نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرِ جمہوریہ نے نئی دہلی کی قانون ساز اسمبلی میں ‘یومِ آئین’ کی تقریب میں شرکت کی ؛ جناب وٹھل بھائی پٹیل کے پہلے ہندوستانی اسپیکر منتخب ہونے کے 100 برس مکمل ہونے کے موقع پر ہندوستان کی قانون سازی کے سفر پر مشتمل کافی ٹیبل بُک کا اجراءعمل میں آیا
آئین ایک زندہ دستاویز ہے جو ہندوستان کے جمہوری سفر کی رہنمائی کرتا ہے: نائب صدرِ جمہوریہ
آئینی اقدار کی رہنمائی میں ملک، وکست اور آتم نربھر بھارت کی سمت بڑھ رہا ہے: نائب صدرِ جمہوریہ
گزشتہ دہائی میں 25 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا گیا،انسانی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ہے: نائب صدرِ جمہوریہ
نائب صدرِ جمہوریہ نے دہلی قانون ساز اسمبلی میں مختلف پیشہ ورانہ طبقات کی نمائندگی کی ستائش کی
دہلی کی وزیرِ اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا کی قیادت، خواتین پر مبنی ترقی کے نئے دور کی علامت ہے: نائب صدرِ جمہوریہ
نائب صدرِ جمہوریہ نے ارکانِ اسمبلی سے وکست بھارت@2047 کی تیاری میں تعمیری کردار ادا کرنے کی اپیل کی
Posted On:
26 NOV 2025 5:17PM by PIB Delhi
نائب صدرجمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج دہلی قانون ساز اسمبلی میں منعقدہ ‘یومِ آئین’ کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ہندوستان کے قانون سازی کے سفر پر مبنی ایک کافی ٹیبل بُک جاری کی، جو جناب وِٹھل بھائی پٹیل کے پہلے ہندوستانی اسپیکر منتخب ہونے کے 100 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے شائع کی گئی ہے۔
اپنے خطاب میں نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کا آئین ایک زندہ دستاویز ہے جو ملک کے جمہوری سفر کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئین حکمت، عملی تجربات، قربانیوں اور امید کے امتزاج سے تشکیل پایا، اور یہ اُن کروڑوں لوگوں کی اجتماعی بصیرت، جدوجہد اور خوابوں کا مظہر ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کے لیے کوششیں کیں۔ انہوں نے دستور ساز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قیادت نے یہ یقینی بنایا کہ آئین ہندوستان کی روح اور اس کی امنگوں کو بھرپور انداز میں سموئے۔
نائب صدر نے بتایا کہ 2015 سے ہر سال 26 نومبر کوسمویدھان دیوس کے طور پر منایا جا رہا ہے، جو اب ایک ملک گیر تقریب کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس تقریب کا مقصد شہریوں کے حقوق و فرائض سے آگاہی بڑھانا اور آئین کے بانیوں کے وژن کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس برس ہمارا سمودھان، ہمارا سوا بھیمان کے تحت 2024 میں شروع ہونے والی آئین کے 75 سالہ جشن کی ایک سالہ طویل اختتامی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔
ہندوستان کی امرت کال کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک آئینی اقدار،انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کی رہنمائی میں مسلسل وکست اور آتم نربھر بھارت کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ جس ہندوستان کو کبھی کمزور معیشت کا حامل سمجھا جاتا تھا، آج وہ دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن چکا ہے اور جلد ہی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر ہے۔
مزید یہ کہ گزشتہ دس برسوں میں 25 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا گیا ہے ، جو انسانی تاریخ میں ایک بے مثال کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے 100 کروڑ شہری مختلف سماجی تحفظ کی اسکیموں کے دائرے میں آچکے ہیں۔انہوں نے کہا، “یہ کامیابیاں معمولی نہیں ہیں؛ یہ ایسے سنگِ میل ہیں جو ہمارے آئین سازوں کے خوابوں کی تکمیل کرتے ہیں۔”
نائب صدرِ جمہوریہ نے دہلی قانون ساز اسمبلی میں مختلف پیشہ ورانہ طبقات کی نمائندگی کو سراہا اور اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ اسمبلی میں بزرگ شہریوں، مخنث افراد اور معذور افراد کے لیے مخصوص کمیٹیاں قائم ہیں۔
انہوں نے دہلی کی وزیرِ اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا کی قیادت کی تعریف کی اوران کی قیادت کوخواتین کو بااختیار بنانےکےلئےخواتین کی قیادت میں ترقی کے نئے دور کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی کا قانون ساز اسمبلی بلڈنگ،جو پہلے امپیریل لیجسلیٹو کونسل اور پہلی مرکزی قانون ساز اسمبلی کے ایوان کے طورپر جانا جاتا تھا،نے حقوق، شہریت اور نمائندہ طرزِ حکمرانی پر ہونے والی کئی تاریخی اور بنیادی بحثوں کی میزبانی کی ہے۔
دہلی قانون ساز اسمبلی کی جانب سے ہندوستان کے قانون سازی کے سفر پر مبنی کافی ٹیبل بُک کے اجرا کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر نے 2025 میں آل انڈیا اسپیکرز کانفرنس کی کامیاب میزبانی کو یاد کیا، جو جناب وِٹھل بھائی پٹیل کی تاریخی مدت کارکے 100 برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کافی ٹیبل بُک میں نایاب تصاویر، اہم تقاریر کے اقتباسات، کانفرنس کی تصویری جھلکیاں اور جناب وِٹھل بھائی پٹیل سمیت دیگر قومی رہنماؤں کے آرکائیول مواد شامل ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ آنے والی نسلوں کو ہندوستان کی قانون سازی کی تاریخ سے جوڑے رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔
نائب صدر نے تمام اراکینِ اسمبلی پر زور دیا کہ وہ مکالمے، مباحثے اور مؤثر گفتگو کے ذریعے تعمیری کردار ادا کریں، کیونکہ ان کا کردار وکست بھارت @2047 کی تعمیر میں نہایت اہم ہے۔
اپنےخطاب کے اختتام پر انہوں نے تمام شہریوں سے بنیادی فرائض کی روح کو اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا،“جب ہم اپنے آئین کی اقدار پر عمل کرتے ہیں تودوسروں کے حقوق کا احترام کرتے ہیں، قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرتے ہیں، اپنے فرائض ادا کرتے ہیں اور اتحاد کو برقرار رکھتے ہیں اور ہم اس اہم دستاویز کو بہترین خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔”
نائب صدرِ جمہوریہ نے دہلی اسمبلی کے احاطے میں بھارت رتن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور شری وِتھل بھائی پٹیل کے مجسموں پر پھول بھی چڑھائے۔
اس موقع پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ونے کمار سکسینہ، دہلی کی وزیرِ اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا، دہلی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب وجیندر گپتا، وزراء، ارکانِ اسمبلی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
********
UR-1864
(ش ح۔ع ح۔ ف ر )
(Release ID: 2194874)
Visitor Counter : 7