سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’بھارت جین‘ کو بھارت کا پہلا خود مختار، کثیر لسانی اور کثیر سمتی  اے آئی پر مبنی بڑا لسانی ماڈل قرار دیا


تقریباً1293 کروڑ روپے کی سرکاری مدد سے ’’بھارت جین‘‘ کو متن، تقریر اور وژن پر مبنی سورین اے آئی اسٹیک تیار کرنے میں طاقت ملی

بھارت جین ملک کی 22 سے زائد زبانوں کے لیے متن، تقریر اور مسودے پر مبنی وژن ماڈلز فراہم کرے گا، جس سے جامع ڈیجیٹل ترقی کو فروغ ملے گا

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت کا کثیر لسانی اور کثیر سمتی اے آئی نظام مستقبل کی حکمرانی، اختراع اور عوامی خدمات کی فراہمی کو نئی شکل دے گا

وزیر موصوف نے ’’بھارت جین‘‘ کی کور ٹیم سے ملاقات کی، آئی آئی ٹی بمبئی کے دورے کے دوران منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ایک جامع پریزنٹیشن بھی موصول کی

Posted On: 25 NOV 2025 5:48PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر کے وزیر مملکت، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج آئی آئی ٹی بمبئی کے دورے کے دوران "بھارت جین" کو بھارت کا پہلا خود مختار، کثیر لسانی اور کثیر سمتی اے آئی پر مبنی بڑا لسانی ماڈل قرار دیا۔

وزیر  موصوف نے ’بھارت جین‘ کی کور ٹیم سے ملاقات کی، پروجیکٹ کے تحت جاری کام کا جائزہ لیا، اور ایک جامع پریزنٹیشن بھی حاصل کی۔

اس کے بارے میں، پروفیسر گنیش رام کرشنن، پروفیسر اِن چارج، بھارت جین، نے تفصیل سے بتایا کہ یہ ماڈل کیسے کام کرتا ہے، اس کے مقاصد کیا ہیں، اور اسے مستقبل کے لیے قومی اے آئی اثاثے کے طور پر کیسے تیار کیا جا رہا ہے۔ پریزنٹیشن میں پروفیسر شیریش کیدارے، ڈائریکٹر، آئی آئی ٹی بمبئی؛ پروفیسر ابھیہ کرنڈیکار، سیکریٹری، محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی؛ اور پروفیسر کستوری ساہا (کوانٹم سینسنگ و میٹرولوجی ہب) کے ساتھ بھارت جین ٹیم کے اراکین نے شرکت کی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو بتایا گیا کہ بھارت جین بھارت کی پہلی خود مختار کوشش ہے جس کا مقصد ایسا بڑا لسانی ماڈل تیار کرنا ہے جو ملک کی لسانی، ثقافتی اور سماجی تنوع کی حقیقی عکاسی کرتا ہو۔ بائیس سے زیادہ بھارتی زبانوں کی معاونت کے لیے تیار کیا گیا یہ ماڈل تین بڑی جہتوں—متن، آواز اور دستاویزی وژن—کو یکجا کرتا ہے تاکہ یہ معلومات کو اسی طرح سمجھ، تخلیق اور تشریح کر سکے جیسے بھارتی شہری قدرتی طور پر بات چیت کرتے ہیں۔ وزیر کو بتایا گیا کہ اس مشن کا مقصد ایک جامع ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر ہے، جہاں ہر بھارتی زبان، بولی اور علاقائی تناظر ملک کی اے آئی صلاحیتوں میں شامل ہو۔ یہ پروجیکٹ بھارت کو سرحدی ٹیکنالوجیز  (فرنٹیئر ٹیکنالوجیز) میں عالمی رہنما بنانے کے وسیع تر قومی وژن سے ہم آہنگ ہے—ایک ایسا ہدف جس پر وزیر اعظم  جناب نریندر مودی مسلسل زور دیتے آئے ہیں—جنہوں نے بارہا اس بات کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ ٹیکنالوجی بھارت کی طاقتوں سے جڑی ہو، بھارت کی ضروریات کو پورا کرے، اور دنیا میں بھارت کے نقطۂ نظر سے حصہ ڈالے۔

پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ بھارت جین کو محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے ’نیشنل مشن آن اِنٹَر ڈسپلنری سائبر-فزیکل سسٹمز(این ایم-آئی سی پی ایس)‘ کے تحت تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے لیے 235 کروڑ روپے آئی آئی ٹی بمبئی کے ٹیکنالوجی انوویشن ہب کے ذریعے مختص کیے گئے ہیں۔ آئی آئی ٹی بمبئی کی قیادت میں قائم اس کنسورشیم میں آئی آئی ٹی مدراس، آئی آئی ٹی کانپور، آئی آئی ٹی منڈی، آئی آئی ٹی حیدرآباد، آئی آئی آئی ٹی حیدرآباد، آئی آئی ٹی کھڑگپور، آئی آئی  ایم اندور اور آئی آئی  آئی ٹی دہلی جیسے ممتاز ادارے شامل ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے نوٹ کیا کہ ایسے اداروں کا یکجا ہونا تعاون پر مبنی، مشن ڈرائیون تحقیق کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے اور بھارت کی ڈیپ  ٹیکنالوجی اختراعات میں بڑھتی ہوئی قوت کی عکاسی کرتا ہے۔

بھارت جین کے ایک کلیدی حصے—بھارت ڈیٹا ساگر—کو ملک میں کیے جانے والے سب سے بڑے اور جدید ڈیٹا اقدامات میں سے ایک کے طور پر بیان کیا گیا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ بھارت ڈیٹا ساگر بھارت کے ڈیجیٹل علمی وسائل پر مکمل ملکیتی حق اور کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ بڑے پیمانے پر بھارت-مرکز ڈیٹا جمع کرنے اور اس کی درجہ بندی کے ذریعے—جس میں مختلف شعبوں سے افراد، ادارے اور تنظیمیں شامل ہیں—اس پہل کا مقصد ایسے ڈیٹا سیٹس تیار کرنا ہے جو بھارت کی روزمرہ حقیقت، ثقافتی باریکیوں اور علاقائی تنوع کو محفوظ کریں۔ اس سے نہ صرف اے آئی کی درست کارکردگی ممکن ہوگی بلکہ طویل مدت میں بھارت کی ڈیجیٹل خود مختاری بھی مضبوط ہوگی۔

وزیرموصوف نے اب تک جاری کیے گئے بھارت جین کے ماڈلز کا جائزہ لیا۔ ٹیم نے پرم-1 پیش کیا، جو 2.9 بلین پیرامیٹرز پر مشتمل ایک بنیادی متن ماڈل ہے، جسے 7.5 ٹریلین ٹوکنز پر تربیت دی گئی ہے، جن میں سے ایک تہائی سے زیادہ بھارتی مواد پر مشتمل ہے۔ بھارت جین نے شروتم  بھی تیار کیا ہے، جو 30 ملین پیرامیٹرز والا آٹومیٹک آواز کی شناخت کرنے والا سسٹم ہے؛ اور سوکتَم ، جو 150 ملین پیرامیٹرز والا متن کو آواز میں تبدیل کرنے والا ماڈل ہے اور نو بھارتی زبانوں میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ، پروجیکٹ نے پترم بھی تیار کیا ہے، جو بھارت کا پہلا ڈاکیومنٹ وژن ماڈل ہے، 7 بلین پیرامیٹرز اور 2.5 بلین ٹوکنز پر تربیت یافتہ، جو بھارتی طرز کے پیچیدہ دستاویزات کو سمجھنے اور تشریح کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے اس بات کی ستائش کی کہ یہ تمام ماڈلز مل کر بھارت کے لیے ایک مکمل اے آئی اسٹیک—متن، آواز اور وژن—تشکیل دیتے ہیں، جو حکمرانی، صنعت، تعلیم، زراعت، صحت اور ڈیجیٹل شمولیت کی بے شمار ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

گفتگو کے دوران ٹیم نے بھارت جین پر تیار کی گئی چند خیال کے ثبوت کے طور پر ایپلی کیشنز کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ ان میں کِرشی ساتھی بھی شامل تھا، جو ایک آواز سے چلنے والا واٹس ایپ مشاورتی ٹول ہے، جو کسانوں کو اپنی زبان میں سوال پوچھنے اور فوری رہنمائی حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح ای-وِکراے آئی ایک ایسا نظام ہے جو صرف ایک تصویر سے از خود مصنوعات کی تفصیل تیار کر سکتا ہے، تاکہ چھوٹے کاروباری اپنی ڈیجیٹل موجودگی کو بڑھا سکیں۔ اس کے علاوہ ڈوک بَوْدھ بھی پیش کیا گیا، جو پترم سے تقویت یافتہ دستاویزی سوال و جواب پلیٹ فارم ہے، جو پیچیدہ تحریری مواد کو عام شہریوں کے لیے بآسانی قابل فہم بناتا ہے۔وزیر موصوف نے مشاہدہ کیا کہ ایسی ایپلی کیشنز واضح طور پر دکھاتی ہیں کہ مصنوعی ذہانت کس طرح عام لوگوں کی روزمرہ زندگی میں براہِ راست بہتری لا سکتی ہے اور سرکاری خدمات کو آخری درجے کے مستفیدین تک مزید قابل رسائی بنا سکتی ہے۔

ٹیم نے ڈاکٹر سنگھ کو آگاہ کیا کہ بھارت جین کو آئی بی ایم، زوہو، ناسکام اور متعدد وزارتوں—جن میں وزارتِ پانی و صفائی  بھی شامل ہے—کے ساتھ گہرے صنعتی شراکت داری کے ذریعے مضبوط بنایا جا رہا ہے، نیز ریاستی حکومتوں، جیسے مہاراشٹر، کے تعاون سے بھی۔ یہ اشتراکات بھارت کی ڈومین مہارت، مقامی ڈیٹا سیٹس اور شعبہ مخصوص چیلنجز کو یکجا کرتے ہیں، جس سے بھارت جین ملک کے لیے ایک قابل توسیع، قابل نفاذ اور مؤثر اے آئی ایکو سسٹم کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ وزیر نے کہا کہ حکومت اور صنعت کے اس مشترکہ نقطۂ نظر سے بھارت کا وہ عزم جھلکتا ہے کہ ٹیکنالوجی تعاون پر مبنی، شفاف اور قومی ملکیت پر مبنی ہونی چاہیے—ایک ایسا وژن جو وزیر اعظم کے اس نظریے سے ہم آہنگ ہے: "عوام کے لیے ٹیکنالوجی، عوام کے ذریعے ٹیکنالوجی، اور عوام کی ٹیکنالوجی"۔

مزید یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت جین کو حال ہی میں وزارتِ الیکٹرانکس و آئی ٹی کی جانب سے انڈیا اے آئی مشن کے تحت 1,058 کروڑ روپے کی اضافی معاونت فراہم کی گئی ہے، جس سے یہ ایک ملک گیر کوشش بن گئی ہے جس کا مقصد بھارت کا خود مختار اے آئی مواد تیار کرنا ہے۔ ڈی ایس ٹی اور میٹّی کی یہ مشترکہ معاونت اس بات کی علامت ہے کہ حکومت بھارت کو عالمی سطح پر اے آئی کی ترقی میں ایک نمایاں شراکت دار کے طور پر مستحکم کرنے کے لیے طویل مدتی وابستگی رکھتی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے مشن اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت اگلی ڈیجیٹل تبدیلی کی لہر کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہے، اور یہ اس کی صلاحیت کو مستحکم کرتے ہیں کہ وہ اے آئی، کوانٹم، خلاء، سائبر-فزیکل سسٹمز اور گہری ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں رہنمائی کر سکے۔

ڈاکٹر سنگھ نے بھارت جین کے وسیع پیمانے، اس کی بلند نظری اور تکنیکی گہرائی کی تعریف کرتے ہوئے اسے بھارت کے ٹیکنالوجیکل خود انحصاری کے سفر میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جین محض ایک ٹیکنالوجی پروجیکٹ نہیں بلکہ ایک قومی کوشش ہے، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مستقبل کی اے آئی 1.4 ارب بھارتیوں کی امنگوں، زبانوں اور روزمرہ تجربات کی عکاسی کرے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ بھارت جین جیسے اقدامات وزیر اعظم کے اس وژن کو مجسم کرتے ہیں جس کا مقصد ہر شہری کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانا، ایسے نظام قائم کرنا ہے جو جامع، قابلِ اعتماد اور مقامی طور پر مربوط ہوں، اور یہ یقینی بنانا ہے کہ بھارت کی ڈیجیٹل کہانی خود بھارت کے ہاتھوں لکھی جائے۔

وزیرموصوف نے اختتام میں بھارت جین کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایسے ماڈل تیار کرتے رہیں جو عالمی معیار پر پورے اتریں لیکن اپنی شناخت میں منفرد ہندوستانی ہوں، جو توسیع پذیر بھی ہوں اور عام شہریوں کے لیے قابلِ رسائی بھی، اور جو تکنیکی طور پر جدید ہونے کے ساتھ ساتھ استعمال میں بھی اتنے آسان ہوں کہ عوام براہِ راست ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جین بھارت کے ڈیجیٹل عشرے کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ملک کو عالمی اے آئی منظرنامے میں بامعنی شراکت داری کے قابل بنائے گا۔

*****

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  1999 )


(Release ID: 2194340) Visitor Counter : 6