نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
سردار @ 150 نیشنل یونٹی مارچ دوسرے دن ضلع آنندسے ہوکر گزرا
گورنر جناب آر این روی نے کہا، ’’وزیر اعظم مودی کے ویژن وکست بھارت @ 2047 کے لیے ہر شہری کے عزم کی ضرورت ہے‘‘
یونٹی مارچ کے دوسرے دن ثقافتی ورثے، ہم آہنگی اور عوامی شرکت کا جشن منانے کے لیے یوگ شیویر، ’ایک پیڑ ماں کے نام‘، سردار گاتھا اور ڈیرو کا انعقاد
Posted On:
27 NOV 2025 4:37PM by PIB Delhi
سردار@150 نیشنل یونٹی مارچ نے آج ضلع آنند میں دوسرے دن اپنا حوصلہ افزا سفر جاری رکھا۔ یہ مارچ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے تحت میرا یوا بھارت (مائی یووا بھارت) کی قیادت میں نکالاگیا، جس میں ہزاروں نوجوانوں اور شہریوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ورثے کو خراج تحسین پیش کرنے اور ایک بھارت، آتم نربھر بھارت کے پیغام کو تقویت دینے کے لیے حصہ لیا۔دن کا آغاز ناپڈ میں ایک یوگ شیویر سے ہوا، جو پیدل سفر شروع کرنے سے پہلے منعقد کیا گیا۔ اس میں مائی بھارت کے رضاکاروں، پد یاتریوں، طلباء اور مقامی باشندوں نے تندرستی اور اجتماعی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک منظم یوگا سیشن میں حصہ لیا۔ صبح سویرے کے اس پروگرام نے طویل دن کے لیے ایک توانائی بخش رفتار قائم کی۔
یوگ شیویر کے بعد، پد یاتری اسمرتی ون کی طرف بڑھے اور ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم میں حصہ لیا، جو ماحولیات کے تئیں بیداری کو فروغ دینے کے لیے ایک شجر کاری سے متعلق علامتی سرگرمی تھی۔ اس کے بعد پدیاترا اپنے مقررہ 15.7 کلومیٹر کے راستے پر ناپڈ بس اسٹاپ سے آنند-امیٹا روڈ، کھڈول اور آسودر سے گزرتے ہوئے مجکوا اور وہاں سے آنکلاو بس اسٹیشن کی طرف بڑھی۔ مائی بھارت کے رضاکاروں کو پورے راستے پر تال میل، پانی کی فراہمی اور ہجوم کے بند و بست میں مدد فراہم کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا، تاکہ تمام شرکاء کے لیے ایک محفوظ اور ہموار تجربہ یقینی بنایا جا سکے۔
دوسرے دن کا ایک بڑا اہم پروگرام آسودر – آئی ٹی آئی آنکلاو میں منعقدہ سردار گاتھا تھا، جس کا موضوع ’’سردار: گاندھی کا ثابت قدم ساتھی‘‘ تھا۔ سردار گاتھا کے افتتاحی سیشن میں دیپ پراگتیہ (چراغ روشن کرنا) ہوا اور اس کے بعد مقامی شراکت داروں، بشمول کاریگروں اور مزدوروں کو اعزاز دینے کے لیے ایک ’سنمان سمروہ‘ منعقد کیا گیا۔
اسٹیج پر تمل ناڈو کے گورنر جناب آر این روی، مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری پروفیسرایس پی سنگھ بگھیل، صارفین، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم اور سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت جناب بی ایل ورما اور وزیر مملکت، حکومت ہند، محترمہ درشنا جردوش، ضلع اور ریاستی انتظامیہ کے سینئر عہدیدار موجود تھے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، تمل ناڈو کے گورنر جناب آر این روی نے سردار پٹیل کے آہنی عزم اور ملک کو اولیت دینے کے غیر متزلزل جذبے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے آپریشن سندور اور دھرم دھوج کو بھارت کی قیادت، مقصد کے اتحاد اور تہذیبی طاقت کی مثالی نمائش کے طور پر یاد کیا، جو سردار پٹیل کے متحدہ قوم کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ جناب روی نے مزید زور دیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وکست بھارت@2047 کے ویژن کے لیے ہر شہری کے عزم کی ضرورت ہے اور یہ کہ ایک ترقی یافتہ بھارت تبھی حاصل کیا جا سکتا ہے جب ہر شہری انتہائی خلوص کے ساتھ اپنے فرض اور عزم کو برقرار رکھے۔ ان کے تبصرے کا ’’جے سردار‘‘ کےپرجوش نعروں سے استقبال کیا گیا، جس نے اجتماع میں جوش اور حب الوطنی کا اضافہ کیا۔
آنکلاو بس اسٹیشن پر، ’’سردار بطور میئر – جدید احمد آباد کی تعمیر‘‘ کے موضوع پر ایک نمائش کا افتتاح کیا گیا، جس میں بلدیاتی نظم و نسق میں سردار پٹیل کی ابتدائی قیادت اور جدید احمد آباد کی تعمیر میں ان کے اہم کردار کے بارے میں نایاب آرکائیو اہم معلومات کی نمائش کی گئی، اس طرح ان کے انتظامی ویژن کی گہری تفہیم پیش کی گئی۔
دن کا اختتام آنکلاو بس اسٹیشن پر ایک گرام سبھا کے ساتھ ہوگا، جس کے بعد ایک روایتی ڈیرو (مقامی لوک موسیقی اور کہانی سنانے کا پروگرام) ہوگا جس میں گجرات کے بھرپور ثقافتی ورثے کا جشن منایا جاتا ہے۔ شام کے اجتماع کا مقصد پد یاتریوں، مقامی باشندوں اور رضاکاروں کے درمیان اجتماعی تعلق کے گہرے احساس کو فروغ دینا ہے۔
سردار@150 نیشنل یونٹی مارچ، سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150 ویں یوم پیدائش کی ملک گیر یادگاری تقریبات کا ایک اہم حصہ ہے۔ پدیاترا، ثقافتی پروگراموں، نمائشوں اور نوجوانوں کی قیادت میں اقدامات کے ذریعے، مائی بھارت اور نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت ملک بھر کے شہریوں کو سردار پٹیل کے اتحاد، قوم کی تعمیر اور بہترین انتظامی کارکردگی کے دائمی ورثے پر غور کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ جیسے ہی دوسرا دن اختتام کو پہنچتا ہے، یہ مارچ نئے جوش اور اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور تیسرے دن کی تیاری کر رہا ہے، جو ہرے کرشنا مندر، آنکلاو سے شروع ہو کر آرنا لانز، سیواسی کی طرف بڑھے گا۔ پد یاتری بامعنی مصروفیات، عوامی شرکت اور سردار پٹیل کے لازوال نظریات کے مسلسل جشن کے ایک اور دن کے لیے شدت سے منتظر ہیں۔
********
(ش ح۔ک ح۔ع ر)
U No. 1927
(Release ID: 2195468)
Visitor Counter : 4