لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نوجوانوں کو جمہوریت کی روح سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے : لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا


لوک سبھا کے اسپیکرجناب اوم برلا نے جے پور میں یوم دستور کی تقریب میں شرکت کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2025 8:40PM by PIB Delhi

جے پور کی منی پال یونیورسٹی میں منعقدہ یوم دستور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر  جناب اوم برلا نے کہا کہ آئین صرف قوانین کا دستاویز نہیں ہے، بلکہ ہندوستان کی روح اور ہمارے قومی کردار کا رہنما ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے جیسی بنیادی اقدار ہماری جمہوریت کی بنیاد ہیں اور نوجوانوں کے لیے ان کو سمجھنا اور اپنے طرز عمل میں ڈھالنا بہت ضروری ہے۔

جناب برلا نے کہا کہ نوجوانوں کو جمہوریت کی روح سے جوڑنے کے لیے ’’آئین کو جانیں‘‘ جیسے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں، جہاں مختلف ریاستوں اور مختلف ممالک کے طلباء پڑھتے ہیں، ہندوستان کے تنوع کے سب سے خوبصورت پہلو کو ظاہر کرتی ہیں۔ یہ تنوع ہماری طاقت ہے اور آئین اسے ایک ساتھ باندھنے کا کام کرتا ہے۔

جناب برلا نے زور دیا کہ پارلیمنٹ آئین کے مطالعہ کو اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیادہ مضبوطی سے مربوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جب نئی نسل اپنی وراثت اور جمہوری روایات کو سمجھے گی تب ہی ہندوستان کا مستقبل مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو اختراعات اور تحقیق کے عالمی مراکز بننا چاہئے، جس سے ترقی یافتہ ہندوستان کی راہ ہموار ہوگی۔

جناب برلا نے کہا کہ آئین سازی کا عمل آزادی کی تحریک کا تسلسل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک نے طویل جدوجہد، عدم تشدد، قربانی اور بے شمار ایثار کے بعد آزادی حاصل کی۔ تاہم قوم کی تعمیر کا چیلنج اس سے بھی بڑا تھا، جس میں سیکڑوں ریاستیں، ثقافتی تنوع اور بے شمار نظریات شامل تھے۔ انہی حالات میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر، ڈاکٹر راجندر پرساد، سردار پٹیل اور مولانا آزاد سمیت تمام رکن اسمبلی نے تین سال تک وسیع بحث و مباحثہ کیا اور ایک ایسا آئین تیار کیا جو ہر شہری کو انصاف اور حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ آنے والے سالوں میں ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہوں گے، جو علم، اختراع، ٹیکنالوجی اور ثقافت کا متوازن امتزاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوان عالمی چیلنجوں بشمول موسمیاتی تبدیلی، ادویات، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ٹیکنالوجی سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو طلباء میں آئینی اقدار، فرض شناسی اور قومی مفاد کا احساس مزید مضبوط کرنا چاہیے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –ا–ک،ص –ج)

U. No. 1845


(ریلیز آئی ڈی: 2194707) وزیٹر کاؤنٹر : 24
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Punjabi