہی۔ ثقافتی اظہار، مکالمے، جسمانی سرگرمی اور اجتماعی عزم کے ذریعے اس پروگرام نے اس پیغام کو مضبوط کیا کہ ایک صحت مند، جامع اور ہمدرد معاشرے کی تعمیر کے لیے نسل در نسل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
وکست بھارت@2047 کے وژن کے مطابق، اس پروگرام نے بزرگ شہریوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا، جو نوجوان نسل کے لیے رہنما اور رول ماڈل ہیں، اور نوجوانوں کو ان کے تجربات سے سیکھتے ہوئے قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ یہ تقریب بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور ایک ہم آہنگ، بااختیار اور جامع ہندوستان کی تعمیر کی سمت ایک بامعنی قدم ثابت ہوئی۔
***
UR-3801
(ش ح۔اس ک )
(रिलीज़ आईडी: 2207559)
आगंतुक पटल : 5